(پی این این)
جالے:آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر اور ممتاز فقیہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ان دنوں اپنے علمی و دعوتی سفر کے سلسلے میں اپنے آبائی وطن جالے، ضلع دربھنگہ میں مقیم ہیں۔ اس دوران وہ اپنے قائم کردہ علمی و تربیتی ادارے دارالعلوم سبیل الفلاح، جالے میں قیام پذیر ہیں اور ادارے کی تعلیمی، تربیتی اور تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اتوار کو مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے پورا دن ادارے کے طلبہ کے درمیان گزارا۔ اس دوران انہوں نے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں، علمی استعداد اور تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ طلبہ کے شوقِ علم، محنت اور حصولِ تعلیم کے جذبے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مزید یکسوئی، محنت اور اخلاص کے ساتھ حصولِ علم میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر انہوں نے اساتذۂ کرام کے ساتھ بھی تعلیم و تربیت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ تعلیمی معیار میں بہتری، تدریسی نظام کو مستحکم بنانے، طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت اور ان کی ہمہ جہت شخصیت سازی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ مولانا نے اساتذہ کو ان کی ذمہ داریوں کی جانب متوجہ کرتے ہوئے اہم مشورے دیے اور تعلیمی و تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی رہنمائی فراہم کی۔
شام کے وقت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ادارے میں زیر تعمیر دارالطعام کی نئی عمارت کا معائنہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کی تکمیل کے بعد طلبہ کو کھانے پینے اور دیگر متعلقہ سہولیات کے سلسلے میں مزید آسانی حاصل ہوگی، جس سے ادارے کے انتظامی و تعلیمی نظام کو بھی تقویت ملے گی۔
مولانا کی یہ سرگرمیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ کسی تعلیمی ادارے کی ترقی محض عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ اس کا اصل مقصد طلبہ کی علمی نشوونما، اخلاقی و فکری تربیت، اساتذہ کی رہنمائی اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ہے۔ دارالعلوم سبیل الفلاح میں مولانا کی موجودگی اور طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ان کی نشستیں ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہیں۔
