نئی دہلی:دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور روحانی گرو شری شری روی شنکر نے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے احساس 2026ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کی پالیسی کا آغاز کیا۔اس پالیسی کے تحت دہلی کے تعلیمی اداروں میں ہر 500 طلبہ پر ایک کونسلر مقرر کرنے، ضلع کی سطح پر ڈسٹرکٹ ویلفیئر سینٹر قائم کرنے اور اساتذہ، والدین اور اسکول کے عملے کو خصوصی تربیت دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔
سندھو نے کہا کہ ذہنی صحت اور جذباتی خوشحالی کو تعلیم کا لازمی حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کے جذبات، امنگیں اور ضروریات اہم ہیں۔ معذور اور محروم طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی یکساں مواقع اور تعاون ملنا چاہیے۔ بچوں کے جذبات کو سمجھنا اور انہیں اپنے مسائل کھل کر بیان کرنے کی ترغیب دینا اساتذہ، والدین اور اسکول انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پہل سے بچوں کو یہ اعتماد ملے گا کہ وہ اہمیت رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مدد مانگنا کمزوری نہیں بلکہ طاقت کی علامت ہے۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس پالیسی سے دہلی کے لاکھوں طلبہ کو ذہنی اور جذباتی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ حکومت چاہتی ہے کہ ہر بچہ خوشی، مثبت سوچ اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھے۔ دہلی حکومت نے اپنے طلبہ کی ذہنی صحت اور مجموعی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ‘احساس’ کے نام سے ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کی پالیسی متعارف کرائی ہے۔ یہ پالیسی دہلی کے اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نافذ ہوگی۔ اس کا مقصد طلبہ کی زندگی کے مختلف مراحل اور ذہنی کیفیات میں انہیں مسلسل تعاون اور حوصلہ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس کے ذریعے دہلی کے اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم لاکھوں طلبہ کو ذہنی اور جذباتی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ دہلی حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست کا ہر بچہ خوشی، مثبت سوچ اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھے اور اس کے ہر چیلنج میں حکومت، اساتذہ اور والدین اس کے ساتھ کھڑے رہیں۔وزیر تعلیم آشیش سود نے بتایا کہ پالیسی کے تحت ہر 500 طلبہ پر ایک کونسلر کا انتظام ہوگا۔ فی الحال دہلی حکومت کے اسکولوں میں 540 تعلیمی اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے کونسلر اور 500 سے زیادہ ٹیچر کونسلر طلبہ کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں فلاح و بہبود کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ضلع کی سطح پر قائم کیے جانے والے مراکز میں نفسیاتی تشخیص، کونسلنگ اور ذہنی صحت کی ماہرین کی خدمات دستیاب ہوں گی۔ اساتذہ، پرنسپل، والدین، ڈرائیوروں، آیا اور دیگر معاون عملے کو بھی بچوں کے رویے میں ہونے والی تبدیلیوں کی شناخت اور حساس حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ناکامیوں سے سبق سیکھیں، اپنی بات کھل کر کہیں اور ضرورت پڑنے پر مدد حاصل کریں۔
روحانی گرو شری شری روی شنکر نے کہا کہ ہندوستان کی روحانی روایت ذہنی صحت اور جذباتی مضبوطی کی بنیاد رہی ہے۔ انہوں نے احساس پالیسی کے لیے دہلی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ اور معاشرے کے درمیان ذہنی صحت کے موضوع پر ایک اہم مکالمہ قائم کرے گی۔
انہوں نے باہمی رابطے، اپنائیت اور حساسیت پر زور دیتے ہوئے اپیل کی کہ کسی طالب علم یا ساتھی کو اداس یا پریشان دیکھ کر اسے نظر انداز نہ کریں، بلکہ ‘میں آپ کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟’ کے جذبے کے ساتھ تعاون اور انسانی تعلق کو فروغ دیں۔
پالیسی میں امتحانات کے دباؤ، بے چینی، ڈپریشن، بُلنگ اور سائبر بُلنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سنگین حالات میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے چھ سطحی ایسکلیشن نظام بنایا گیا ہے، جس میں کلاس ٹیچر، اسکول کونسلر، اسکول سربراہ، ضلع ویلفیئر سینٹر، اسپتال اور متعلقہ قانونی ادارے شامل ہوں گے۔ اسکولوں کو ہر سہ ماہی اپنی ذہنی صحت کی خدمات کا جائزہ لینا ہوگا اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ان کی نگرانی کی جائے گی۔
