(پی این این)
سیتامڑھی:قومی یومِ صحافت کے موقع پر ضلع انتظامیہ اور پریس کلب، سیتامڑھی کے مشترکہ اہتمام سے منگل کے روز پریس کلب کے احاطے میں ’’صحافت: مقبولیت پسندی یا ذمہ دارانہ صحافت‘‘ کے موضوع پر ایک اہم مذاکرہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر صحافت کے بدلتے ہوئے رجحانات، سماجی ذمہ داری، غیر جانبداری، اعتبار اور عوامی مفاد سے وابستہ مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ضلع مجسٹریٹ تنئے سلطانیہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت رنجن، ضلع تعلقاتِ عامہ افسر کمل سنگھ اور پریس کلب کے صدر راکیش رنجن نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے کیا۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کا گلدستہ پیش کرکے اور شال اوڑھا کر استقبال کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت نوینت کمار نے انجام دی۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ تنئے سلطانیہ نے کہا کہ جمہوری نظام میں صحافت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صحافت سماج اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ صحافیوں کو خبروں کی اشاعت سے قبل حقائق کی تصدیق کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دینی چاہیے۔ عوامی مفاد سے وابستہ مسائل کو نمایاں طور پر سامنے لانے کے ساتھ سماج میں مثبت بیداری پیدا کرنا بھی صحافت کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خبروں کی ساکھ ہی صحافت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ڈیجیٹل دور میں اطلاعات کی تیز رفتار ترسیل کے درمیان خبروں کی صداقت اور اعتبار کو برقرار رکھنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہوگیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت رنجن نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے۔ صحافیوں کی ذمہ داری صرف عوام تک خبریں پہنچانا نہیں، بلکہ سماج کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھانا ہے۔ غیر جانبدارانہ اور حقائق پر مبنی صحافت سے عوام میں بیداری پیدا ہوتی ہے اور نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خبروں میں سنسنی خیزی کے بجائے حقائق، سچائی اور عوامی مفاد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ صحافت کی آزادی کے ساتھ اس کی ذمہ داری اور اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنا بھی بے حد ضروری ہے۔
پروگرام میں پریس کلب کے صدر راکیش رنجن، خزانچی دیپک کمار، راجیو کمار، مجلسِ عاملہ کے رکن فنیندر جھا، صحافی محمد ارمان علی، مظفر عالم والمیکی کمار، اشتیاق عالم، محمد معراج عالم، رنجیت بہاری، رتک جھا، ثاقب رضا، مونا پٹیل سمیت سیکڑوں صحافی موجود تھے۔پروگرام کے دوران صحافت کی آزادی، جوابدہی اور سماجی سروکاروں پر بھی اظہارِ خیال کیا گیا۔ آخر میں صحافت کے بنیادی اصولوں، سماجی ذمہ داریوں اور عوامی مفاد کے تئیں اپنی وابستگی برقرار رکھنے کا پیغام دیا گیا۔
حقائق پر مبنی اور ذمہ دارانہ صحافت وقت کی اہم ضرورت: ڈی ایم
