نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو کہا کہ دہلی میں چھٹھ مہاپرو کے انعقاد کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے جن سیوا سدن میں چھٹھ مہاپرو کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹھ مہاپرو لاکھوں خاندانوں کے عقیدے، اعتماد اور روایت سے جڑا ہوا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر ورت رکھنے والے اور عقیدت مند کو پوجا ارچنا کے لیے محفوظ، صاف ستھرا اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو واضح ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ہدایت دی کہ تیاریوں میں کہیں بھی کوئی کمی یا رکاوٹ سامنے آنے پر متعلقہ محکمے باہمی تال میل سے اسے فوری طور پر دور کریں۔
چھٹھ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیر اعلیٰ کے علاوہ سینئر افسران اور مختلف اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ بھی مسلسل گھاٹوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ چھٹھ پوجا کمیٹیوں اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ معائنہ کرکے وہاں تک پہنچنے کے راستوں، بجلی، پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو متعلقہ محکموں کے ذریعے دور کیا گیا ہے، تاکہ پوجا شروع ہونے سے پہلے تمام گھاٹوں پر ضروری سہولتیں دستیاب ہوں۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق 16 نومبر تک تمام گھاٹوں پر ضروری انتظامات کے ساتھ عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔ دہلی پولیس کو گھاٹوں پر سکیورٹی اور امن و قانون کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس عقیدت مندوں کی آمد و رفت، گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت اور ہنگامی راستوں کو آسان بنائے رکھنے کا کام کرے گی۔ میونسپل کارپوریشن اور نئی دہلی میونسپل کونسل کو گھاٹوں اور آس پاس کے علاقوں میں صفائی، کچرا جمع کرنے اور اسے ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہیں، دہلی جل بورڈ پینے کے پانی اور واٹر ٹینکروں کا انتظام کرے گا۔ دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ موبائل بیت الخلاؤں کی دستیابی اور ان کی باقاعدہ صفائی کو یقینی بنائے گا۔ بجلی کے محکمے اور تقسیم کار کمپنیوں نے گھاٹوں اور وہاں تک پہنچنے والے راستوں پر روشنی اور بجلی کا انتظام کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ چھٹھ مہاپرو کے اختتام کے بعد بھی گھاٹوں کی صفائی اور انتظامات کی نگرانی جاری رہے گی۔ تہوار کے بعد گھاٹوں اور آس پاس کے علاقوں میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی۔ متعلقہ ایجنسیوں کو اپنے اپنے علاقوں میں صفائی یقینی بنانے کے ساتھ ہر گھاٹ کی صورتحال کی تصاویر سمیت تعمیلی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دہلی میں رہنے والا ہر پوروانچلی خاندان اور تمام عقیدت مند پوری عقیدت، احترام اور اطمینان کے ساتھ چھٹھ مہاپرو منا سکیں۔ اس مقصد کے لیے تمام انتظامات وقت پر مکمل کرنا اور زمین پر ان کی دستیابی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چھٹھ مہاپرو کے لیے دہلی کے تمام گھاٹ تیار:ریکھا گپتا
