دلی این سی آر
ڈگریوں سے عہدہ تو مل سکتا ہے لیکن وہ انسان بنادے یہ ضروری نہیں : پروفیسر خواجہ اکرام
(پی این این)
نئی دہلی:دہلی کے اردو اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی یہ خوش نصیبی ہے کہ ان کے اندر اردو فن و ثقافت کا ذوق و شوق بیدار کرنے اور اس مسابقتی دور میں خود اعتمادی و حوصلہ بڑھانے کے لیے اردو اکادمی، دہلی ہر سال تعلیمی و ثقافتی مقابلے منعقد کرتی ہے، جن میں سیکڑوں طلبہ و طالبات شریک ہوتے ہیں۔ ان مقابلوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے جاتے ہیں، جب کہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تشجیعی انعامات بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ سب سے زیادہ شرکت کرنے والے اسکول کو ”Best Participating School” (بہترین شرکت کرنے والا اسکول) اور سب سے زیادہ انعامات حاصل کرنے والے اسکول کو ”Best Performing School” (بہترین کارکردگی کا حامل اسکول) کی ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ان مقابلوں میں تقریر، فی البدیہہ تقریر، بیت بازی، اردو ڈراما، غزل سرائی، کوئز، مضمون نویسی، خطوط نویسی، خوشخطی، امیج پینٹنگ، گروپ سانگ (پرائمری زمرہ) اور بلند خوانی (پرائمری زمرہ) شامل ہیں۔ یہ تعلیمی مقابلے دہلی کے پرائمری سے لے کر سینئر سیکنڈری سطح کے اردو اسکولوں کے درمیان منعقد کیے جاتے ہیں اور 8 ستمبر 2025 تک جاری رہیں گے۔
مقابلے اب دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکے ہیں۔ آج سینئر سیکنڈری زمرے کے تحت دو تقریری مقابلے منعقد ہوئے۔ صبح کے سیشن میں ہونے والے مقابلے کا عنوان تھا: ’’آج کے ہندوستان میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قیادت سے کیا سیکھا جا سکتا ہے‘‘۔ اس مقابلے میں 19 اسکولوں کے 34 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 11 طلبہ و طالبات کو انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر معروف صحافی شعیب رضا فاطمی اور ڈاکٹر ارشاد نیازی نے جج کے فرائض انجام دیے۔ دوسرا فی البدیہہ تقریری مقابلہ دوپہر ڈھائی بجے منعقد ہوا۔
دوپہر کے بعد فی البدیہہ تقریری مقابلہ شروع ہوا۔ اس مقابلے میں جج صاحبان پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین اور شعیب رضا فاطمی کے مشورے سے طلبہ کو مقابلے سے محض دس منٹ قبل عنوان ’’تعلیم کا مقصد: ڈگری یا کردارسازی‘‘ دیا گیا ۔ اس مقابلے میں 8 اسکولوں سے کل 16 بچوں نے شرکت کی اور کل 6 بچے انعامات کے حقدار ہوئے۔ پروفیسر خواجہ محمد اکرام نے کہا کہ تمام بچوں نے اس فی البدیہہ مقابلے میں اپنے موضوع پر نہایت عمدہ اور برمحل گفتگو کی۔ یہ آج کے بچوں کی خصوصیت ہے کہ ان کے اندر خود اعتمادی کثرت سے پائی جاتی ہے، جو دس سال پہلے کے بچوں میں کم دکھائی دیتی تھی۔ موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ علم کا معیار لباس نہیں، بلکہ کردار اور زبان ہے۔ اگر آپ نے دلوں کو جیت لیا تو گویا زمانہ جیت لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری سے عہدہ تو حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ ضروری نہیں کہ وہ انسانیت بھی پیدا کر دے۔
جج صاحبان کے فیصلے کے مطابق پہلے مقابلے میں اول انعام کے لیے التمش ولد مجید( سروودیا بال ودیالیہ بلاک ۲۷، ترلوک پوری ) کو مستحق قرار دیا گیا۔دوسرے انعام کے لیے ارسلان اعظم ولد سید قیصر خالد( گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول، نمبر 2 تخمیر پور)،یمنیٰ گلریز بنت محمد گلریز( رابعہ گرلز پبلک اسکول، گلی قاسم جان) اور زاہد محمد پراچہ ولد محمد نوید پراچہ( کریسنٹ اسکول، دریا گنج) مستحق قرار دیے گئے جب کہ تیسرے انعام کے لیے ریحان ملک ولد محمد عارف(( سروودیا بال ودیالیہ بلاک 27، ترلوک پوری )، ترنم پروین بنت امتیاز احمد( نیو ہورائزن پبلک اسکول، نظام الدین( اور ماریہ رئیس بنت رئیس الدین( اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ) مستحق قرار دیے گئے۔ ان کے علاوہ حوصلہ افزائی انعام کے لیے ادیبہ احمد بنت وکیل احمد( سروودیا کنیا ودیالیہ، جوگابائی)، عاطف اقبال ولد محمد اقبال( کریسنٹ اسکول، دریا گنج) اور زویا بنت محمد حنیف( راجکیہ سروودیا کنیا ودیالیہ نمبر 2، جامع مسجد) مستحق قرار دیے گئے۔
