(پی این این)
دیوبند:پیران کلیر میں واقع حج ہائوس کے مٹینگ ہال میں بھارتیہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی شمولیت مہم کے تحت ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔اس کیمپ میں علاقہ کے لوگوں کے بینک کھاتوں کی کے ،وائی ،سی کی گئی اور انہیں مرکزی حکومت کی مختلف عوامی بہبود کی مہم کی تفصیلات بتائی گئی ۔
اس کیمپ میں بزرگ ،معذور افراد اور دور دراز کے علاقوں میںرہنے والے لوگوں کو اسپیشل سہولیات دی گئیں ۔اس کیمپ میں بینک افسران نے آنے والے لوگوں کے دستاویزات کی تصدیق کرکے ان کے کھاتوں کے اپڈیٹ کیا اور بند پڑے کھاتوں کو دوبارہ شروع کرنے اور نئے جن دھن کھاتے کھولنے کا عمل بھی پورا کیا گیا۔بینک افسران نے کھاتہ داروں کو پردھان منتری جن دھن یوجنا ،پردھان منتری جیون جیوتی بیما یوجنا ،پردھان منتری سرکشابیما یوجنا اور اٹل پینشن یوجنا کے بارے میں تفصیلات بتائیں اور ان تمام مہم سے استفادہ کرنے کے لئے لوگوں کو بیدار کیا۔
آر بی آئی کے علاقائی ڈائریکٹر ہرش کمار گوتم نے بتایا کہ جن لوگوں کو بینک تک پہنچنے میں پریشانی ہوتی ہے ان کے لئے دیہی علاقوں اور قصبات میں کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ان کیمپوں کے انعقاد کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بینک سہولیات پہنچانا اور انہیں منسلک کرنا ہے ۔
اس موقع پر افسران نے کھاتہ داروں کو سائبر فریب دہی سے الرٹ رہنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی انجان شخص کے ساتھ بینک کھاتہ ،او ٹی پی اور دیگر مخفی معلومات ساجھا نہ کریں ۔آر ،بی ،آئی کے نائب جنرل منیجر شیلیندر شرما نے بتایا کہ کھاتہ داروں کو اس کیمپ کے ذریعہ سے تمام سرکاری یوجنا ئوں سے متعارف کرایا جارہا ہے ۔ایس بی آئی کے جنرل منیجر سیلیش کمار نے کہا کہ بینک لوگوں کی سہولیات کے لئے گھر گھر جاکر بھی کے وائی سی کے عمل کو پورا کررہا ہے ۔وہیں دوسری جانب دہرہ دون ریجن کے نائب جنرل منیجر راجیو رنجن نے بتایا کہ پرانے بینک کھاتوں کی کے وائی سی اپڈیٹ کرانے کے لئے دیہی علاقوں میں خصوصی کیمپ لگائے جارہے ہیں ۔
مقامی لوگوں نے بینک کی اس پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بینک کے اس اقدام سے بزرگوں اورضرورت مند لوگوں کو کافی راحت ملے گی ۔اس موقع پر علاقائی جنرل منیجر راجیش کمار شاہ ،دنیش کمار گپتا ،انو ،نیلما بیسٹ ،دیویندر سنگھ کنور ،دیپک نیگی ،قاسم خان ،ناظم تیاگی اور فرح سمیت دیگر افراد موجود رہے ۔
