Connect with us

uttar pradesh

ظلم کیخلاف جاری رہے گی جدوجہد،اعلیٰ افسران کی یقین دہانی کے بعد اقراء حسن نے ختم کیا احتجاج

Published

on

(پی این این)
دیوبند:کیرانہ پارلیمانی حلقہ کی ممبر پارلیمینٹ اور سماجوادی پارٹی کی سینئر لیڈر چودھری اقراء حسن نے اپنے حمایتی اور فالوورز کی گرفتار ی کے خلاف شروع کیا گیا احتجاج اور ہڑتال گزشتہ دیر رات سرکاری افسران کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بعد ختم کردیا ۔
ضلع مجسٹریٹ نے اقراء حسن کو یقین دہانی کرائی کہ حراست میں لئے گئے سبھی لوگوں کو صبح 10؍ بجے رہا کردیا جائے گا۔اس یقین دہانی کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے راحت کی سانس لی ۔اس یقین دہانی کے بعد سماجوادی پارٹی اور کانگریس لیڈران سمیت بڑی تعداد میں موجود لوگ واپس چلے گئے ۔یہ تنازعہ گزشتہ روز دوپہر کے بعد شروع ہوا تھا جو رات دیرتک چلتا رہا ۔رات کے وقت ضلع مجسٹریٹ کلدیپ سنگھ احتجاج کے مقام پر پہنچے اور انہوں نے اقراء حسن اور ان کے لوگوں سے بات کی ۔ بات چیت کے بعد رکن پارلیمینٹ اقراء حسن نے اپنے وکیلوں سے بات کی اور صلاح ومشورہ کیا بعدازاں تھانہ سے ہی جیل بھیجے گئے بے قصور لوگوں کی ضمانت کی کارروائی مکمل کرائی گئی ۔
افسران نے صبح سویرے سب لوگوں کی رہائی کی یقین دہانی کرائی ۔احتجاج کئے جانے کے مقام پر اعلیٰ افسران میں نگر مجسٹریٹ کلدیپ سنگھ ،ایس ایس بی ویوم فیدل ،معاون ایس پی منوج کمار یادو اور سی او روچی گپتا موجود رہے ۔
احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اقراء حسن نے سبھی لیڈران اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ظلم وزیادتی کا شکار ہونے والوں کو انصاف دلانے کے لئے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس دو ران اقراء حسن کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے ایم ایل اے آشو ملک ،سابق ایم پی حاجی فضل الرحمن ،ایم ایل اے ناہد حسن ،سابق رکن اسمبلی ٹھاکر وریندر سنگھ ،سابق ایم ایل اے منوج چودھری ،علی خاں ،معاویہ علی ،منیش تیاگی ،مظفر علی ،ورون شرما ،پروین چودھری ،ابھیشیک ٹنکو اروڑہ ،فہد سلیم احمد ،فرہاد عالم ،سندیپ احمد ،سلیم احمد ،فیصل سلمانی ،رشبھ تیاگی ،حیدر علی ،رتن یادو ،اور برجیش شرما سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے ۔
وہیں دوسری جانب اعلیٰ افسران کی یقین دہانی کے مطابق صبح: 10بجے تمام بے قصور لوگوں کو جیل سے رہا کردیا گیا ۔ان لوگوں کے جیل سے باہر آتے ہی پارٹی کارکنان نے ان پھولوں کے ہار پہناکر زبردست استقبال کیا ۔

uttar pradesh

صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گاحل

Published

on

دیوبند:ضلع مجسٹریٹ اروند کمار چوہان کی صدارت میں منگل کو کلکٹریٹ کے اجلاس گاہ میں ضلع سطحی صحافی مستقل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحافیوں سے متعلق مختلف امور، ان کے مسائل اور فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ اروند کمار چوہان نے کہا کہ صحافیوں سے متعلق کسی بھی معاملے میں کارروائی مکمل جانچ کے بعد ہی عمل میں لائی جائے گی اور بلاوجہ کسی بھی صحافی کو ہراساں نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ نے ذرائع ابلاغ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اخبارات اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر اہم، تعمیری اور حوصلہ افزا خبروں کی اشاعت سے معاشرے میں مثبت پیغام پہنچتا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ عوامی مفاد اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مثبت خبروں کو بھی مناسب اہمیت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سرکاری فلاحی اسکیموں سے مستفید ہو سکیں۔
اس دوران منظور شدہ صحافیوں کو ٹول پلازہ پر بلا ٹول ٹیکس آمد و رفت کی سہولت فراہم کرنے کے مطالبے پر ضلع مجسٹریٹ نے ضابطوں کے مطابق فیصلہ کرنے کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ انفارمیشن کمپلیکس کے قیام کے لیے زمین فراہم کرنے کے سلسلے میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی مناسب اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس دوران ضلع اطلاعاتی افسر دلیپ کمار گپتا نے بتایا کہ منظور شدہ صحافیوں کے آیوشمان کارڈ بنانے کا عمل جاری ہے۔
تاکہ وہ حکومت کی صحت سے متعلق سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس دوران سی او سٹی فرسٹ روی کانت، ضلع اطلاعاتی افسر دلیپ کمار گپتا، سینئر صحافی سریندر سنگھل، یش پربھاکر، محمد آصف، مدعو خصوصی رکن آلوک تنیجا سمیت متعدد صحافی موجود تھے۔