ججیز کے فیصلے کے مطابق اول انعام کے لیے یمنیٰ گلریز بنت محمد گلریز( رابعہ گرلز پبلک اسکول، گلی قاسم جان)، دوسرے انعام کے لیے صبغت اللہ مشتاق ولد مشتاق احمد بھٹ( جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور تیسرے انعام کے لییمیمونہ خان بنت معین خان( سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور حوصلہ افزائی انعام کے لییارسلان اعظم ولد قیصر خالد( گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول، نمبر 2 تخمیر پور) ، ابو احکام ولد ابو امام( سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور عاطف اقبال ولد محمد اقبال( کریسنٹ اسکول، دریا گنج) کو مستحق قرار دیا گیا۔
دلی این سی آر
سنجے جھیل کو ملےگی نئی زندگی: ایل جی
(پی این این)
نئی دہلی:مشرقی دہلی کی پہچان سمجھی جانے والی سنجے جھیل کو ایک نئی زندگی ملنے والی ہے۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے مشرقی دہلی میں سنجے جھیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں جاری احیاء اور خوبصورتی کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو جھیل کے تحفظ اور بحالی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ معلوم کریں کہ یہ 165 ایکڑ جنگلاتی علاقہ اپنے نئے اوتار میں کب ابھرے گا۔دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (DDA) نے تقریباً 52 ایکڑ پر پھیلی اس انسانی ساختہ جھیل کے لیے ایک مرحلہ وار منصوبہ تیار کیا ہے، اور اس کے ارد گرد 165 ایکڑ پر محیط جنگلاتی علاقہ ہے۔ معائنہ کے دوران، ایل جی نے جھیل کو پانی کی فراہمی میں خلل پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کو ہدایت دی کہ وہ دلو پورہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) سے ٹریٹ شدہ پانی کی باقاعدگی سے فراہمی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔LG نے جھیل پر جاری کاموں کا جائزہ لیا، جس میں جڑی بوٹیوں کو ختم کرنا، طحالب کی صفائی، اور جیو ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈھلوانوں کو مضبوط کرنا شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔اگست 2026 تک مکمل ہونے والے پہلے مرحلے میں جھیل کے ارد گرد جمع ہونے والے پانی کو مرکزی ذخائر کی طرف موڑنا، بائیو سویلز کی تنصیب، واک ویز کی مرمت اور جھیل کے بستر سے جڑی بوٹیوں کو ہٹانا شامل ہے۔ دوسرا مرحلہ، جو مئی 2027 تک مکمل کیا جائے گا، اس میں نکاسی آب کے نظام کو مضبوط بنانا، وسیع پیمانے پر بائیو میڈی ایشن، پانی کے معیار اور تحلیل شدہ آکسیجن کی سطح کو بہتر بنانے کے لیے ایریٹرز اور فوارے نصب کرنا شامل ہیں۔ماحولیاتی توازن کو مضبوط بنانے کے لیے، LG نے علاقے میں 5,000 مقامی درختوں کے پودے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ فی الحال، متعدد انواع موجود ہیں، جن میں یوکلپٹس، نیم، ارجن، پِلخان، اشوکا، چاندنی، ہیبسکس اور اولینڈر شامل ہیں۔ایل جی نے کہا کہ سنجے جھیل کو اس کی سابقہ شان میں بحال کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے محکموں کے درمیان بہتر تال میل، CSR فنڈنگ کے استعمال، اور مقامی RWAs کی شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آنے والی نسلوں کے لیے جھیل ایک صاف، سرسبز اور ماحولیاتی لحاظ سے اچھی عوامی جگہ بنی رہے۔
دلی این سی آر
دہلی میں 50 آئی اے ایس اور کئی سینئر افسران کا تبادلہ
(پی این این)
نئی دہلی :دہلی حکومت نے ایک بڑا انتظامی ردوبدل کیا ہے۔ حکومت نے 50 IAS اور DANICS (دہلی، انڈمان اور نیکوبار جزائر سول سروس) افسران کا تبادلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت میں سیکرٹری سطح کے تقریباً تمام افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
کابینی وزراء پنکج کمار سنگھ (صحت) اور کپل مشرا (سیاحت) کے سکریٹریوں کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔انڈین ایکسپریس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ محکمہ صحت میں سرکاری اسپتالوں کے لیے دوائیوں کی خریداری سے متعلق اٹھنے والے سوالات کے درمیان آیا ہے۔ اتنی بڑی تبدیلی کو حکومت کے کام کرنے کے انداز میں تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کے علاوہ خواتین اور بچوں کی ترقی، تجارت اور ٹیکس، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ریونیو، شہری ترقی، جیلوں، بجلی، اور واٹر بورڈ سمیت کئی محکموں میں افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ادویات اور دیگر طبی آلات کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکومت نے محکمہ صحت کے دو اعلیٰ افسران کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ان دو اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے سے پہلے، انسداد بدعنوانی برانچ (اے سی بی) نے اس کیس کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے سنٹرل پروکیورمنٹ ایجنسی (سی پی اے) کے اس وقت کے انچارج ڈاکٹر ونود کمار رنگا کو گرفتار کیا تھا۔ ان پر خریداری کے عمل میں زبردست بے ضابطگیوں اور منتخب کمپنیوں کی حمایت کا الزام ہے۔ اس سے مبینہ طور پر سرکاری خزانے کو کافی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی حکومت نے سینٹرل پروکیورمنٹ ایجنسی کے 40 سے زیادہ میڈیکل، پیرا میڈیکل اور انتظامی افسران اور ملازمین کا تبادلہ کیا تھا۔ حکومت نے کہا کہ سنٹرل پروکیورمنٹ ایجنسی دہلی حکومت کے صحت کے نظام کے لیے کام کرنے والا ایک اہم محکمہ ہے اور اس میں تجربہ کار افسران اور ملازمین کو شامل کیا جا رہا ہے۔فائر ڈیپارٹمنٹ میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شہر میں آتشزدگی کے حالیہ واقعات کے بعد فائر ڈیپارٹمنٹ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ دہلی فائر سروسز کے پرنسپل ڈائرکٹر نیدنچیزیان کو ہٹا دیا گیا ہے اور اب یہ ذمہ داری سچن رانا (اضافی چارج) کو سونپی گئی ہے۔ وہ محکمہ شہری ترقی اور محکمہ داخلہ میں سکریٹری کے عہدوں پر بھی فائز رہیں گے۔
دلی این سی آر
اردو اکادمی دہلی کی اردو تھیٹر ورکشاپ کا شاندار اختتام
(پی این این)
نئی دہلی: اردو اکادمی، دہلی کی تھیٹر ورکشاپ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور مسلسل جاری رہنے والا پروگرام ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی اردو تھیٹر ورکشاپ کے دو مراکز قائم کیے گئے تھے کریسنٹ اسکول، موج پور اور اردو اکادمی دہلی کے دفتر کا احاطہ۔ ہندوستان میں شاید ہی کوئی دوسری ادبی و ثقافتی اکادمی ہو جو تقریباً تین دہائیوں سے مسلسل بچوں کے لیے باضابطہ ڈراما ورکشاپ کا انعقاد کرتی آ رہی ہو۔ اس ورکشاپ کے ذریعے بچوں کو اداکاری، مکالمہ ادائیگی، اسٹیج کے آداب اور اردو تھیٹر کی روایت سے عملی طور پر روشناس کرایا جاتا ہے۔وزیر برائے فن، ثقافت و السنہ اور چیئرمین اردو اکادمی ،دہلی کپل مشرا کی خصوصی توجہ، تعاون اور سرپرستی کے باعث ہی سمر کیمپ اور اردو تھیٹر ورکشاپ کا کامیاب انعقاد ممکن ہو سکا۔
