(پی این این)
لکھنؤ:وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سيفئی میں بھینس چرانے والے بیان پر سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اکھلیش نے وزیر اعلیٰ پر گوالوں کی توہین کرنے کے ساتھ ہی بھگوان شری کرشن کے تئیں توہین آمیز تبصرہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ بیان ناقابل معافی ہے۔ اکھلیش نے دعویٰ کیا کہ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں شکست کے اندیشے سے وزیر اعلیٰ کی مایوسی بڑھتی جا رہی ہے، جس کے باعث ان کی زبان کا معیار بھی گرتا جا رہا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گوالوں کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرکے وزیر اعلیٰ نے بالواسطہ طور پر گوپال یعنی بھگوان شری کرشن کی توہین کی ہے۔ اکھلیش نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ سناتن دھرم سے الگ اپنی حکومت قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وارانسی میں پال سماج پر لاٹھی چارج اور راج ماتا اہلیہ بائی ہولکر سے متعلق مجسمے کی مبینہ بے حرمتی کا معاملہ بھی اٹھایا۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پال سماج کے لوگوں کو لاٹھیوں سے پٹوایا گیا تھا اور گڈریا برادری کے ہولکر سماج سے تعلق رکھنے والی بھگوان شیو کی عظیم بھکت راج ماتا دیوی اہلیہ بائی کے شیولنگ والی مورتی کی وارانسی میں شدید بے حرمتی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ نہ تو بھگوان شیو کے اپنے ہیں، نہ بھگوان رام کے، نہ بھگوان کرشن کے اور نہ ہی دیوی اہلیہ بائی کے۔
اکھلیش نے وزیر اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ سناتنی لباس پہن کر گھٹیا زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں، اس لیے انہیں عوامی وقار کے ساتھ اپنے عہدے کی عظمت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ اکھلیش نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ صحافیوں، افسران اور دیگر لوگوں کے ساتھ بھی وزیر اعلیٰ کا رویہ توہین آمیز رہا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں ایک دیگر شخص کو اتر پردیش بلائے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے لوگ عوامی طور پر بھگوان رام اور بھگوان کرشن کی توہین کرتے ہیں اور سماج کو تقسیم کرنے والی زبان استعمال کرتے ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ جب کوئی شخص کمزور پڑنے لگتا ہے تو وہ غیر اخلاقی سہارے تلاش کرنے لگتا ہے۔
اکھلیش یادو نے 2024 اور 2026 میں ملی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ 2027 میں ہونے والی شکست سے خوف زدہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جتنی زیادہ مایوسی بڑھے گی، زبان کا معیار اتنا ہی گرتا جائے گا۔ اکھلیش نے کہا کہ اگر بی جے پی کو اپنی جیت کا یقین ہوتا تو وزیر اعلیٰ اپوزیشن پر حملے کرنے کے بجائے اپنی حکومت کی حصولیابیاں گنواتے۔
انہوں نے 2027 کے اسمبلی انتخابات کو پانچ فیصد مغرور اور بالادستی کے حامی لوگوں اور 95 فیصد پی ڈی اے کے درمیان لڑائی قرار دیا۔ اکھلیش کے مطابق، پی ڈی اے میں اب ہر سماج کے مظلوم، پریشان اور بے عزتی کا سامنا کرنے والے لوگ شامل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی اے کا عوامی دائرہ 85 فیصد سے بڑھ کر 95 فیصد ہو گیا ہے۔