Continue Reading

uttar pradesh

محبوب علی کی کوششوں سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے 7 بڑے منصوبوں کو منظوری

Published

on

امروہہ: رکن اسمبلی امروہہ صدر، سابق کابینی وزیر اور اتر پردیش لوک لیکھا سمیتی کے چیئرمین حاجی محبوب علی کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں امروہہ اسمبلی حلقہ میں عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی جانب سے سات اہم سڑکوں اور متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان منصوبوں پر جلد عمل درآمد شروع ہونے کی توقع ہے، جس سے شہری اور دیہی علاقوں کے لاکھوں باشندوں کو آمدورفت میں آسانی حاصل ہوگی۔
جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق منظور شدہ منصوبوں میں نہٹور،نورپور، امروہہ،جویا (ایس ایچ،77) شاہراہ کو فور لین میں تبدیل کرنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کا کام شامل ہے۔ اس کے علاوہ امروہہ شہر کے گنجان آباد حصے میں اسی شاہراہ کے کنارے انٹرلاکنگ ٹائلز اور نالوں کی تعمیر بھی کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ امروہہ کانٹھ بائی پاس (شہری روڈ) کے مختلف آباد علاقوں میں سی سی روڈ، نالیاں اور سڑک کی پٹریوں پر انٹرلاکنگ کا خصوصی تعمیراتی کام کیا جائے گا، جبکہ ایس ایچ،9 جویا تا اکوڑا روڈ پر بھی سی سی روڈ، نالوں اور انٹرلاکنگ ٹائلز کی تعمیر شامل ہے۔ منصوبوں میں نہٹور، نورپور، امروہہ ،جویا (ایس ایچ،77) سے گاؤں بھنکوا ہوتے ہوئے ایس ایچ،9 تک سڑک کی اونچائی بڑھانے اور چوڑا کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ امروہہ،اتراسی،حسن پور روڈ کے کلو میٹر 26 پر واقع اوور برج پر کرش بیریئر (Crash Barrier) نصب کیا جائے گا تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔ مالی کھیڑا روڈ کی خصوصی مرمت بھی منظور کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تمام سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھیں اور شہری و دیہی عوام مسلسل ان کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کر رہے تھے۔
حاجی محبوب علی نے کہا کہ امروہہ اسمبلی حلقہ میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سڑکیں کسی بھی علاقے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف آمدورفت میں سہولت ہوگی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل اور حلقہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ کوششیں جاری رکھیں گے۔

Continue Reading

uttar pradesh

اے ایم یو کے این ایس ایس کیمپس میں نہرو یوا کیندر کے اشتراک سے شجرکاری مہم

Published

on

علی گڑھ: ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے مشترکہ اقدام کے تحت، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) نے نہرو یوا کیندر، علی گڑھ کے تعاون سے اپنے کیمپس میں شجرکاری مہم منعقد کی۔
نہرو یووا کیندر، علی گڑھ کی ضلعی یوتھ آفیسر ڈاکٹر سونالی نیگی نے این ایس ایس کے رضاکاروں اور عملے کے اراکین کی موجودگی میں این ایس ایس کیمپس میں امرود کا ایک پودا لگایا۔ یہ پروگرام این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد محسن خان کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نیگی نے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ماحولیات کے تحفظ میں فعال کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر محمد محسن خان نے نہرو یووا کیندر کی جانب سے فراہم کیے گئے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مشترکہ اقدامات نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
پروگرام کا اختتام این ایس ایس رضاکاروں کی جانب سے فطرت کے تحفظ اور اس تقریب کے دوران لگائے گئے پودے کی دیکھ بھال کے عہد کے ساتھ ہوا۔

Continue Reading

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network