تازہ ترین
آصفؔ اظہارعلی کے مجموعۂ کلام ’’الفاظ کی سرگوشیاں‘‘کی رسمِ اجراءدارالعلوم کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر دینا ہوگاچارجمعروف ٹی وی صحافی دارین شاہیدی کی والدہ ناہید صغریٰ کا انتقال، گیا میں سپرد خاکمدرسہ قاسمیہ بحر العلوم بارو، بیگوسرائے میں مفتی عین الحق امینی قاسمی کی تصنیف کا رسمِ اجراصحت سے متعلق تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں کیا جائےمکملدہلی میں 180 مقامات پرنصب کیے جائیں گے 540 پبلک ای وی چارجرز30 علاقوں میںآج نہیں ہوگی پانی کی سپلائی ، DJB نے جاری کی ایڈوائزریووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کی آج آخری تاریخ
uttar pradesh

آصفؔ اظہارعلی کے مجموعۂ کلام ’’الفاظ کی سرگوشیاں‘‘کی رسمِ اجراء

علی گڑھ: خیابانِ ادب علی گڑھ کے زیرِ اہتمام ثمر ہائوس دھرہ معافی علی گڑھ میں ایک ادبی تقریب میں معروف ادیبہ آصفؔاظہار علی کے تازہ ترین مجموعۂ کلام’’الفاظ کی سرگوشیاں‘‘ کی رسمِ اجراء پدم شری پروفیسر سید ظل الرحمان،پروفیسر عفت آراء،پروفیسر صغیر افراہیم کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
پروگرام میں علی گڑھ اور بیرونِ علی گڑھ سے کافی تعداد میں محبانِ اردواور ادیبوں نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت پروفیسر سید ظل الرحمان نے کی جب کی نظامت کے فرائض فائزہ عباسی نے بحسن و خوبی انجام دئیے۔اس موقع پر پروگرام کے منتظم پروفیسر صغیر افراہیم نے کہا کہ ’’آصفؔ اظہارعلی کا خاصہ یہ ہے کہ وہ نہ صرف ایک اچھی افسانہ نگار ہیں بلکہ شاعری کے حوالے سے بھی ان کی پہچان ہے۔اس سلسلے سے ان کے دو افسانوی مجموعے اور دو شاعری کے مجموعے منظرِ عام پر آچکے ہیں۔یہ پانچواں مجموعہ ’’الفاظ کی سرگوشیاں‘‘ ان کا شعری مجموعہ ہے جس میں ان کی غزلیں اور نظمیں شامل ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ مجموعہ بھی قارئین کو پسند آئے گا‘‘۔پروگرام میں ڈاکٹر سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی،ڈاکٹر مجیب شہزرؔ،انجم قدوائی، پروفیسر عفت آراء، اور استاد الشعراء ڈاکٹر الیاس نویدؔ گنوری نے بھی شاعرہ کے کلام پر گفتگو کی۔ڈاکٹر سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی نے کہا کہ ’’آصفؔ اظہار علی کی شاعری سادگی میں حسن رکھتی ہے۔ان کے کلام میں لفظ چراغ استعارے کی صورت میں ابھر کر سامنے آتا ہے‘‘۔ڈاکٹر مجیب شہزرنے ان کی نظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’موصوفہ کی نظمیں پیچیدگی سے دورہیں ان کے یہاں بہترین الفاظ کا انتخاب نظر آتا ہے۔
ان کی نظمیں طویل نہ ہوکر مختصر ہوکر بھی دلوں پر اپنا مکمل اثر کرتی ہیں‘‘۔انجم قدوائی نے مصنفہ کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ’’ چونکہ آصف اظہار علی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طالبہ رہی ہیں اس لئے انھوں نے علی گڑھ سے بہت کچھ حاصل کیا ان کاذوق یہیں پروان چڑھا جو آج تک انھیں ادب کی خدمت پر مامور کئے ہوئے ہے‘‘۔
پروفیسر عفت آراء نے کہا کہ ’’شاعرہ کی شاعری روایت اور جدیدیت کی پاسدار ہے ان کی شاعری میں انگریزی شاعری کے نقوش بھی ملتے ہیں اور مشرقی تہذیب و تمدن کے عناصر بھی نظر آتے ہیں‘‘۔ڈاکٹر الیاس نویدؔ گنوری نے کہا کہ ’’حقیقت میں شعر وہی ہوتا ہے جو دل سے نکلتا ہے اور دل پر اثر کرتا ہے۔موصوفہ کی شاعری میں یہ رنگ موجودہے‘‘۔پروگرام میں شرکت کرنے والوں میںپروفیسرطارق چھتاری،پروفیسر امان اﷲ،پروفیسر شافع قدوائی،پروفیسر راحت ابرار،ایم خورشید خاں،زبیر احمد،افضل بیگ،سرورؔ پٹیالوی وغیرہ وغیرہ نے شرکت کی۔آخر میں آصفؔ اظہار علی نے حاضرین کو اپنی غزلوں سے محظوظ کیا اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں انجینئر اظہار علی کا اہم کردار رہا۔

 

متعلقہ خبریں