(پی این این)
پٹنہ: بہار کے وزیر تعلیم متھلیش تیواری نے بدھ کو کہا کہ سرکاری اسکولوں کے کمزور طلبہ و طالبات کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کے لیے 17 نومبر سے ریاست کے تمام 38 ضلعی صدر مقامات پر’سنکلپ سندھیا‘ کے نام سے مفت شام کی اضافی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ پہل محدود وسائل میں بہتر تعلیمی نتائج حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ اس کا مقصد سرکاری اسکولوں میں دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا اور عوامی شراکت داری کے ذریعے طلبہ کی تعلیم کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ’سنکلپ سندھیا‘ کمزور طلبہ کو تعلیم میں آگے بڑھنے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گی۔
محکمہ تعلیم کی اس خصوصی پہل کے تحت سرکاری اسکولوں میں نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو اضافی تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خاص طور پر کمزور اور معاشی طور پر پسماندہ طبقوں کے طلبہ و طالبات پر توجہ دی جائے گی۔ ان کلاسوں میں طلبہ کو ہوم ورک مکمل کرانے کے ساتھ امتحانات کی تیاری بھی کرائی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سی کے انیل نے بتایا کہ’سنکلپ سندھیا‘ کا انعقاد آئندہ سال 31 مارچ تک کیا جائے گا۔ ہر ضلعی صدر مقام پر کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ تین سرکاری اسکولوں میں یہ کلاسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے لیے شام پانچ بجے سے سات بج کر 30 منٹ تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ طلبہ کو اس سہولت کا فائدہ مکمل طور پر مفت ملے گا۔
ان خصوصی کلاسوں میں انگریزی، ریاضی، سائنس، کمپیوٹر سائنس اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تعلیم پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ سرکاری اسکولوں میں دستیاب اسمارٹ بورڈ اور دیگر ڈیجیٹل وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
اس پہل میں سرکاری اساتذہ کے ساتھ ریٹائرڈ افسران کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ 70 سال سے کم عمر کے خواہش مند ریٹائرڈ آئی اے ایس، بی اے ایس، بی ای ایس اور دیگر سرکاری خدمات کے افسران رضاکارانہ بنیاد پر طلبہ کو پڑھا سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں ضلعی تعلیمی افسر سے عارضی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ دلچسپی رکھنے والے افسران ودیانجلی ایپ کے ذریعے بھی اپنا اندراج کرا سکیں گے۔ اس کام کے لیے انہیں کوئی اعزازیہ نہیں دیا جائے گا۔
مسٹر انیل نے بتایا کہ’سنکلپ سندھیا‘ کا انتظام ضلعی تعلیمی افسر کی نگرانی میں کیا جائے گا، جبکہ ضلع مجسٹریٹ انہیں ضروری رہنمائی فراہم کریں گے۔ منصوبے کے تحت اسکولوں کے انتخاب کی فہرست تمام ضلعی تعلیمی افسران کو دو دن کے اندر محکمہ کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قومی یوم تعلیم پر بیدا میں شاندار تقریب کا انعقاد، 17 نومبر سے ریاست کے تمام 38 اضلاع میں’سنکلپ سندھیا‘ کا آغاز، مفت اضافی تعلیم کی ملے گی سہولت : متھلیش تیواری
