لکھنؤ:عالمی شہرت یافتہ شاعر افضل منگلوری کی لکھنؤ آمد پر ” نسیم اختر صدیقی اکادمی اور انجمن ترقی ادب” نے احمد ابراہیم علوی کے دولت کدے واقع 3 ہیلتھ اسکو ائر ” ایک شام افضل منگلوری کے نام” تقریب کا اہتمام کیا، جس میں نامور شعراء و ادبا نے شرکت کی۔ صدارت مشہور رباعی گو شاعر ڈاکٹر سنجے مصرا شوق نے کی۔
مہمان خصوصی واعزازی کے طور پر مسرور شاہ جہاں پوری اور نیر عمر نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرایض شہر کے مشہور شاعرو ادیب رضوان احمد فاروقی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر جناب فاروقی نے کہا کہ افضل منگلوری خانقاہی مزاج کے نہایت چمک دار شاعر ہیں , ان کو موقع اور محل کی مناسبت سے اشعار کے انتخاب میں ملکہ حاصل ہے۔ احمد ابراہیم علوی کے مطابق افضل آج کے شاعر ہیں ،کھلی آنکھوں سے جو کچھ دیکھتے ہیں اسے سلیقے اور ہنر مندی سے پیش کردیتے ہیں۔ ذہانت و فطانت ان کے ہمرکاب ہے۔ ڈاکٹر سنجے مصرا شوق نے کہا کہ افضل کی شاعری میں استعارے اور کنائے کی کہکشاں بکھری ہوئی ہے۔ انھوں نے نئے نقش بنائے ہیں، حصارذات سے نکل کر اک نیا جہان آباد کیا ہے۔ منتخب کلام درج ذیل ہے:
باطل پرست قوتیں ہوں گی دھواں دھواں
تنہا میں اپنے آپ کو لشکر بناؤں گا
سنجے مصرا شوق
جو بلندیوں پہ پہونچ گیا، اسے پستیوں کی سزا ملی
یہ ہر ایک دور کی رسم ہے، جو بڑھا اسی کو گرادیا
افضل منگلوری
ہوگئی تھی دس برس پہلے کوئی تازہ غزل
ہم اسی تازہ غزل کو پڑھ رہے ہیں آج تک
مسرور شاہ جہاں پوری
سو ارب کام ہوں تو دس نکلیں
عمر کتنی ہے سو برس پھر بس
ثروت جمال
بیخودی میں کر رہا ہوں جانے کس سے گفتگو
اپنی جانب ہے مرا روئے سخن اندر ہے کون
اشعر علیگ
کبھی تاریخ کی راہوں سے گزرکر دیکھو
ہم نے ہر موڑ پہ اک دیپ جلا رکھا ہے
رضوان احمد فاروقی
میں جو خاک ہو بھی گیا تو کیا، میں جو خواب ہو بھی گیا تو کیا
میں ملوں گا تم کو یہاں وہاں، اسی شاعری کے لباس میں
ساحل عارفی
جان محفل ہیں جان اردو ہیں
شاعر باکمال ہیں افضل
سید ضیا تقوی
محبتیں بھی ہوں شامل غزل تبھی ہوگی
عداوتوں کو مٹاؤ غزل کہی جائے
عتیق فاروقی
تری محفل کے سارے لوگ بالکل ایک جیسے ہیں
یہاں پر میزباں ہے کون، مہماں کون کیا جانے
سریواستوا باہم
باغ کو جب اجاڑا گیا
تتلیاں مار ڈالی گئیں
دھیرج مشر شینڈل
نیر عمر کی نظم اجتماعی طور پر پسند کی گئی۔ ڈاکٹر سبھاش چندر رسیا کو دوہے اور گیت کے لئے خصوصی داد ملی۔ احمد حارث علوی نے ضیافت کا اہتمام کیا اور کلمات تشکر کو لازم جانا ،ڈاکٹر وجاہت انور، احمد شارق علوی اور دیگر نے دادو تحسین کے نذرانے پیش کئے۔
