کانپور: (پی این این)تاجر تنظیم کے سابق اور موجودہ عہدیداروں کے درمیان تنازع حل کرانے کے لیے گووند نگر کی ودیارتھی مارکیٹ پہنچے بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش تریویدی کا غصہ پھوٹ پڑا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دوبارہ کسی نے گالی گلوچ کی تو منہ میں جوتا ٹھونس دوں گا۔ انصاف کو دبانے کی کوشش کی گئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آپریشن تھیٹر شروع ہوجائے گا۔رکن اسمبلی کی اس دھمکی کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ تاہم ادارہ اس وائرل ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔
تنظیم کے سابق عہدیداروں پر موجودہ عہدیداروں کے ساتھ گالی گلوچ کرنے کا الزام لگنے کے بعد پیر کی دیر شام رکن اسمبلی مہیش تریویدی تنازع حل کرانے کے لیے پہنچے تھے۔ بات چیت کے دوران انہوں نے پہلے دونوں فریقوں کو سمجھاتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کی بات کہی۔ تاہم، معاملہ بڑھنے پر وہ سابق عہدیداروں پر سخت الفاظ میں برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی من مانی کرکے ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سخت لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کو دبانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے چیلنج بھرے انداز میں کہا کہ کسی کے اثر و رسوخ میں آکر انصاف کی آواز کو دبنے نہیں دیا جائے گا۔
رکن اسمبلی کے ان سخت بیانات کے بعد تاجر تنظیم کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 2 منٹ 47 سیکنڈ کی ویڈیو میں رکن اسمبلی کو تاجروں کے درمیان بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش تریویدی نے بتایا کہ ودیارتھی مارکیٹ کے کچھ لوگ شکایت لے کر ان کے پاس آئے تھے۔ ان کی تکلیف زیادہ تھی، اسی لیے ان کے حقوق اور خودداری کے تحفظ کے لیے انہوں نے یہ الفاظ کہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ باتیں ان لوگوں کے لیے کہی گئی تھیں جنہوں نے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔
وائرل ویڈیو میں بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش تریویدی کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں، تم ہندو ہو یا مسلمان، تم کیوں لڑ رہے ہو؟ آخر مسئلہ کیا ہے؟ آپ سب ایک ساتھ بیٹھو، بات چیت سے معاملہ حل کیا جائے گا۔ تم بی جے پی کے لیے لڑ رہے ہو، جب کہ دوسرے لوگ بھی بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ تم یہاں کچھ بھی غلط نہیں کرسکتے۔ اب تک ہم اچھا کام کررہے تھے، لیکن اب ہم کچھ بھی سننے کو تیار نہیں ہیں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ تم لوگ ایک جھنڈ بناکر ایک بزرگ شخص کو دبا رہے ہو۔ اگر کسی نے دوبارہ ہمیں گالی دی تو اس کے منہ میں جوتا ڈال دیں گے۔ آخر کون اتنا بڑا ہے جو ہمیں گالی دے گا؟ تم اچھے لوگوں کو کھڑے ہونے کا موقع کیوں نہیں دیتے؟ اب وہ ہمیں گالی دے گا۔ تمہیں کس نے گالی دی؟
بی جے پی کے رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ تم لوگ پاکستان سے نہیں آئے ہو، بلکہ سب اپنے ہی گھر کے لوگ ہو۔ اس لیے اپنے اندر پاکیزگی اور اچھائی پیدا کرو۔ اگر سربراہ گناہ گار ہے تو اس کے گناہوں کو بڑھاوا مت دو، اور اگر سربراہ ایماندار اور نیک ہے تو اس نظام کو مضبوط کرو۔ اگر کوئی کسی کی ناحق بے عزتی کرے تو کیا تم غنڈے پالنا چاہتے ہو؟
منھ میں جوتا ٹھونس دوں گا:ایم ایل اے، تاجرگرپوں کے درمیان تنازع حل کرانے پہنچے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہوئے برہم
