(پی این این)
لکھنؤ: دارالحکومت لکھنؤ میں کسان پاتھ پر بی کے ٹی علاقے میں فارملین کیمیکل سے بھرا ٹینکر پلٹنے سے بڑی پریشانی کھڑی ہوگئی۔ حادثے کے بعد وسیع علاقے میں پہلے دھند چھا گئی، پھر لوگوں کی آنکھوں میں جلن، کھانسی اور خارش کی شکایات شروع ہوگئیں۔
صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ دو کلومیٹر کے علاقے میں بیریکیڈنگ کردی گئی، جب کہ پولیس نے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے راستوں میں تبدیلی کی۔کیمیکل کے رساؤ سے 10 سے زائد گاؤں اور وہاں واقع درجنوں ہاسٹلوں میں رہنے والے سیکڑوں طلبہ سمیت 50 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے اور انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارتھ امیت آنند، اے سی پی بی کے ٹی، انسپکٹر اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے حادثہ کے دونوں جانب 500 میٹر کے فاصلے پر بیریکیڈنگ کردی اور لوگوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی۔
کیمیکل کے رساؤ کے باعث پولیس اہلکاروں کو بھی پریشانی ہونے لگی تو ان کے لیے ماسک منگوائے گئے۔ڈی سی پی نے واقعے کی اطلاع کیمیکل انڈسٹری کو دی، جس کے بعد وہاں سے ماہرین کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ سڑک پر پھیلے کیمیکل کو بے اثر کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔ پیر کی دیر شام پیش آئے اس حادثے کے بعد علاقے میں واقع رام ساگر مشرا اسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم کو ایمرجنسی میں مستعد کردیا گیا۔ چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (سی ایم ایس) ڈاکٹر وی کے شرما سمیت دیگر افسران بھی ایمرجنسی وارڈ پہنچ گئے۔ دیر رات تک فارملین سے متاثر کوئی بھی مریض ایمرجنسی میں نہیں پہنچا تھا۔ڈاکٹر وی کے شرما نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم تیار ہے۔ ایمرجنسی وارڈ میں تمام ضروری ادویات بھی دستیاب ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق جائے حادثہ سے کچھ فاصلے پر ایس آر کالج کا ہاسٹل واقع ہے، جہاں کم عمر بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقے میں 50 سے زائد ہاسٹل بھی ہیں۔ ایک ہاسٹل کے طالب علم ورون نے بتایا کہ وہ شام کے وقت اپنے دوست امیت کے ساتھ باہر ٹہل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک دھند چھا گئی۔ پہلے انہیں لگا کہ یہ کہرا ہے، لیکن کچھ ہی دیر بعد ان کی آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواری ہونے لگی اور کھانسی بھی شروع ہوگئی۔
لکھنؤ میں اچھانک پلٹ گیا فارملین کیمیکل سے بھرا ٹینکر، رساؤ کے باعث آس پاس کے علاقوں میں کھانسی، خارش اور آنکھوں میں جلن کی شکایات
