بہار
ایل پی جی گیس کی قلت کے پیش نظر جامعہ رحمانی کے نئے تعلیمی سال کی تاریخ میں تبدیلی
(پی این این)
مونگیر :جامعہ رحمانی خانقاہ، مونگیر نے ملک میں جاری ایل پی جی (LPG) گیس کی شدید قلت کے پیش نظر اپنے تعلیمی سیشن کے آغاز کی تاریخ میں نظرِ ثانی کا اعلان کیا ہے۔ ادارہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات نے نہ صرف گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ بڑے تعلیمی و اقامتی اداروں کے لیے بھی انتظامی سطح پر سنگین چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔
جامعہ کے ذمہ داران نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ نئے اور قدیم طلبہ، خصوصاً وہ طلبہ جو دور دراز علاقوں سے اپنے سرپرستوں کے ہمراہ جامعہ کا رخ کرتے ہیں، اس نئے تعلیمی مرحلہ کے لیے نہایت شوق اور تیاری کے ساتھ منتظر تھے۔ ادارہ نے طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کے جذبات اور ان کی عملی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیا۔
جامعہ رحمانی کے ناظم الحاج مولانا محمد عارف رحمانی نے اپنے پریس بیانیہ میں کہا کہ جامعہ رحمانی کی انتظامیہ نے ایل پی جی گیس کی فراہمی کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ قائم رکھا۔ اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون اور سنجیدگی کا دعویٰ کیا گیا، تاہم گیس کی مجموعی قلت کے باعث فراہمی ممکن نہ ہو سکی، جس کے نتیجہ میں طلبہ اور سرپرستوں کی بڑی تعداد کے قیام و طعام کا معیاری انتظام کرنا فی الحال دشوار ہو گیا ہے۔
جامعہ رحمانی نے ہمیشہ اپنے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی عزت و احترام اور ان کے سہولت و آرام کو اولین ترجیح دی ہے، اور اسی اصول کے تحت جلد بازی سے گریز کرتے ہوئے ایک متبادل اور دیرپا حل اختیار کیا گیا ہے۔ ادارہ میں لکڑی اور کوئلے کے ذریعے کھانا تیار کرنے کے لیے ایک نئے مطبخ کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جو تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں مکمل ہو جائے گا۔ اس اقدام کے بعد جامعہ بہتر اور باوقار انداز میں اپنے طلبہ کا استقبال کرنے کے قابل ہو سکے گا۔
اسی پس منظر میں جامعہ رحمانی خانقاہ، مونگیر کے افتتاح کی تاریخ کو 11 شوال المکرم 1447ھ ( 31 مارچ 2026ء) کے بجائے 20 شوال المکرم 1447ھ (9 اپریل 2026ء)، بروز جمعرات مقرر کیا گیا ہے۔ تمام قدیم و جدید طلبہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسی تاریخ کی صبح جامعہ پہنچیں۔ داخلہ کی کارروائی اسی روز شام سے شروع ہو جائے گی، جبکہ باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 25 شوال المکرم 1447ھ (تقریباً 14 اپریل 2026ء)، روز بدھ سے ہوگا۔
جامعہ کے انتظامیہ نے طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر اور قیام کا منصوبہ اسی کے مطابق ترتیب دیں، تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ بیان کے اختتام پر ادارہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ موجودہ حالات میں آسانی فرمائے، علم و عمل میں برکت عطا کرے، اور ادارہ کو مزید ترقی و استحکام نصیب فرمائے۔
بہار
سیتامڑھی ضلع کے ہر بلاک میں کھلیں گے ماڈل اسکول ،تیاریاں شروع
(پی این این)
سیتامڑھی:بہار میں تعلیمی نظام کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ ترقی یافتہ تعلیم–روشن مستقبل منصوبہ کے تحت ضلع سیتامڑھی کے تمام 17 بلاک میں ایک ایک ماڈل اسکول قائم کرنے کی کارروائی تیز ہو گئی ہے۔ آئندہ تعلیمی سیشن 2026–27 سے ان اسکولوں میں داخلہ شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔
محکمۂ تعلیم کی سخت ہدایت کے بعد معائنہ مہم بھی جنگی سطح پر جاری ہے۔ محکمہ نے 31 مارچ 2026 تک تمام منتخب اسکولوں کا معائنہ مکمل کر کے رپورٹ پٹنہ ہیڈکوارٹر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالسلام انصاری گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل ضلع کے مختلف بلاک کا دورہ کر رہے ہیں اور اب تک 15 بلاک کے اسکولوں کا معائنہ مکمل کر چکے ہیں۔ معائنہ کے دوران اسکولوں کی عمارت، کلاس روم، بیت الخلاء، پینے کے پانی، کھیل کے میدان، لیبارٹری اور لائبریری جیسی بنیادی سہولیات کا باریکی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
افسران کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ منتخب اسکولوں کو ہر حال میں ماڈل اسکول کے معیار پر تیار کیا جائے۔ ہفتہ کے روز ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہر کے ایم پی ہائی اسکول کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ضروری ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام معیارات کو جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی منشا کے مطابق ان ماڈل اسکولوں میں جدید سہولیات اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ طلبہ کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھی جا سکے۔
