Bihar
غریبوں کو انصاف دلانا حکومت کی اولین ترجیح،بدعنوانی میں ملوث وزراء، ایم ایل اے اور اعلیٰ سطح سے لے کر نچلی سطح تک کے افسران کے خلاف کی جائے گی سخت کارروائی:وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری
(پی این این)
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ ریاست کے تمام 9 ڈویژنوں میں اسپیشل وجیلنس کورٹ قائم کی جائیں گی، تاکہ بدعنوانی کے معاملات کا تیزی سے تصفیہ ہو سکے اور مجرموں کو جلد سزا مل سکے۔وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری نے آج ’بہار ویجی لینس اویئرنس ڈے‘ اور ’بہار وجیلنس اویئرنس ویک‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے ہر ضلع میں وجیلنس تھانہ اور تمام سب ڈویژنوں میں ویجی لینس آؤٹ پوسٹ قائم کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جرائم اور اقتصادی جرائم سے جڑے معاملات میں سرکاری گواہوں کو گواہی کے لیے آنے جانے کا سفری الائونس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے وجیلنس انویسٹی گیشن بیورو، اسپیشل وجیلنس یونٹ اور اکنامک آفینسز ونگ کو ماہرین کی مدد سے جدید اور اسمارٹ طریقہ کار تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان ایجنسیوں کو اتنا اہل بنایا جائے گا کہ خاص حالات میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو بھی ان کے تعاون کی ضرورت محسوس ہو۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدعنوانی کرنے والے لوگوں کو نشان زد کر کے ان کی ضبط شدہ جائیدادوں میں اسکول چلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث وزراء، ایم ایل ایز اور اعلیٰ سطح سے لے کر نچلی سطح تک کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو انصاف دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے لیے تعاون کیمپ پروگرام چلایا جا رہا ہے۔ انصاف کے ساتھ ترقی اسی وقت ممکن ہے جب حکومت کی اسکیموں کا فائدہ بغیر کسی گڑبڑی کے آخری شخص تک پہنچے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ شارٹ کٹ کو چھوڑ کر ایمانداری اور فرض شناسی کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اینٹی کرپشن بیداری مہم چلا کر بچوں میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خوشحال بہار کی بنیاد کو مضبوط کیا ہے، جسے آگے بڑھانے کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی ، ٹیکنالوجی اور ٹرسٹ یعنی’ٹریپل ٹی‘ کی بنیاد پر بہار کو بدعنوانی سے پاک بنایا جائے گا، جس سے گڈ گورننس کو نئی طاقت ملے گی۔ انہوں نے لوگوں سے خوشحال بہار کی تعمیر میں سرگرم رول ادا کرنے کی اپیل کی۔
پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے وجیلنس انویسٹی گیشن بیورو کے نئے’لوگو‘ کی نقاب کشائی کی اور وجیلنس ڈیپارٹمنٹ کی کامیابیوں پر مبنی ایک مختصر فلم (شارٹ فلم) بھی دیکھی۔ تقریب سے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، وجیلنس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر بی رابیندر اور وجیلنس انویسٹی گیشن بیورو کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جتیندر سنگھ گنگوار نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر موجود وزراء، افسران اور ملازمین نے ایمانداری، شفافیت، غیر جانبداری اور مفادِ عامہ کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کا حلف بھی لیا۔
Bihar
معاشرہ اسی وقت ترقی کرے گا جب ہمارے بچے ہوں گےتعلیم یافتہ :زماں خان
(پی این این)
حاجی پور؍پٹنہ:ادریسیہ درزی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پٹنہ شہر واقع بہار انڈسٹریل ایسوسی ایشن (BIA) بھون کے وسیع ہال میں پہلی بار بھارت کی دو عظیم شخصیات، پرم ویر چکر یافتہ امر شہید ویر عبدالحمید اور عظیم مجاہدِ آزادی، سماجی مصلح اور پسماندہ سماج کے ممتاز رہنما مرحوم عبدالقیوم انصاری کی یومِ پیدائش کے موقع پر ایک شاندار جشنِ ولادت، تقریبِ اعزاز اور سماجی و فکری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔
تقریب کی صدارت ادریسیہ درزی فیڈریشن کے بانی و قومی صدر علی امام بھارتی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض فیڈریشن کے ریاستی صدر جناب راجو وارثی نے انجام دیے۔ تقریب میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین جناب سلیم پرویز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ بہار حکومت کے وزیر برائے اقلیتی فلاح و بہبود جناب زماں خان نے شمع روشن کر تقریب کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے دیگر مہمانان کے ساتھ دونوں عظیم شخصیات کی تصاویر پر گلپوشی کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے خطاب میں وزیر زماں خان نے کہا کہ آج ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم ملک کی دو عظیم شخصیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں عظیم رہنماؤں کی قربانیوں اور خدمات کو نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرہ اسی وقت ترقی کرے گا جب ہمارے بچے تعلیم یافتہ ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے آپسی بھائی چارہ، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کی اپیل کی۔وزیر نے کہا کہ بہار حکومت اقلیتوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے متعدد فلاحی منصوبے چلا رہی ہے، جن کا فائدہ آخری فرد تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ویر عبدالحمید بھون کی تعمیر کے لیے زمین کی تلاش جاری ہے اور جیسے ہی مناسب زمین دستیاب ہوگی، اس کی تعمیر کا کام بلا تاخیر شروع کر دیا جائے گا۔
مہمانِ خصوصی سلیم پرویز نے کہا کہ ہم سب ویر عبدالحمید اور مرحوم عبدالقیوم انصاری کے احسان مند ہیں۔ انہوں نے دونوں عظیم شخصیات کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے سماج سے تعلیم، اتحاد اور باہمی اخوت کو فروغ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ نئی نسل کو بہتر تعلیم اور اعلیٰ اخلاق سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ادریسیہ درزی فیڈریشن کے بانی و قومی صدر علی امام بھارتی نے کہا کہ ایک عظیم شخصیت کپڑا بنانے والے گھرانے سے اور دوسری کپڑا سینے والے خاندان سے تعلق رکھتی تھی، جبکہ قومی پرچم کو بھی ایک درزی ہی سیتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد بھی درزی، دھنیا اور رنگریز سماج کو اس کا جائز حق نہیں مل سکا۔ حکومت کی کئی فلاحی اسکیمیں آج بھی سرکاری دفاتر میں فائلوں تک محدود ہیں۔ انہوں نے وزیر سے مطالبہ کیا کہ درزی آرٹیزن وکاس سمیتی، دھنیا-درزی-رنگریز کوآپریٹو سوسائٹی سمیت تمام زیرِ التوا منصوبوں کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے۔
تقریب میں متفقہ طور پر درزی آرٹیزن وکاس سمیتی، دھنیا-درزی-رنگریز کوآپریٹو سوسائٹی، درزی کلیان بورڈ، بند پڑی بنکر کوآپریٹو سوسائٹیوں کی بحالی، 2014 میں قائم بنکر و دستکار کمیشن کو فعال بنانے اور ویر عبدالحمید بھون کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا۔راجاپاکر کے رکن اسمبلی مہندر رام نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئین نے دلت اور اقلیتی طبقات کو مساوی حقوق دیے ہیں، اس لیے تعلیم اور تنظیم کے ذریعے سماج کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔اس موقع پر حاضرین نے “ویر عبدالحمید امر رہیں” اور “عبدالقیوم انصاری امر رہیں” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ پروگرام کے دوران فیڈریشن کے ریاستی صدر راجو وارثی نے وزیر زماں خان کو ویر عبدالحمید بھون کی تعمیر کے وعدے کی یاد دہانی کرائی۔
فیڈریشن کے تنظیمی سیکریٹری محمد جمشید عالم عرف پیارے نے ویر عبدالحمید کے نام پر یونیورسٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ صوبائی سیکریٹری پرویز عالم اور سفر عالم نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی وردی کی سلائی کا کام جیویکا کے بجائے درزی آرٹیزن وکاس سمیتی کے ذریعے درزی برادری کو دیا جائے۔ وہیں پروگرام میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے ایم ایل سی سنجے سنگھ گاندھی نے شرکت کی۔
