(پی این این)
آگرہ:سینٹ جانس کالج، آگرہ کے شعبۂ اردو کی جانب سے سر سید احمد خان کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایم اے اردو کے طلبہ و طالبات کے لیے مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں ایم اے اردو کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور سر سید احمد خان کی علمی، تعلیمی، مذہبی اور فکری خدمات سے متعلق مختلف موضوعات پر تقریباً ایک ہزار الفاظ پر مشتمل مضامین تحریر کیے۔
مقابلے کے لیے سر سید احمد خان کی مذہبی فکر، تعلیمی فکر، علی گڑھ تحریک کا پس منظر، علی گڑھ تحریک کے تصورات و مقاصد، سر سید اور ان کے رفقا، سر سید کی تاریخ نگاری اور ان کی تصانیف جیسے اہم موضوعات منتخب کیے گئے تھے۔ ان موضوعات کے ذریعے طلبہ کو سر سید احمد خان کی شخصیت، ان کے افکار اور برصغیر کی علمی و تعلیمی تاریخ میں ان کے نمایاں کردار کو سمجھنے اور اس پر تحقیقی انداز میں اظہارِ خیال کرنے کا موقع ملا۔
مقابلے کے نتائج کے مطابق ایم اے اردو، تھرڈ سمسٹر کی طالبہ انعم ایوب نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ ایم اے اردو، فرسٹ سمسٹر کی طالبہ علماء رفیع نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ایم اے اردو، تھرڈ سمسٹر کی طالبہ شالو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر شعبۂ اردو کے صدر ڈاکٹر سبط حسن نقوی نے سر سید احمد خان کی شخصیت، علمی خدمات اور برصغیر کی تعلیمی و فکری تاریخ میں ان کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ میں مطالعے، تحقیق، فکری شعور اور تحریری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی علمی و ادبی سرگرمیوں کا انعقاد مسلسل ہوتے رہنا چاہیے۔
شعبۂ اردو کی اساتذہ ڈاکٹر سعدیہ سلیم اور ڈاکٹر دانشہ نے بھی طلبہ کی رہنمائی کی اور انہیں مضمون نویسی کے مختلف پہلوؤں، موضوع کے انتخاب، مواد کی ترتیب اور مؤثر تحریری اظہار کے حوالے سے مفید ہدایات دیں۔ مقابلے 20 طلبہ و طالبات نے حصّہ لیا۔