معائنہ کے دوران پرنسپل بیدیناتھ بیٹھا کے علاوہ محمد ارمان علی، کمال اشرف، سبیل احمد، محمد انجم رضا، نصرت جہاں، نکہت جہاں، جتیندر مادھو، نوین کمار، سبودھ کمار، رام کرپال پرساد، محمد آفتاب عالم، دنیش ٹھاکر، اے ڈی رائے، چندن کمار، جوتی، شیو شنکر کمار، محمد مناظرالاسلام اور کوثر ربانی سمیت دیگر اساتذہ موجود تھے۔
بہار
سیتامڑھی میں عازمین حج کیلئے طبی کیمپ کا انعقاد
(پی این این)
سیتامڑھی: شہر کے مدرسہ رحمانیہ مہسول کے احاطے میں فیملی ہیلتھ کیئر کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ حاجیوں کو تربیت دینے کے بعد منعقد اس کیمپ میں کل 132 حاجیوں اور آس پاس کے دیہاتیوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔ کیمپ کے دوران مریضوں کا عمومی طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے مختلف بیماریوں کی جانچ کر لوگوں کو ضروری طبی مشورے دیے۔ خاص طور پر حج پر جانے والے حاجیوں کے صحتی معائنے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ وہ مکمل صحت کے ساتھ اپنے سفر پر روانہ ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر ماہد حسن نے کہا، معاشرے کے ضرورت مند لوگوں تک بہتر طبی سہولیات پہنچانا ہمارا مقصد ہے۔ اس طرح کے مفت کیمپ کے ذریعے ہم ان لوگوں کی مدد کر رہے ہیں جو مالی وجوہات کی بنا پر وقت پر علاج نہیں کرا پاتے۔ مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپ منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد سے مقامی لوگوں میں خوشی دیکھنے کو ملی اور انہوں نے فیملی ہیلتھ کیئر کی اس پہل کی سراہنا کی۔ اس موقع پر حاجی افتخار عالم منا، محمد ارمان علی، مولانا رضوان قاسمی، علیم عرف آرزو، ، تبریز، کمرول محمد گلاب، محمد اجمل، تنویر شمسی، محمد شکیل سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
بہار
نتیش کماربلامقابلہ جے ڈی یو کے پھر صدر منتخب
(پی این این)
پٹنہ :نتیش کمار کو جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کا دوبارہ بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ جے ڈی یو تنظیمی انتخابات کے آخری مرحلے میں قومی صدر کا انتخاب شامل تھا، جس کے لیے پارٹی کے موجودہ سربراہ نتیش کمار واحد امیدوار تھے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ اور دستبرداری کی آخری تاریخ کے بعد انتخابی افسر انیل ہیگڑے نے انہیں فاتح قرار دیا۔جے ڈی یو کی تشکیل 2003 میں جارج فرنانڈس اور نتیش کی سمتا پارٹی، شرد یادو کی قیادت والی جنتا دل دھڑے، اور رام کرشن ہیگڑے کی لوک شکتی کے انضمام سے ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے نتیش کئی بار پارٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔ پارٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد نتیش نے آر سی پی سنگھ اور للن سنگھ کو بھی صدر مقرر کیاتھا۔
مرکزی وزیر اور جے ڈی یو کے سابق صدر لالن سنگھ کہتے رہے ہیں کہ نتیش کمار جے ڈی یو کے سپریم اتھارٹی ہیں اور وہ جو چاہیں گے وہی ہوگا۔ تقریباً دو دہائیوں تک بہار میں ریاستی حکومت کی قیادت کرنے کے بعد نتیش کمار راجیہ سبھا کے ذریعہ مرکزی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں۔ وہ 16 مارچ کو راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئےہیں اور اپریل کے دوسرے ہفتے یا بعد میں دہلی میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے رکن کے طور پر اپنا پہلا حلف لیں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعلی کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور راجیہ سبھا الیکشن لڑنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا تھاکہ راجیہ سبھا میں شامل ہونا زندگی بھر کی خواہش رہی ہے۔ نتیش لوک سبھا اور بہار لیجسلیچر دونوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، لیکن راجیہ سبھا میں یہ ان کی پہلی میعاد ہے۔ اس کے ساتھ وہ بہار کے لیڈروں کے منتخب گروپ میں شامل ہوں گے جنہوں نے راجیہ سبھا، لوک سبھا، قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں خدمات انجام دی ہیں۔
نتیش کمار اس وقت بہار کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سمردھی یاترا کے آخری مرحلے میں مصروف ہیں۔ نتیش کے جانشین کے بارے میں جے ڈی یو اور حکومت دونوں کے اندر بحث چھڑ گئی تھی، لیکن جے ڈی یو کے اندر اگلی مدت کے لیے نتیش کی اپنی امیدواری نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ان کے بیٹے نشانت کمار کو سیکھنے اور سمجھنے کے لیے زیادہ وقت ملے گا۔ نتیش کمار کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کسی لیڈر کے وزیر اعلیٰ بننے کی بات چل رہی ہے، جس کے لیے نتیش کمار کے قریبی ساتھی ڈپٹی سی ایم سمراٹ چودھری سمیت بی جے پی کے کچھ لیڈروں کے ناموں کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار4 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
بہار10 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر1 year agoکجریوال کاپجاری اور گرنتھی سمان اسکیم کا اعلان
