(پی این این)
سیتامڑھی:ضلع کے تعلیمی نظام کو نئی سمت دینے اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کی امیدوں کے درمیان نو تعینات ضلع تعلیمی افسر (ڈی ای او) دنیش کمار پاسوان کا منگل کے روز مدرسہ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایم ڈی او) کی جانب سے پرتپاک استقبال اور اعزاز کیا گیا۔
تنظیم کے سکریٹری محمد اجمل کی قیادت میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں ایم ڈی او کے عہدیداران اور اساتذہ نے ڈی ای او کو گلدستہ پیش کرنے کے ساتھ شال پوشی کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او اسٹیبلشمنٹ سوربھ پریہ درشی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں تنظیم کے نمائندوں نے نئے ضلع تعلیمی افسر کے عہدہ سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ضلع کے تعلیمی نظام کو نئی رفتار ملے گی۔ بالخصوص مدارس سے وابستہ زیر التوا تعلیمی، انتظامی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے مثبت پیش رفت ہوگی۔ اس موقع پر ایم ڈی او کے ریاستی ترجمان محمد مناظرالاسلام نے کہا کہ نئے ضلع تعلیمی افسر کی آمد سے تعلیمی حلقوں میں نئی امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔ مدارس کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، اساتذہ کے مسائل کے حل اور انتظامی امور کے بروقت تصفیے کے لیے تنظیم ضلع انتظامیہ سے مثبت تعاون کی توقع رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈی ای او کی قیادت میں تعلیم سے متعلق مختلف مسائل کو غیر جانب داری اور ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔
وہیں ایم ڈی او کے ریاستی میڈیا انچارج محمد ارمان علی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے اور ملک کی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ ضلع میں تعلیمی نظام کو مستحکم بنانے کے لیے تنظیم انتظامیہ کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرکے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے مدارس سے متعلق معاملات کے فوری تصفیے اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے مثبت اقدامات پر زور دیا۔
ایم ڈی او کے نمائندوں نے واضح کیا کہ تنظیم کا مقصد صرف مسائل کو اجاگر کرنا نہیں، بلکہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں تعمیری کردار ادا کرنا بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے تنظیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ تقریب میں ایم ڈی او کے صدر محمد زاہد حسین، ضیاء الرحمن قاسمی، اشرف کمال، محمد مختار انصاری، محمد مظہر علی رضا، محمد فخر الحسن، محمد جلال الدین قریشی، محمد اشتیاق، عامر سہیل، محمد کوثر ربانی، محمد ارشاد نیر، محمد جمال اصغر چاند، محمد عنایت اللہ، محمد مکرم، محمد صدام اور محمد نورالاسلام سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور تنظیم سے وابستہ افراد موجود تھے۔
سیتامڑھی:نئے ڈی ای او کا ایم ڈی او کی جانب سے پرتپاک استقبال، مدارس کے تعلیمی و انتظامی مسائل کے حل کی امیدیں وابستہ، تعلیمی ترقی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم
