(پی این این)
پٹنہ؍بھاگلپو؍/مظفرپور؍سمستی پور: بہار کے 16 اضلاع میں چھٹھ مہاپرْو کے دوران ڈوبنے سے 33 افراد کی موت ہوگئی، جن میں پٹنہ کے تین نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں نو نوعمر لڑکے اور بچے ہیں۔
ڈوبنے کے سب سے زیادہ واقعات سمستی پور میں پیش آئے، جہاں سات افراد کی جان چلی گئی۔ اس کے علاوہ کھگڑیا میں تین، جبکہ سارن، کیمور، اورنگ آباد، بیگو سرائے، سہرسہ، لکھّی سرائے اور دربھنگہ میں دو دو افراد اور مدھوبنی، مونگیر، موتیہاری، مدھے پورہ، نوادہ اور سیتامڑھی میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔
پٹنہ سٹی کے دیدار گنج تھانہ علاقے کی مہولی پنچایت کے مرزا پور گاؤں میں اتوار کے روز پُن پُن ندی میں ڈوبنے سے تین نوعمر لڑکوں کی موت ہوگئی۔ تاہم گاؤں والوں کی مستعدی سے ایک شخص کو بچا لیا گیا۔ آدتیہ کمار، سورج کمار اور یش راج چھٹھ گھاٹ تیار کرنے کے بعد غسل کے لیے ندی میں اترے تھے۔ تینوں کی لاشیں پیر کے روز برآمد کی گئیں۔سمستی پور میں ہلاک ہونے والے سات افراد میں بیتھان کے رنویر کمار، پوسا کے گنگاپور کے ستیَم کمار، اجیارپور کے چیتا گاؤں کے راکیش ساہ، حسن پور کے کسیا گاؤں کے شروَن کمار، واریس نگر کے گوہی گاؤں کے آنجہانی وشوناتھ ساہ کے صاحبزادے سنجے کمار گپتا، سرائرنجن کے سواپاکر کے سونو کمار اور تاج پور کے ددری دھن راج کا تین سالہ بچہ شامل ہے۔
بیگوسرائے ضلع میں بھی ڈوبنے والے دو افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ وہیں مدھوبنی ضلع کے مدھے پور تھانہ علاقے کے پچہی بھلوائی ٹولہ میں اتوار کی دوپہر تالاب میں ڈوبنے سے تین سالہ خوش محمد کی موت ہوگئی۔
سارن ضلع کے دریاؤں بلاک میں ڈیرنی تھانہ علاقے کے لوچھا پل کے قریب اتوار کی شام ڈوبتے سورج کو اَرگھ دیتے وقت مہی ندی میں ڈوبنے سے 70 سالہ ورتی رام ناتھ ساہنی کی موت ہوگئی۔ وہیں کیمور میں چھٹھ کے دوران تالاب میں ڈوبنے سے ایک بچے سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔واضح رہے کہ سورج کی پوجا کے چار روزہ مذہبی تہوار کے آخری دن پیر کی صبح طلوع ہونے والے سورج کو اَرگھ دینے کے ساتھ ہی چھٹھ مہاپرْو اختتام پذیر ہوگیا۔
چھٹھ گھاٹ سے لوٹ رہے لوگوں کو اسکارپیو نے کچلا
بہار میں اسکارپیو ڈرائیور نے سڑک پر زبردست تباہی مچائی۔ اس نے چھٹھ گھاٹ سے واپس لوٹ رہے لوگوں کو بے رحمی سے کچل دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیز رفتار بے قابو اسکارپیو اتوار کی شام چھٹھ گھاٹ سے واپس آنے والے سات افراد کو روندتے ہوئے ایک دکان میں جا گھسی۔ اس حادثے میں دو نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت پانچ لوگ زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ مغربی چمپارن ضلع کے مجھولیا تھانہ علاقے میں قومی شاہراہ 727 پر لال سرایا چوک کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد چھٹھ مہاپرْو کی خوشیاں اچانک چیخ و پکار میں تبدیل ہوگئیں۔ مرنے والوں میں بیتیا نگر تھانہ علاقے کے قلعہ محلہ کے رہنے والے محمد نیاز کے بیٹے محمد اسامہ (26) اور دوار دیوی چوک پر واقع مدرسے کے سامنے رہنے والے محمد شعیب کے بیٹے محمد خالد (26) شامل ہیں۔وہیں موٹر سائیکل پر سوار اشوک کمار چودھری (55)، ان کی اہلیہ للتا چودھری (41)، بیٹی آرادھیا (12) اور بیٹا انمے چودھری (7) کے علاوہ لال سرایا کے رہنے والے ونود چندر سیل (60) بھی زخمی ہوگئے۔ اسکارپیو کی ٹکر سے تین موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔صدر ڈی ایس پی اجیت کمار نے بتایا کہ موتیہاری کی جانب سے آ رہی تیز رفتار اسکارپیو نے 7 افراد کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دو نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت پانچ لوگ زخمی ہوگئے۔ اسکارپیو کو ضبط کر لیا گیا ہے اور ایک شخص کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