منڈی ہاؤس کے سری رام سینٹر میں منعقدہ اختتامی پروگرام میں بڑی تعداد میں ایسے افراد بھی شریک ہوئے جن کا تعلق غیر اردو پس منظر سے تھا۔ اس موقع پر ایک خاتون نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ ’یہ میری زندگی کا پہلا موقع ہے کہ میں اردو اکادمی کے کسی پروگرام میں شریک ہوئی ہوں۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ بچوں کی صلاحیتوں پر مبنی اتنا خوبصورت اور معیاری پروگرام بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔‘‘دیگر حاضرین نے بھی بچوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف بائیس دن کی محنت میں بچوں نے جس اعتماد اور مہارت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وہ حیرت انگیز اور قابلِ ستائش ہے۔ ان کے مطابق اردو اکادمی، دہلی اس کامیاب کاوش پر مبارک باد کی مستحق ہے۔
دوسرے روز کا پروگرام اپنے مقررہ وقت پر ریشماں فاروق کی دلکش نظامت میں شروع ہوا۔ اردو اکادمی، دہلی کے سینئر اراکین محمد ہارون اور عزیز حسین قدوسی نے فنکاروں کو گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا۔
پروگرام کا پہلا حصہ سمر کیمپ میں تیار کردہ داستان گوئی پر مشتمل تھا، جس میں نو بچوں نے جناب ساحل آغا اور محترمہ اسما رحمان کی رہنمائی میں اپنی داستانیں پیش کیں۔ افرا افتخار نے ’’چچا چھکن‘‘، سمرین نے ’’نیکی کا فرشتہ‘‘، محمد عمر نے ’’شیر اور خرگوش‘‘، افرح حریم نے ’’ایمانداری‘‘، زویا نے ’’بڑوں کی عزت‘‘، یاسین نوشاد نے ’’کپڑوں کی دعوت‘‘، انشا محبوب نے ’’دنیا کی سب سے قیمتی چیز کیا ہے؟‘‘، ایمن فاطمہ نے ’’محنتی کسان اور اس کے آلسی بیٹے‘‘ اور عنایہ عظیم نے ’’میں بچ گئی ماں‘‘ کے عنوانات سے اپنی داستانیں پیش کیں۔
پروگرام کا دوسرا حصہ سمر کیمپ میں تیار کردہ غزل گائیکی پر مشتمل تھا۔ جویریہ نے ’’بازیچۂ اطفال ہے دنیا مرے آگے‘‘، تسمیہ نے ’’اگر ہم کہیں اور وہ مسکرا دیں‘‘ اور عامرہ نے ’’یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ وصالِ یار ہوتا‘‘ پیش کر کے سامعین سے خوب داد حاصل کی۔ ان کے ساتھ ہارمونیم پر ان کے موسیقی استاد جناب ذیشان ضمیر اور طبلے پر غلام صابر نے شاندار سنگت پیش کی۔
بعد ازاں اردو تھیٹر ورکشاپ میں تیار کردہ مزاحیہ ڈراما ’’گدھے کا گدھا‘‘ پیش کیا گیا۔ ڈرامے کی کہانی جمن میاں اور ان کے محبوب گدھے ’’جنّوں میاں‘‘ کے گرد گھومتی ہے، جسے وہ تعلیم دلا کر انسان بنانا چاہتے ہیں۔ مختلف مناظر پر مشتمل اس ڈرامے میں معاشرتی مسائل کی عکاسی کے ساتھ کئی اہم پیغامات بھی پیش کیے گئے۔تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل اس ڈرامے میں اٹھائیس ننھے اداکاروں نے اپنی شاندار اداکاری سے حاضرین کو محظوظ کیا اور بھرپور داد حاصل کی۔
دونوں روز کے پروگراموں نے ثابت کر دیا کہ اردو اکادمی، دہلی کا سمر کیمپ اور تھیٹر ورکشاپ ہر اعتبار سے کامیاب رہا۔ ان دو دنوں میں 17بچوں نے داستان گوئی،5 بچوں نے غزل گائیکی اور71 بچوں نے ڈراموں میں حصہ لیا۔پروگرام میں ڈراما اور ادب سے وابستہ شخصیات کے علاوہ ڈاکٹر شعیب رضا خاں وارثی، ڈاکٹر شاہنواز فیاض، ڈاکٹر فرمان چودھری، حبیب سیفی، عرفان راہی، شاکر دہلوی، مختلف اسکولوں کے اساتذہ و طلبہ اور بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر2 years agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار7 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار1 year agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ2 years agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر10 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
