(پی این این)
ارریہ: ضلع میں ’’محفوظ بچپن مہم‘‘ کے بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے طلبہ و طالبات کو بچوں کے حقوق، تحفظ سے متعلق قوانین، پوکسو ایکٹ اور سائبر سکیورٹی کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔قومی قانونی خدمات اتھارٹی (نالسا) کی مہم کے تحت فاربس گنج کے پلس ٹو بھگوتی دیوی گوئل گرلز ہائی اسکول میں بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر پینل ایڈوکیٹ کوشل ورما اور پیرا لیگل رضاکار بھانو کمار نے طالبات کو بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلق قانونی دفعات کی جانکاری دی۔
مقررین نے کہا کہ ہر بچے کو محفوظ ماحول میں زندگی گزارنے، تعلیم حاصل کرنے اور عزت و وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔ بچوں کو جنسی استحصال اور ہراسانی سے بچانے کے لیے پوکسو ایکٹ کے بارے میں جاننا بھی ضروری ہے۔پروگرام میں گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے فرق کو سمجھنے اور انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کا محتاط استعمال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ طالبات کو بتایا گیا کہ اگر انہیں کسی قسم کے استحصال، ہراسانی یا تشدد کا سامنا کرنا پڑے تو خاموش رہنے کے بجائے والدین، اساتذہ یا متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔
مقررین نے بچوں کی مدد کے لیے چائلڈ ہیلپ لائن نمبر 1098 اور نالسا کی قانونی امداد ہیلپ لائن 15100 کی بھی جانکاری دی، تاکہ ضرورت پڑنے پر بچے یا ان کے سرپرست مدد حاصل کر سکیں۔
یہ پروگرام ضلع قانونی خدمات اتھارٹی، ارریہ کے سکریٹری روہت شریواستو کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد بچوں کو اپنے حقوق کے تئیں بیدار کرنا اور ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کرنا ہے۔
ارریہ:اسکولوں میں ’’محفوظ بچپن مہم‘‘ کے تحت بیداری پروگرام منعقد
