تازہ ترین
دبستانِ اہلِ قلم کے تحت عالمی یوم اردو پر شعری نشست کا انعقاددیوالی کی آتش بازی سے آب وہوا زہریلیعلم و فن کی شخصیت پروفیسر احسان شام کو چہلم پر کیا گیا یادعلامہ اقبال کے یومِ پیدائش پر اردو کی تہذیبی وراثت کے تحفظ کا عزمنافذ وقت پر کام مکمل نہ کرنے پر اہلکاروںپرکیا جائے گا جرمانہدیوالی کی رات آگ کاٹانڈو ، 257 ہنگامی کالیں ہوئیں موصولگروگرام کے دو دفاتر کے خلاف کارروائیایم ایل سی انتخابی نتائج پر جے ڈی یو میں کشمکش، منعقدہ جائزہ میٹنگ میں جے ڈی یوکی تمام ناراض لیڈران کو منانے اوراسے مطمئن کرکے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش
Bihar

علم و فن کی شخصیت پروفیسر احسان شام کو چہلم پر کیا گیا یاد

بھاگلپور:علم و فن کی دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھنے والے ماہر تعلیم، ادیب اور شاعر مرحوم پروفیسر مرزا احسان حیدر ’شام‘ کو اتوار کے روز ان کے چہلم کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ حسین آباد واقع مغل پورہ میں ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ مجلس میں سیکڑوں کی تعداد میں اہل خانہ، رشتہ دار اور چاہنے والے شریک ہوئے۔ اس موقع پر ان کی زندگی، علمی اور ادبی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے رانچی سے تشریف لائے مولانا سید تہذیب الحسن نے کہا کہ دنیا فانی ہے، سوائے اللہ کی ذات کے۔ انسان کو اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے راستوں پر گزارنی چاہیے، تاکہ جب وہ اپنے مولا کے سامنے حاضر ہو تو اسے شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ایسی ہونی چاہیے کہ انسان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی اس کی نیکی، سچائی اور دیانت داری کی مثال دی جائے۔ اللہ کی رحمت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم بھی اس کے بندوں پر رحم کریں اور کسی کو اپنی ذات سے تکلیف نہ پہنچائیں۔ انسان کو ہمیشہ اس حقیقت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ایک دن اسے اس فانی دنیا سے رخصت ہونا ہے۔ یہی سوچ انسان کو دین اور دنیا دونوں میں کامیابی کی راہ دکھاتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سید تاثیر حسین نے اپنے ماموں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی نیک، نرم دل اور ملنسار انسان تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ مولا مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبر کو عذاب سے محفوظ رکھے، اسے نور سے منور فرمائے اور ان کے تمام گناہوں کو معاف فرمائے۔

مرحوم کے بھانجے سید تنویر حسین نے بتایا کہ احسان شام صرف ایک ماہر تعلیم ہی نہیں تھے بلکہ سماجی اور ادبی شعبے میں بھی ان کی اہم شناخت تھی۔ انہوں نے درجنوں کتابیں تصنیف کیں اور کئی کتابوں کا ہندی سے اردو میں ترجمہ کیا۔ وہ اچھے شاعر اور خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ دینی معاملات کی بھی گہری سمجھ رکھتے تھے۔ ان کی اہلیہ مشہور شاعر شاد عظیم آبادی کی پوتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ احسان صاحب کو اپنے آبائی شہر بھاگلپور سے گہرا لگاؤ تھا۔ پٹنہ میں رہنے کے باوجود ان کا یہاں آنا جانا لگا رہتا تھا۔ خاص طور پر محرم کے موقع پر وہ بھاگلپور ضرور آتے تھے اور دینی تقریبات میں شرکت کرتے تھے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں سے طبیعت خراب رہنے کی وجہ سے ان کا بھاگلپور آنا بند ہو گیا تھا۔

اس دوران صحافی سعید انور نے بھی ان سے وابستہ اپنی یادیں شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے موقع پر تقریباً دو سال قبل ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس دوران گھنٹوں بیٹھ کر پرانی یادیں تازہ کی تھیں۔ شاید وہ ان سے آخری ملاقات تھی، لیکن موبائل پر گفتگو اور پیغامات کا سلسلہ جاری رہتا تھا۔ جب بھی بات ہوتی، وہ اپنی دعاؤں سے نوازتے تھے۔ ایسی ہمہ جہت شخصیت کا دنیا سے رخصت ہو جانا سماجی، ادبی اور تعلیمی شعبے کے لیے بڑا نقصان ہے۔ ان کی کمی کی تلافی آسان نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ مرحوم مرزا احسان حیدر شام کی یاد میں اس پروگرام کا انعقاد ان کے بھانجے سید وصی حیدر مرزا کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مجلس کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس کے بعد غریبوں، ضرورت مندوں اور ان کے چاہنے والوں کے درمیان کھانے کا انتظام کیا گیا۔

مجلس میں سید واثق رضا، ڈاکٹر عمران صبیر، سید تاثیر حسین، سید تنویر حسین، عمر فاروق، سید ابن الحسن، منظر عالم، محمد اشرف، محمد زبیر سمیت بڑی تعداد میں اہل خانہ اور ان کے چاہنے والے موجود تھے۔

متعلقہ خبریں