#دلی این سی آر

انجمن ترقی اردو’ہند‘ کے زیراہتمام میر تقی میرکے مخطوطات کی نمائش

(پی این این)
نئی دہلی: انجمن ترقی اردو (ہند) آج اپنے مرکزی دفتر اردو گھر میں شام 6 بجے میر کے خطی نسخوں کی خصوصی نمائش کا اہتمام کررہی ہے ۔ انجمن نے پچھلے برس خداے سخن میر تقی میر کے تین سو سالہ جشن کا اہتمام کرتے ہوئے کئی اہم پروگرام منعقد کئے تھے لیکن یہ 11 جنوری 2025 کا پروگرام اس سلسلے کی سب سے اہم کڑی اس لئے ہے کیوں کہ انجمن ترقی اردو (ہند) کا میر کے تمام مخطوطات کو ایک ہی مقام پر جمع کرلینا اردو ادب کے اسکالروں اور محققوں کئے لے نعمت مترقبہ سے کسی طرح کم نہیں ہے ۔2024 میں ذکرِمیر کے مکمل متن کی اشاعت کے ساتھ ہی انجمن نے میر کے متعلق تمام اہم مخطوطوں کی جمع آوری کی کوشش کی تاکہ خداے سخن کی تفہیم کی نئے راہیں دریافت کی جاسکیں، اور اس سلسلے میں مختلف کلیات، نسخہ رامپور، ذکرِ میر کا نسخہ اٹاوہ، میر کے فارسی کلام کا نادر نسخہ حیدرآباد، مثنویات اور قصائدِ میر کے نسخے نیز نادر اشاعتوں کے جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔خدائے سخن کہلانے کے باوجود بھی آج تک میر کا کوئی مستند کلیات ان معنی میں شائع نہیں ہوسکا جس میں مدون نے متن کا موازنہ مخطوطات سے کیا ہو۔ میر کے فارسی اور اردو کلام نیز ان کے نثری متن کے مخطوطات ہندستان کی مختلف لائبریریوں میں محفوظ تو ہیں لیکن اسکالروں کی عدم توجہی کی وجہ سے ان مخطوطات کے متعلق معلومات کبھی عام نہ ہوسکی۔ میر کا زیادہ تر کلام، میر کی زندگی میں ترتیب دے ے گئے ان کے اس کلیات جو ان کے انتقال کے ایک سال بعد 1811 میں فورٹ ولیم کالج سے شائع ہونے والی کلیات کا چربہ ہے اس کلیات سے نقل کئے گئے کلام میں نقائص کی بھرمار ہے ۔ انجمن نے ہندستان میں موجود تمام مخطوطات کو اردو گھر کی لائبریری میں جمع کرکے اردو اسکالروں کے لئے یہ بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ کہ وہ کلامِ میر پر نئے زاوئے اور تدوین کے اصولوں کی روشنی میں ازسرِنو کام کرنے کے لے ے ان دواوین سے رجوع کریں۔میر کے صدسالہ جشن کا یہ سلسلہ جسے انجمن ترقی اردو (ہند) نے 2024 کے پورے برس جاری رکھا، ابھی بھی جاری ہے ، اور یہ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے جسے انجمن نور انٹرنیشنل مائیکروفلم و سنٹر نئی دہلی کے اشتراک سے منعقد کررہی ہے ۔ نور مائیکرو فلم نے انجمن کے اردو اور فارسی مخطوطات کو ڈیجیٹائز کیا ہے ۔ فارسی مخطوطات کو ڈیجیٹائز کرنے والا نور مائیکرو فلم دنیا کا سب سے بڑا ادارہ ہے جس کی سربراہی گذشتہ چار دہائیوں سے خواجہ پیری کررہے ہیں۔اس پروگرام میں میر کے فارسی اور اردو دواوین کے خطی و چاپی نسخوں کی نمائش کے علاوہ اردو ادب کے ‘میر نمبر’ کی رسم رونمائی بھی عمل میں آئے گی جس میں پہلی بار ذکرِمیر کا مکمل فارسی متن مع اردو ترجمے کے شامل کیا جارہا ہے ۔ یہ ترجمہ ڈاکٹر صدف فاطمہ نے کیا ہے ۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی اس نمائش کا افتتاح کریں گے اور پروفیسر شریف حسین قاسمی کلیدی خطبہ پیش کریں گے ، ایران کے کلچرل کاونسلر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔۔ انجمن کے صدر صدیق الرحمان قدوائی اس جلسے کی صدارت فرمائیں گے ، پروفیسر اخترالواسع اور پروفیسر اخلاق آہن اپنی تقاریر میں ان مخطوطات کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے ۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے