(پی این این)
گیا جی: شہر کے کوتوالی تھانہ حلقہ واقع رنگ بہادر روڈ میں پیر کی دیر رات تقریباً 11 بجے ایک کباڑ گودام میں اچانک آگ لگنے سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ شیعہ مسجد کے قریب واقع گودام میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے مکانات اور رِچا الٹراساؤنڈ سینٹر کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کے شعلے تین منزلہ مکان تک پہنچنے لگے، جس سے گھروں میں رکھے گیس سلنڈروں اور الٹراساؤنڈ سینٹر کی تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی مشین پر خطرہ منڈلانے لگا۔ تاہم مقامی لوگوں اور فائر بریگیڈ اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گودام میں دیوالی کے دوران جمع کیے گئے کارٹن، پلاسٹک اور دیگر آتش گیر سامان بڑی مقدار میں رکھے ہوئے تھے۔ پیر کی رات اچانک آگ لگی اور کچھ ہی دیر میں اس نے بھیانک شکل اختیار کر لی۔ ابتدائی جانچ میں پٹاخے کی چنگاری سے آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آگ کے شعلے قریبی مکانات تک پہنچنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی خاندان جان بچانے کے لیے اپنے گھروں سے نکل کر سڑک پر آگئے۔
آگ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر مکانات میں رکھے گیس سلنڈروں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا۔ وہیں رِچا الٹراساؤنڈ سینٹر کے مالک سنتوش کمار عرف بڑے نے مقامی لوگوں اور فائر بریگیڈ اہلکاروں کی مدد سے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی الٹراساؤنڈ مشین سمیت دیگر طبی آلات کو باہر نکلوایا۔ مکان مالک سنجے سنگھ اور امرناتھ نے بتایا کہ آگ کے شعلے اس قدر تیز تھے کہ دونوں مکانات پر خطرہ منڈلانے لگا تھا۔ اس کے بعد تمام لوگ گھر چھوڑ کر باہر نکل آئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوتوالی پولیس اور فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ تقریباً ایک گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ فائر اہلکار راہل کمار ببواں نے بتایا کہ پوری احتیاط اور حکمت عملی کے ساتھ آگ بجھائی گئی۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گنجان آبادی کے درمیان تقریباً چار کٹھہ کے پلاٹ میں کباڑ کی دکان چلائی جا رہی ہے، جہاں بڑی مقدار میں آتش گیر سامان جمع رہتا ہے۔
دکان کے انتظام اور حفاظتی اقدامات کو لے کر پہلے بھی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد آبادی کے درمیان کباڑ گوداموں کے قیام اور وہاں آگ بجھانے کے مناسب انتظامات کی عدم موجودگی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ فی الحال آگ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
گیاجی میںکباڑ گودام میں آتشزدگی سے علاقے میں خوف و ہراس، گیس سلنڈر اور 25 لاکھ کی مشین نکالی گئی باہر ،6 فائر بریگیڈ گاڑیوں نے ایک گھنٹے میں آگ پر پایا قابو، گنجان آبادی میں گودام کے قیام پر اٹھے سوالات
