تازہ ترین
کسی ادبی فن پارے کوسمجھنےکیلئے اس کے لسانی روپ کامطالعہ ناگزیر: پروفیسر علی رفاد فتیحیدہلی-این سی آر میں آلودگی پھیلانے والی 191 صنعتی اکائیوں کو بند کرنے کی ہدایتIITF میلے میں ریکھا گپتا نے دہلی پویلین کا کیا افتتاحرام لیلا میدان میں 50 ہزار سے زائد افراد کے داخلے پر لگ سکتی ہے پابندیراجدھانی کی زہریلی ہوا پر ماکن کی مرکز اور دہلی حکومت پر تنقید16ویں آل انڈیا ایجوکیشنل کانفرنس کی تیاری کیلئے اہم میٹنگسرسا کا’آپ‘لیڈروں پر مری ہوئی مچھلیاں جمنا میں پھینکنے کا الزامچھٹھ مہاپرو کے لیے دہلی کے تمام گھاٹ تیار:ریکھا گپتا
دلی این سی آر

کسی ادبی فن پارے کوسمجھنےکیلئے اس کے لسانی روپ کامطالعہ ناگزیر: پروفیسر علی رفاد فتیحی

نئی دہلی:آج شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے زیرِ اہتمام انیسویں سجاد ظہیریادگاری خطبے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ خطبہ معروف ماہرلسانیات پروفیسر علی رفاد فتیحی سابق استاد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نےلسانیاتی تنقید کے فکری اور تشکیلاتی مباحث کے موضوع پر دیا۔
پروفیسر علی رفادفتیحی نے لسانیاتی تنقید کے مختلف فکری و نظری مباحث پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنقید ہمیشہ منطق کی تلاش کرتی ہے اور کسی ادبی فن پارے کو سمجھنے کے لیے اس کے لسانی روپ کا مطالعہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسعود حسین خاں کی کوششوں سے فن پاروں کو لسانی سطح پر پرکھنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس ضمن میں انہوں نے مسعود حسین خاں، خلیل احمد بیگ اور گوپی چند نارنگ کی لسانیاتی و اسلوبیاتی خدمات کا خصوصی ذکر کیا۔انہوں نے اسلوبیات کو لسانیات کی ایک ایسی شاخ قرار دیا جو ادبی متن کا مطالعہ اس کے لسانی، صوتیاتی اور ساختیاتی پہلوؤں کی روشنی میں کرتی ہے۔ اس ضمن میں الفاظ کے انتخاب اور تکرار کی اہمیت واضح کرتے ہوئے ڈی فیملیرائزیشن کے تصور پر روشنی ڈالی اور اسے اجنبیت آفرینی سے تعبیر کیا، جس کے تحت مانوس اشیا کو غیر مانوس انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایسے لسانی عناصر کی ترسیلی اہمیت بھی واضح کی جن کے لغوی معنی متعین نہیں ہوتے، لیکن وہ ابلاغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے رومن جیکبسن(Romon Jacobson) کے لسانی و تنقیدی نظریات، ژاک دریدا کے ساختیاتی و پس ساختیاتی افکار اور رولاں بارتھ(Ronaland Barthes) کی تنقیدی خدمات کا بھی خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان مفکرین نے زبان، علامات، معنی اور ادبی متن کے مطالعے کو نئے فکری تناظر عطا کیے۔ مزید برآں، انہوں نے ڈسکورس (Discourse) کے تجزیے اور پاور ڈائنامکسکے باہمی تعلق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبان اور بیانیہ غیر جانب دار نہیں ہوتے بلکہ ان کے ذریعے مختلف طبقات اور ادارے اپنے نظریات اور اقتدار کے رشتوں کو مستحکم کرتے ہیں۔صدر شعبہ اردوپروفیسر کوثر مظہری نے مہمان خطیب کا استقبال نہال پیشی اور مومنٹو سے کیا۔انھوں نے اپنی صدارتی تقریر میں پروفیسر علی رفاد فتیحی کی گفتگو کے مختلف پہلوؤں سے اتفاق کیا اور کہا کہ لسانیات کا نام سنتے ہی عموماً لوگ اس کے خشک اور دقیق موضوع ہونے کے باعث قدرے خوف زدہ ہو جاتے ہیں، لیکن فتیحی صاحب نے اس موضوع کو نہ صرف آسان بنا دیا بلکہ نہایت صاف و شفاف انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے لسان اور لسانیاتی تنقید کے فرق، جمالیاتی قدروں سے اس کے تعلق اور جدید تنقید میں ان مباحث کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس ضمن میں انہوں نے کلیم الدین احمد کے حوالے سے اقلیدس کی کمر کی مثال اور وکٹر شکلووسکی(Viktor Shklovsky)کے نظریۂ اجنبیت آفرینی کا ذکر کیا۔ انہوں نے فتیحی صاحب کی گفتگو میں شامل انحراف اور متوازیت کے تصورات کو بھی قابلِ توجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اصطلاحات سے واقفیت کے بغیر جدید تنقید کو سمجھنا اور متن تک رسائی ممکن نہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان مباحث کی تفہیم عصرِ حاضر کے ادبی مطالعے کے لیے ناگزیر ہے۔
اس یادگاری خطبے کے کنوینر پروفیسرسرورالہدیٰ نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمان خطیب کا تعارف پیش کیااور ساتھ ہی سجاد ظہیر کی ادبی معنویت پربصیرت افروز گفتگو کی۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر شاہنواز فیاض کی تلاوت اور اختتام ڈاکٹر سیدتنویرحسین کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ اس موقع پر پروفیسر محمدعلیم،پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر شاہ عالم، پروفیسر عمران احمد عندلیب، ڈاکٹر مشیر احمد،ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر مخمور صدری، ڈاکٹر خان رضوان، ڈاکٹر ثاقب فریدی اور ڈاکٹر راحت افزا کے علاوہ بڑی تعداد میں ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں