(پی این این)
پٹنہ:مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان نے اپنے کابینی ساتھی جیتن رام مانجھی کے بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ جیتن رام مانجھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے پر احتجاج کرنے والے سی جے پی کے کارکنوں کوتیلچٹے اور جھینگر قرار دیا تھا۔ اس پر چراغ پاسوان نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے کچھ بھی بول رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے دہلی کے جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاج کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی حمایت کی ہے۔
پٹنہ میں جب صحافیوں نے چراغ پاسوان سے جیتن رام مانجھی کے بیان پر سوال کیا تو وہ سنجیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ کچھ لوگ اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے ہندوستان کے نوجوانوں کو کمزور اور غلط ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ ملک کے نوجوانوں کو انتشار پھیلانے والوں کے زمرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ایسا کرنے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ نوجوانوں نے وقتاً فوقتاً ملک کی حالت اور سمت بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہی تحریکوں سے ایسی قیادت ابھر کر سامنے آتی رہی ہے، جس نے دہائیوں تک ملک کی رہنمائی کی ہے۔ ایسے نوجوانوں کے لیے اس طرح کے الفاظ استعمال کرنا کسی بھی صورت میں درست نہیں ہوسکتا۔
پٹنہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چراغ پاسوان نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور جمہوری نظام میں پُرامن احتجاج کی ہمیشہ اجازت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکوں نے وقتاً فوقتاً ملک کو نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان قیادت کو ابھرنے کا موقع بھی فراہم کیا ہے۔ تاہم، اگر کسی احتجاج کی آڑ میں بعض سماج دشمن عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ان کی نشاندہی کرنا ضروری ہے، کیونکہ ایسے عناصر کا مقصد محض انتشار اور بدامنی کا ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ملک میں انتشار پھیلانے کی سوچ کو تقویت دینے کی کوشش کی جارہی تھی، جس پر مرکزی حکومت نے قابو پالیا۔
واضح ہوکہ سنیچر کو جیتن رام مانجھی نے دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کی تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تیلچٹے اور جھینگروں سے نمٹنا حکومتِ ہند بخوبی جانتی ہے۔ ہندوستان شیروں کو جنم دینے والی سرزمین ہے۔ بھارت ماتا نے نریندر مودی اور امت شاہ جیسے شیروں کو جنم دیا ہے۔ ان کے سامنے نہ تیلچٹے ٹھہر سکیں گے اور نہ ہی جھینگر۔ انہوں نے اپنا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا اور بھارت ماتا کی جے، آئین زندہ باد اور جمہوریت زندہ باد جیسے نعرے بھی لگائے۔واضح رہے کہ جیتن رام مانجھی مرکزی حکومت میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کے محکمے کے کابینی وزیر ہیں۔ ان کی پارٹی ہندوستانی عوام مورچہ این ڈی اے میں شامل ہے۔
