(پی این این)
مونگیر:جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں 21 اور 22 نومبر 2026 کو سالانہ اجلاس، دستاربندی اور سالانہ دعائیہ تقریب منعقد ہوگی۔ان دو دنوں میں ملک کے مختلف حصوں سے خانقاہ رحمانی کے عقیدت مند، جامعہ کے قدیم طلباء، علماء، مشائخ اور دانشوران کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ ان کے مطابق یہ اجتماع علمی، دینی، روحانی اور اصلاحی اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ شرکاء کو علماء کرام کے بیانات سے استفادے اور خانقاہ رحمانی کی روحانی و اصلاحی مجالس میں شمولیت کا موقع ملتا ہے۔
اجلاس کے ناظم اور جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث جناب مولانا محمد نعیم صاحب رحمانی نے بتایا کہ 21 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز مغرب جامعہ رحمانی کا سالانہ اجلاس ہوگا، جس میں 73 علماء، مفتیان کرام اور حفاظ کی دستاربندی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ان طلباء کی علمی و دینی محنت، مسلسل جدوجہد اور تعلیمی مراحل کی تکمیل کی خوشی کا اہم موقع ہوتا ہے۔ اسی اجلاس میں جامعہ کے شعبۂ صحافت سے یک سالہ ڈپلومہ کورس مکمل کرنے والے طلباء کو اسناد بھی دی جائیں گی۔ مولانا نے مزید بتایا کہ دستاربندی اور تقسیمِ اسناد کی یہ تقریب جامعہ کے سرپرست اور امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب، سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر، جامعہ کے اساتذۂ کرام اور ملک کے معتبر علماء و مشائخ کے ہاتھوں انجام پائے گی۔ شعبۂ صحافت دینی مدارس کے طلباء کو صحافت اور میڈیا کے میدان میں تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ دینی علوم سے وابستہ نوجوان جدید ذرائع ابلاغ کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے دین و ملت کی بہتر ترجمانی کر سکیں۔
22 نومبر بروز اتوار خانقاہ رحمانی کی سالانہ دعائیہ تقریب ہوگی۔ یہ روحانی اجتماع صبح 9 بجے شروع ہوگا اور تقریباً 11 بجے اجتماعی دعا ہوگی۔ اس موقع پر مختلف ریاستوں اور علاقوں سے خانقاہ رحمانی سے وابستہ عقیدت مندوں کے ساتھ جامعہ کے قدیم فضلاء اور طلباء بھی بڑی تعداد میں حاضر ہوتے ہیں۔
سالانہ دعا کو ملک بھر کے عقیدت مندوں میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ہر سال لوگ روحانی تعلق کی تجدید، اصلاحِ احوال اور دعاؤں کی غرض سے خانقاہ پہنچتے ہیں۔ اس اجتماع میں علماء، مشائخ، دانشوران، سماجی و ملی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد شریک ہوتے ہیں۔
جامعہ رحمانی کے ناظم جناب الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی نے بتایا کہ پروگرام کی تمام تیاریاں تقریباً مکمل کر لی گئی ہیں۔ آنے والے مہمانوں اور عقیدت مندوں کے استقبال کے لیے جامعہ اور خانقاہ پوری طرح تیار ہیں اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام شرکاء کو کسی دشواری کے بغیر سہولت کے ساتھ پروگرام میں شرکت کا موقع ملے۔
منتظمین کے مطابق جامعہ رحمانی کا یہ دو روزہ پروگرام علمی، تعلیمی، روحانی اور اصلاحی سرگرمیوں کا حسین امتزاج ہے۔ ایک طرف دینی علوم مکمل کرنے والے حفاظ،علماء اور مفتیان کرام کی دستاربندی اور صحافت کے طلباء کی حوصلہ افزائی ہوگی، تو دوسری طرف سالانہ دعا میں ملک و ملت، امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے خیر و عافیت، امن و سلامتی اور ہدایت کی دعائیں کی جائیں گی۔
جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں 21 اور 22 نومبر کو سالانہ اجلاس دستاربندی، 73 علماء کرام، مفتیان عظام اور حفاظ کی دستاربندی، لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع
