تازہ ترین
پٹنہ میں 11 تھانوں کے 72 پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے کا حکم، مقررہ ہدف پورا نہ کرنے پر ایس پی کی بڑی کارروائیاےایم یو الومنائی ایسوسی ایشن، ارریہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ مقابلہ میں ضلع کے 18اسکول کے طلبہ اور طالبات نے لیا حصہمجلس شعرادب کشن گنج کے زیرِ اہتمام تقریب تقسیم ایوارڈ کا انعقاد,پروفیسر انور ایرج، رضی احمد تنہا اور رضوان ندوی ایوارڈ سے سرفرازجنتر منتر اب ہوا خاموش،نہیں کر سکیں گے احتجاجدہلی ہائی کورٹ کا پولیس سے سوال، اے پی سی آر کے سکریٹری ندیم خان کی مبینہ حراست پر نوٹسجیور ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازیںہوں گی شروعطالبات کی شکایات کا موثر ازالہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح: ریکھاجمہوری نظام میں پُرامن احتجاج عوام کااختیار،چراغ پاسوان نے اپنے ہی اتحاد کے وزیر جیتن رام مانجھی کے بیان پرکیا جوابی حملہ
Bihar

مجلس شعرادب کشن گنج کے زیرِ اہتمام تقریب تقسیم ایوارڈ کا انعقاد,پروفیسر انور ایرج، رضی احمد تنہا اور رضوان ندوی ایوارڈ سے سرفراز

(پی این این)
کشن گنج: ’مجلسِ شعر و ادب کشن گنج‘ کے زیرِ اہتمام قلبِ شہر چوری پٹی کشن گنج میں واقع’ کلام ہاؤس‘ کے وسیع ہال میں ایک پُر وقارتقسیم ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں تین اہم شخصیات کوایوارڈ سے نوازا گیا ۔
واضح رہے کہ سالِ گزشتہ سے’مجلسِ شعر و ادب‘نے سیمانچل کے قلم کاروں کی علمی، ادبی، شعری، تنقیدی، تحقیقی اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں سیمانچل ہی سے تعلق رکھنے والے مشاہیرِ علم و ادب سے منسوب ایوارڈ کی تقسیم کی روایت شروع کی ہے ۔
چناں چہ اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے سالِ رواں بھی مجلسِ شعرو ادب نے معروف شاعر، نقاد اورممتاز ادیب پروفیسر انور ایرج پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج رپولی ، پورنیہ کو’ مولانا عیسیٰ فرتاب ایوارڈ برائے شاعری 2026 ‘ ، ممتاز شاعر ، افسانہ نگار، ادبی صحافی اور معروف سہ ماہی ادبی جریدہ ’ ابجد ‘ ارریا کے سابق مدیر رضی احمد تنہا کو ’ اکمل یزدانی ایوارڈ برائے صحافت2026 ‘ اورسرزمینِ ہری پور کے قاضی خانوادے کی علمی و تہذیبی روایت کے امین اور نئی نسل کے محقق ، شاعر، ادیب اور عروض داں رضوان ندوی کو’ پروفیسر احمد حسن دانش ایوارڈ رائے تحقیق و تنقید 2026‘سے نوازا گیا ۔ اس باوقار تقریب ِتقسیم ایوارڈکی صدارت ممتاز عالمِ دین، معروف صحافی اور پندرہ روزہ اخبار ’ ضمانت حق ‘ کشن گنج کے مدیر مولانا نعیم الدین قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جدید لب و لہجے کے استاد شاعر اور مجلسِ شعر و ادب کے بانی جہانگیر نایاب نے اپنے منفرد انداز میں انجام دیے۔
سب سے پہلےمجلسِ شعر و ادب کے جزل سکریٹری ممتاز ادیب و شاعر معروف اسلامی اسکالر آفتاب اظہر صدیقی نے ایوارڈ یافتگان اور سیمانچل اور مغربی بنگال سے آئے ہوئے جملہ مہمانانِ خصوصی ، شعرا،ادبا اور سامعین کا پُر تپاک استقبال کیا ۔بعد ازاں’مجلسِ شعر و ادب‘ کے سکریٹری معروف ادیب، نقاد ، انشائیہ نگار، شاعر اور صحافی ڈاکٹرطیب فرقانی نے مجلسِ شعر و ادب کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس کے بعد جہانگیر نایاب نے باقاعدہ تقریب کا آغاز کیا ۔ سب سے پہلے مجلس شعر وادب کے ذمہ داران کی طرف سے آئے ہوئے مہمانانِ گرامی اور ایوارڈ یافتگان کا گل دستوں سے استقبال کیا گیا ۔
اس کے بعد تقسیم ایوارڈ کا سلسلہ شروع ہوا۔ تینوں ایوارڈ یافتگان پروفیسر انور ایرج، رضی احمد تنہا اور رضوان ندوی کی شال پوشی کی گئی اور انھیں مومنٹوز، منظوم سپاس نامے( شاعر پروفیسر قسیم اخترصدر مجلسِ شعرو ادب) اور توصیفی اسناد پیش کئے گئے ۔ اس کے بعد ایوارڈیافتگان کے تعارف کا سلسلہ شروع ہوا ۔ معروف افسانہ، فکشن کے معتبر ناقد اور سہ ماہی ادبی جریدہ ‘ ابجد’ ارریا کے مدیر رفیع حیدر انجم نے رضی احمد تنہا پر نہایت عمدہ ’ خاکہ‘ پیش کیا جو ایک جامع تعارف تھا، جسے سامعین نے کافی سراہا، پروفیسر انوار ایرج کی شخصیت شاعری اور ادبی و تنقیدی خدمات حوالے سے معروف شاعر ، ادیب ، نقاد اور ناول نگار پروفیسر قسیم اختر صدر شعبۂ اردو مارواڑی کالج کشن گنج نے بہت عمدہ و دل کش تعارف پیش کیا اور معرف افسانہ نگار ، شاعر اور محقق احسان قاسمی نے رضوان ندوی کی علمی ، تحقیقی، شعری ، عروضی خدمات اور ان کے خاندان کے شعری و ادبی پسِ منظر کے حوالے سے نہایت جامع اور عمدہ تعارف پیش کیا ۔
اس تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سےمعروف افسانہ نگار دو افسانوی مجموعے کے خالق رفیع حیدرانجم ، معروف شاعر ، محقق ، نقاد،نصف درجن سے زائد شعری ، تنقیدی، افسانوی اور تحقیقی کتابوں کے مصنف احسان قاسمی، معروف شاعر، مصوِّراور دانش وردین رضا اختر ، ممتاز شاعر حشمت صدیقی، پروفیسر احسن عالم، معروف شاعر و ادیب پروفیسر مجاہد حسین صدر شعبۂ اردو ، پورنیہ کالج ، پورنیہ ، ممتاز دانش ورماسٹر زاہد الرحمان پدم پور اسٹیٹ، ماہر تعلیم سفیر الدین راہی ڈائریکٹر اوریکل پبلک اسکول چکلہ کشن گنج،بہزاد دانش ، ڈاکٹر شہزاد دانش ، فیضان دانش ( فرزندانِ پروفیسر احمد حسن دانش مرحوم ، پورنیہ)، تفہیم الرحمان مسلم بھائی اورخواجہ محمد ریحان (فقیر ٹولی امور) نے شرکت کی۔

