نئی دہلی: مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو نے دہلی۔این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آلودگی کنٹرول اقدامات میں تیزی لانے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتی اکائیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے آلودگی پر قابو پانے کے آلات نصب نہ کرنے والی 191 صنعتی اکائیوں کو فوری طور پر بند کرنے کو بھی کہا ہے۔مسٹر یادو نے ہفتہ کو دہلی۔این سی آر میں فضائی آلودگی کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ اب صرف منصوبے بنانے کے بجائے مقررہ مدت کے اندر زمینی سطح پر کارروائی یقینی بنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تال میل اور افسران کی جواب دہی طے کرنا بھی ضروری ہے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ 5,480 کلومیٹر کی مقررہ سڑکوں میں سے 3,221 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر نو کی جاچکی ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی صفائی، گڑھوں کی مرمت اور این سی آر کے 233 نشان زدہ ٹریفک جام والے مقامات پر اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دہلی کی سرحد پر 154 داخلی مقامات پر ملٹی لین فری فلو نظام نصب کرنے کا کام 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔مسٹر یادو نے پرانے آلودگی پھیلانے والے ٹرکوں اور بسوں کو بی ایس۔6، سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کرنے کے منصوبے میں تیزی لانے اور پٹرول پمپوں پر خودکار نمبر پلیٹ شناخت کرنے والے کیمرے نصب کرنے کو کہا۔ انہوں نے صنعتی اکائیوں میں آلودگی کنٹرول کے معیارات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں بجلی کا کنکشن منقطع کرنے اور انہیں سیل کرنے جیسی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔مسٹر یادو نے بلدیاتی اداروں کو کھلے میں کچرا پھینکنے اور جلانے پر روک لگانے اور کچرے کی پروسیسنگ کی صلاحیت بڑھانے کو کہا۔ انہوں نے افسران کو باقاعدہ معائنہ اور نگرانی کے ذریعے آلودگی کنٹرول کے اقدامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایت دی۔
