(پی این این)
دیوبند:دیوبند میں سنیچر کے روز صبح کے وقت ایک سڑک حادثہ میں چارلوگوں کی موت واقع ہوگئی ۔ان کے علاوہ دس سے زائد لوگ بری طرح زخمی ہوگئے ،یہ حادثہ سہارنپور ،مظفر نگر ہائی وے پر دیوبند میں واقع فلائی اوور پر اس وقت پیش آیا جب تقریباً 16-17لوگوں سے بھری ہوئی ایک ٹرالی کو پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماردی ۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ سب عقیدت مندمیرٹھ کے سردھنہ علاقہ کے کساولی گائوں کے باشندے ہیں جو شاکمبھری دیوی کے دربار سے جیوتی لے کر اپنے گائوں واپس جارہے تھے ۔لیکن جیسے ہی ٹریکٹرٹرالی دیوبند کے فلائی اوور پر پہنچی تو پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو زور دار ٹکر ماردی ۔جس کے بعد موقع پر افراتفری کا عالم پیدا ہوگیا اور دونوجوانوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔جبکہ باقی زخمی افراد کو علاج کے لئے پولیس اور راہگیروں کی مدد سے اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ڈاکٹر وں نے کئی لوگوں کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے میرٹھ کے لئے ریفر کردیا ۔لیکن میرٹھ پہنچنے سے پہلے ہی شدید طور پر زخمی دو نوجوانوں کی موت ہوگئی ۔تمام زخمی لوگوں کو بہتر علاج کے لئے ضلع انتظامیہ نے بڑی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ۔سہارنپور کے ڈی ایم اورایس ایس پی نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لئے سرکاری اسپتال پہنچایا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں بہتر علاج اور نگرانی کے لئے سہارنپور کے چیف میڈیکل آفیسر کو بھی ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔
وہیں دوسری جانب دیوبند میں ہونے والے زبردست سڑک حادثہ پر صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمی افراد کے بہتر علاج کے احکامات دیئے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے افراد کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ ان سے رابطہ کرکے ہرممکنہ مدد پہنچانے کے اقدامات کریں ۔بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے افسران اورچیف میڈیکل آفیسر سے سڑک حادثہ میں زخمی ہونے والے تمام عقیدت مندوں کا بہتر سے بہتر علاج کرانے کے اقدامات کرنے کو کہا ہے اور زخمی افراد کے جلد صحت مند ہونے کی دعاکی ہے ۔ واضح ہوکہ فلائی اوور پرہونے والے اس شدید حادثہ میں چار لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ ایک درجن سے زائد افراد شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں ان تمام زخمی افرادکاعلاج سہارنپور ،مظفر نگر اورمیرٹھ سمیت دیگر اسپتالوں میں سخت نگرانی میں کیا جارہا ہے ۔
دیوبند فلائی اوور پراندہناک حادثہ،4افراد کی موت، ایک درجن سے زائد افراد شدید زخمی