اس موقع پر رفیع حیدر انجم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ایوارڈ یافتگان کو دلی مبارک باد پیش کی اور ‘مجلس شعرو ادب’ کی خدمات کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ ‘مجلس ادب کشن گنج’ نے اپنے محدود وسائل کے باوجود یہاں کے قلم کاروں کے اعتراف ہنر اور حوصلہ افزائی کا جو سلسلہ شروع کیا وہ یقیناً لائق ستائش ہے۔اس کے لیے جملہ ذمہ داران وعہدے دارن’ مجلس شعر وادب‘ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ دین رضا اختر نے بھی اپنے تاثرات کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعترافِ ہنر اورپذیرائی سے قلم کاروں میں مزید تخلیقی کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتاہےاور ادبی سفر کو جاری رکھنے کی تحریک ملتی ہے ، اس موقع پر احسان قاسمی نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا انھوں نے کہا کہ آج کے اس مصروف دور میں’ مجلس شعروادب‘ اردو شعر و ادب کے فروغ میں نمایاں اور کلیدی کردار ادا کررہی ہے جس کےلیے ذمہ داران بالخصوص جہانگیر نایاب ، پروفیسر قسیم اختر ، مولانا آفتاب اظہر صدیقی، ڈاکٹر طیب فرقانی ، کمیل بلیاوی اور عمران علیمی شاہد ( شبو بھاءی) مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر مجاہد حسین نے بھی اظہار کرتے ہوئےمجلس شعر و ادب کی فعالیت اور قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس کے اس اقدام کی ستایش کی ۔ اس موقع پر ایک شاندار شعری نشست بھی منعقد ہوئی جس کی صدارت ارریا سے آیے ہویے کہنہ مشق شاعر دین رضا اختر نے کی ۔ جس میں رضی احمد تنہا، دین رضا اختر،احسان قاسمی، رضوان ندوی، پروفیسر احسن عالم، پروفیسر انور ایرج، عذیق الرحمان صارم ، پروفیسر مجاہد حسین، دانش اقبال ، حشمت صدیقی،زیڈ رحمان رازی، جہانگیر نایاب، پروفیسر قسیم اختر، آفتاب اظہر صدیقی ،ممتاز نیر، ڈاکٹر طیب فرقانی ، عمران علیمی شاہد، کمیل احمد بلیاوی ، نجم السحر ثاقب، آرزو صابر، شہباز مظلوم پردیسی، محسن دیناج پوری ، سید جعفر امام ، سعید الرحمان ، رونق مرشد آبادی اور شمس تبریز نے اپنے کلام پیش کیے جسے سامعین نے کافی سراہا اور شعرا کو داد و تحسین سے نواز ا۔ تقریب کے اختتام پر اس تقریب کے میزبان اور مجلسِ شعر و ادب کے نہایت متحرک رکن اور شاعر جناب عمران علیمی شاہد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ مجسِ شعر و ادب کے صدر پروفیسر قسیم اختر نے 2027 کے ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ تقریب کے اختتام کے بعد ، پرتکلف ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ۔

 

 

متعلقہ خبریں