تازہ ترین
ریاست میں مکان کی تعمیر کیلئے نئے ضابطے نافذ، کمرے کی چوڑائی کم از کم 8 فٹ مقرر، باورچی خانے اور غسل خانے کے لیے بھی معیارات طےتقسیم ہند کے تاریخی واقعات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جاناضروری: جسٹس مارکنڈے کاٹجومولانا محمد مظہر حسین کے سانحۂ ارتحال پر امارتِ شرعیہ میں دعائیہ نشستڈاکٹر راہل راج اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی میں بے ضابطگیوں پر برہم، ایم ایل سی نے محکمانہ احکامات کے باوجود تاخیر پر اٹھائے سوالات، اعلیٰ سطحی جائزہ کا مطالبہتعلیم کے ساتھ تربیت ہی روشن مستقبل کی اصل ضمانت، سیتامڑھی کے الحبیب انگلش میڈیم اسکول میں پیرنٹس ٹیچر میٹنگ اور تربیتِ اولاد ورکشاپ کا کامیاب انعقاددیوبند:غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے پر 5 افراد گرفتار، گرفتار کئے گئے افراد کے خلاف اسلحہ ایکٹ ،مارپیٹ ،چوری اور دھمکی دیئے جانے سے متعلق مقدمات درج ہیں : کوتوالی انچارج سندیپ بالیانلکھنؤ میں ’’ایک شام افضل منگلوری کے نام‘‘ تقریب کا انعقادآئی آئی ٹی ایف دہلی میں بہار پویلین میں ورثے اور ترقی کی جھلک
بہار

تعلیم کے ساتھ تربیت ہی روشن مستقبل کی اصل ضمانت، سیتامڑھی کے الحبیب انگلش میڈیم اسکول میں پیرنٹس ٹیچر میٹنگ اور تربیتِ اولاد ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

(پی این این)
سیتامڑھی:الحبیب انگلش میڈیم اسکول، مولانگر میں اتوار، 15 نومبر 2026ء کو پیرنٹس ٹیچر میٹنگ (PTM) اور ’’تربیتِ اولاد‘‘ کے عنوان سے ایک اہم، بامقصد اور یادگار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں والدین، ماؤں اور سرپرستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ادارے کے تئیں اپنی محبت، اعتماد اور دلچسپی کا بھرپور اظہار کیا۔ والدین کی یہ غیر معمولی شرکت ادارے کے تعلیمی و تربیتی نظام پر ان کے اعتماد کا خوب صورت ثبوت تھی، جس سے ادارے کے ذمہ داران اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
واضح رہے کہ اس پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد ششماہی امتحانات کے بعد طلبہ و طالبات کے نتائج، تعلیمی پیش رفت اور مجموعی کارکردگی سے والدین کو واقف کرانا، نیز اسکول اور گھر کے درمیان بہتر تعلیمی و تربیتی روابط کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں اور والدین کے ہاتھوں تمام طلبہ و طالبات میں مارک شیٹ اور تحائف تقسیم کیے گئے، جب کہ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو خصوصی اور قیمتی انعامات سے نوازا گیا۔
پروگرام کے آغاز میں طلبہ و طالبات نے اپنی مختلف صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ بعض بچوں نے قرآنِ کریم کی تلاوت، نعتِ رسولِ مقبولؐ، اردو و انگریزی نظمیں اور اردو و انگریزی تقاریر پیش کرکے حاضرین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ بچوں نے نہایت پُراعتماد انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس سے نہ صرف پروگرام کی رونق میں اضافہ ہوا بلکہ ان کی دینی، ادبی اور لسانی صلاحیتیں بھی نمایاں ہوکر سامنے آئیں۔
پروگرام کے تربیتی و اصلاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سرپرست حضرت مولانا محمد مہتاب عالم قاسمی صاحب، شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم الفضل، جوہاپورہ، احمدآباد، گجرات نے والدین کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت کے لیے صحیح تعلیمی ادارے کا انتخاب والدین کی نہایت اہم ذمہ داری ہے، لیکن افسوس کہ بہت سے والدین اس معاملے میں غفلت برتتے ہیں۔ آج کل ایسے متعدد اسکول اور تعلیمی ادارے قائم ہوچکے ہیں جہاں تعلیم کے نام پر اخلاقی اقدار کو پامال کیا جارہا ہے، عقائد سے کھلواڑ کیا جارہا ہے اور ڈانس و میوزک جیسی سرگرمیوں کے ذریعے دینی و اخلاقی ماحول کو متاثر کیا جارہا ہے۔ ایسے ماحول سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے تعلیمی اداروں کے انتخاب میں غیر معمولی احتیاط سے کام لیں اور محض ظاہری چمک دمک سے متاثر ہونے کے بجائے ادارے کے تعلیمی، اخلاقی اور دینی ماحول کو ترجیح دیں۔ادارے کے ڈائریکٹر مولانا معاذ مدثر قاسمی نے ماؤں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت صرف انہیں اسکول یا ٹیوشن بھیج دینے سے مکمل نہیں ہوجاتی، بلکہ گھر میں والدین، بالخصوص ماؤں کا کردار بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔ آج کے دور میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے والدین کی سب سے بڑی کوتاہی یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مناسب وقت نہیں دے پاتے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں سے گفتگو کریں، ان کے مسائل اور جذبات کو سمجھیں، انہیں اخلاقی واقعات اور سبق آموز کہانیاں سنائیں اور ان کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم کریں۔ اگر والدین بچوں کو وقت نہیں دیں گے تو بچے اپنے دل کی بات کہنے اور مسائل بیان کرنے کے لیے کسی دوسرے سہارے کی تلاش کریں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کے لیے وقت نکالیں۔
ان کی باتوں کو توجہ سے سنیں اور ان کی ذہنی، اخلاقی اور دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔
پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات کی جانب سے تیار کردہ مختلف تخلیقی و اختراعی اشیاء، تعلیمی ماڈلز اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں کی نمائش بھی کی گئی۔ والدین نے بچوں کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں، کلاس رومز اور درس گاہوں کی خوب صورت سجاوٹ اور پروگرام کے بہترین انتظامات کو بے حد سراہا۔ بچوں کے ہاتھوں تیار کردہ مختلف اشیاء اور ان کی اختراعی صلاحیتوں کا مشاہدہ کرکے والدین نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کی تعلیمی و تربیتی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر ایک طالبہ کے والد جناب ظفر الاسلام صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بھی بے حد ضروری ہے اور یہی الحبیب انگلش میڈیم اسکول کا امتیازی وصف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا معیاری تعلیمی و تربیتی ماحول فراہم کرنے والا ادارہ علاقے میں بہت کم نظر آتا ہے۔ الحبیب انگلش میڈیم اسکول پورے علاقے کے لیے ایک بڑی نعمت ہے، جس سے اہلِ علاقہ کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
بلاشبہ یہ پروگرام اس حقیقت کا مظہر تھا کہ الحبیب انگلش میڈیم اسکول محض نصابی تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت نشوونما، اخلاقی و دینی تربیت، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور والدین کے ساتھ مضبوط تعلیمی روابط قائم کرنے کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں کررہا ہے۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف بچوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ والدین کو بھی اپنے بچوں کی تعلیمی و تربیتی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں۔
پروگرام کی کامیابی میں ادارے کے اساتذہ احمد سر، ماسٹر عارف، ماسٹر محمد اور جامعۃ الحبیب کے ذمہ دار اساتذہ مولانا محفوظ عالم قاسمی، مولانا شرف عالم قاسمی، مولانا امانت علی اور مولانا پرویز عالم نے نمایاں کردار ادا کیا۔ تمام اساتذہ اور معاونین کی مشترکہ محنت، باہمی تعاون اور حسنِ انتظام کے نتیجے میں یہ پروگرام نہایت کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ والدین کی غیر معمولی شرکت، محبت اور اعتماد نے ادارے کے حوصلوں کو نئی توانائی بخشی اور اس عزم کو مزید مستحکم کیا کہ الحبیب انگلش میڈیم اسکول مستقبل میں بھی تعلیم کے ساتھ تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے نئی نسل کی علمی، اخلاقی اور دینی آبیاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں