(پی این این)
دیوبند:جمعیت علماء ہند ہندوستانی مسلمانوں کی وہ متحدہ دینی و ملی تنظیم ہے جس نے ہر موقع پر قوم و ملت کی رہبری و رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اترپردیش کے صدر اور معروف عالم دین مفتی محمد عفان منصورپوری نے سہارنپور میں واقع حیدرآباد پیلیس میں منعقد جمعیت علماء ضلع سہارنپور کے مجلس منتظمہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مہمان خصوصی مفتی محمد عفان منصورپوری نے اراکین مجلس منتظمہ کو جمعیت کے تمام فعال شعبوں کو سمجھنے اور ان کے نفاذ کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر جمعیت کے اہم شعبہ جیم کے قیام پر زور دیا۔ اس کے علاوہ جمعیت کی کارکردگی پر اجمالی روشنی ڈالتے ہوئے اراکین کی مخلصانہ کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا۔ اجلاس کا آغاز محمد حقانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ محمد اسعد سالم نے نعت پاک پیش کی۔ اجلاس کی صدارت ضلع صدر مولانا محمد گلفام مظاہری نے کی۔
اس موقع پر جمعیت علماء اترپردیش کے سکریٹری مولانا محمد حسین مدنی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اراکین اور ذمہ داران کو اکابر جمعیت کی خدمات اور تاریخ سے تحریک حاصل کرتے ہوئے خلوص کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔ اجلاس میں ضلع صدر مولانا محمد گلفام مظاہری نے خطبہ صدارت اور سکریٹری رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے جمعیت کے مختلف شعبوں، بشمول اصلاح معاشرہ، منظم مکاتب، سدبھاونا منچ، درس قرآن اور شعبہ درس حدیث کی تفصیلی کارکردگی پیش کی، جس پر اراکین مجلس منتظمہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ پروگرام کی نظامت جمعیت علماء کے دینی تعلیمی بورڈ کے مرکزی سکریٹری مولانا محمد شعیب نے کی۔
مہمان خصوصی قاری محمد یامین جنرل سکریٹری جمعیت علماء مغربی اترپردیش کے ہاتھوں پرچم کشائی کی رسم بھی ادا کی گئی۔ اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق مولانا محمد اشتیاق نے منظم مکاتب، مولانا محمد عرفان رشیدی نے آئندہ کے اہداف اور علمی منصوبوں، قاری محمد عارف مظاہری نے اسلاموفوبیا، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی اور غلط فہمیوں کے تدارک، مولانا محمد ارشد قاسمی نے مدارس و مساجد کے خلاف نفرت انگیز بیانات کی روک تھام اور بین المذاہب رواداری کے فروغ، جبکہ مولانا ثناء اللہ قاسمی نے فعال کارکنان کی کارکردگی اور تنظیمی ذمہ داریوں کی وضاحت کی۔ اس سے قبل جمعیت علماء ضلع سہارنپور کی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں مولانا محمد اطہر حقانی ندوی اور مولانا محمد ارشد قاسمی کے نام بطور اراکین عاملہ تجویز کیے گئے۔ دونوں کو بالترتیب دینی تعلیمی بورڈ ضلع سہارنپور کا صدر اور نائب صدر بھی منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر الحاج قاری محمد اسحاق فلاحی، قاری محمد رئیس بہٹ، چودھری محمد صادق، قاری محمد عارف مظاہری، قاری محمد اسلام، مولانا عبدالحسیب جامعی، قاری محمد شبیر، قاری محمد سالم کاشفی، مولانا محمد حارث مظاہری، مولانا محمد مسرور حیدر ندوی، قاری محمد مرتضیٰ قاسمی، مولانا راشد ملک قاسمی، مولانا محمد عرفان، مولانا محمد عثمان خورشیدے، صوفی محمد اسلام کیرانوی اور مفتی عبدالخالق ماجری سمیت دیگر علماء اور ذمہ داران نے شرکت کی۔
جمعیت علماء ہند نے ہر دور میں مسلمانوں کی رہنمائی کا انجام دیا ہے فریضہ: مفتی عفان منصورپوری
