(پی این این)
بودھ گیا (گیاجی): چھٹھ مہاپرو کے موقع پر اپنے گھر لوٹنے کی مجبوری ہوائی مسافروں کی جیب پر بھاری پڑ رہی ہے۔ لوک آستھا کے اس عظیم تہوار سے قبل دہلی اور کولکاتا سے گیا جی آنے والی پروازوں کے کرایوں میں دو سے تین گنا تک اضافہ ہوگیا ہے۔ عام دنوں میں 5 سے 6 ہزار روپے میں ملنے والا ٹکٹ اب 12 سے 16 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ دہلی سے 12 نومبر کو گیا آنے کا کرایہ 16,768 روپے، جبکہ کولکاتا سے 14,505 روپے تک جا پہنچا ہے۔ تہوار کے پیش نظر ٹکٹوں کی بڑھتی قیمتوں نے پردیس میں رہنے والے لوگوں کا بجٹ بگاڑ دیا ہے۔
آن لائن بکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی سے گیا آنے کا کرایہ 11 نومبر کو 14,172 سے 14,631 روپے، 12 نومبر کو 16,768 روپے، 13 نومبر کو 10,557 سے 14,986 روپے اور 14 نومبر کو تقریباً 9,467 روپے رہا۔ وہیں کولکاتا سے آنے کا کرایہ 11 نومبر کو 7,701 سے 8,695 روپے، 12 نومبر کو 14,505 روپے، 13 نومبر کو 6,841 روپے اور 14 نومبر کو 11,178 روپے درج کیا گیا۔ 15 نومبر کے لیے دہلی سے ابتدائی کرایہ 6,218 اور کولکاتا سے 4,749 روپے دکھایا گیا۔
4 نومبر کو کولکاتا سے گیا آنے کا ابتدائی کرایہ تقریباً 6,098 روپے تھا، جو 11 نومبر تک بڑھ کر 8,695 روپے ہوگیا۔ اسی طرح دہلی سے آنے کا ابتدائی کرایہ 8,039 روپے سے بڑھ کر 14 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔ واضح رہے کہ 13 سے 16 نومبر تک چھٹھ مہاپرو منایا جائے گا۔ 15 نومبر کو شام کا ارگھ اور 16 نومبر کو صبح کا ارگھ دیا جائے گا۔ ایسے میں گھر پہنچنے کی جلدی کا فائدہ ایئرلائنز کو مل رہا ہے۔
بودھ گیا ٹریول سیکٹر ایسوسی ایشن کے سندیپ کمار کے مطابق، انڈیگو اور ایئر انڈیا سمیت مختلف ایئرلائنز کے کرایوں میں فی الحال کافی اضافہ ہے۔ ابھی بہار آنے والے مسافروں کی تعداد زیادہ ہے، لیکن 16 نومبر کے بعد دہلی، کولکاتا اور ممبئی واپس جانے والوں کی بھیڑ بڑھے گی۔ ایسے میں واپسی کا کرایہ بھی 10 سے 15 ہزار روپے یا اس سے زیادہ ہوسکتا ہے۔
ہوائی کرایوں میں اضافے کا اثر بودھ گیا کے ہوٹل، ٹور اینڈ ٹریول کاروبار اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد و رفت پر بھی پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب گیا ایئرپورٹ انتظامیہ کرایوں میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے کچھ بھی کہنے سے گریز کررہی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں مجاز نہیں ہیں۔ ایئرپورٹ پر چھٹھ کی جھلک پیش کرنے کے لیے سوپ اور دؤرا سجائے گئے ہیں، لیکن گھر پہنچنے کے لیے مسافروں کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
عقیدت کے تہوار پر ایئرلائنز کی چاندی، چھٹھ پر ہوائی کرایہ3 گنا مہنگا، 12 سے 14 نومبر کے درمیان ہوائی سفر سب سے مہنگا، ایک ہفتے میں ہزاروں روپے کا اضافہ، سیاحتی کاروبار پر بھی مہنگے ٹکٹ کا اثر