تقریب میں یاسمین انصاری، ہمایوں انصاری، رئیس غزنوی، انیس الرحمن، محمد رجن، انصار الحق، لیاقت منصوری، جمشید عالم (پیارے)، غلام غوث، ایم جسیم الحق، امتیاز انصاری، نظام الدین انصاری، مولانا اظہار اشرف، ارشد فیروز، رنکو یادو، جاوید عالم، محبوب عالم، اقبال عالم انصاری، بٹو کمار چندرونشی، جمشید عالم (جنداہا) سمیت متعدد مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کی کامیابی میں سفر عالم، غلام مصطفیٰ، محمد پرویز، محمد مشتاق احمد اور محمد آصف عطا، کوکو بھائی پٹنہ سمیت کئی افراد نے مہمانوں کے استقبال اور انتظامات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔
Bihar
چھپرا میںقومی ڈاکٹرز ڈے کے موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد
(پی این این)
چھپرا: قومی ڈاکٹرز ڈے کے موقع پر چھپرہ ریڈ ڈراپ واریرس اور روٹری کلب آف چھپرہ کے مشترکہ زیراہتمام صدر اسپتال کے بلڈ سینٹر میں خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے ایم دوبے اور بلڈ سینٹر انچارج ڈاکٹر کرن اوجھا کو ان کی شاندار شراکت اور لگن کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر روٹری کلب کے صدر پونیتیشور،ریڈ ڈراپ واریئرز کے بانی صدر طارق انور،ریڈ کراس سوسائٹی کے خزانچی ڈاکٹر سریش پرساد،شاداب علی،صارم انصاری،اشفی انصاری، جگنو حسن،پرویز عالم،ذیشان حیدر،فرقان احمد، بلڈ سنٹر کے ٹیکنیشن اور دیگر عملہ موجود تھے۔ریڈ ڈراپ واریئرز کے صدر انور نے وضاحت کی کہ اس پروگرام کا مقصد ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کی دستیابی کو یقینی بنانا اور معاشرے میں خون کے عطیہ کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔خون کا عطیہ صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ کسی ضرورت مند کو زندگی دینے کا ذریعہ ہے۔ایک صحت مند شخص کی طرف سے خون کا عطیہ ایک قیمتی جان بچا سکتا ہے۔
روٹری کے صدر پونیتیشور نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ خون عطیہ کرنے کے نیک مقصد میں شامل ہوں اور انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالیں۔
کیمپ میں خون کا عطیہ دینے والوں میں محمد آزاد حسین اور ان کی اہلیہ گلشن جہاں،ہرے رام رائے اور بہت سے دوسرے خون عطیہ کرنے والے شامل تھے۔
Bihar
وسطانیہ، فوقانیہ اور مولوی امتحان 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع
سیتامڑھی: بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ نے وسطانیہ (آٹھویں)، فوقانیہ (میٹرک) اور مولوی (انٹرمیڈیٹ) امتحان 2027 میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور امتحانی فارم بھرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
بورڈ نے تمام منظور شدہ مدارس کے پرنسپل اور صدر مدرسین کو ہدایت دی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر تمام اہل طلبہ کا آن لائن رجسٹریشن اور امتحانی فارم مکمل کرائیں۔ بورڈ کے سکریٹری عبدالسلام انصاری کے مطابق وسطانیہ امتحان 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور امتحانی فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ فوقانیہ اور مولوی امتحان 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 16 اگست 2026 ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ فوقانیہ اور مولوی امتحان کے لیے صرف انہی طلبہ کا رجسٹریشن قبول کیا جائے گا جن کا نام، والد کا نام اور تاریخِ پیدائش مدرسہ کے داخلہ ریکارڈ سے مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہو۔ کسی بھی قسم کی غلطی پائے جانے پر درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔ امتحان میں شرکت کے لیے طلبہ کی کم از کم 75 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 31 مارچ 2027 تک وسطانیہ کے طلباء وطالبات کی کم از کم عمر 12 سال اور فوقانیہ کے طلباء وطالبات کی کم از کم عمر 14 سال ہونی چاہیے۔
امتحانی فیس کے طور پر وسطانیہ کے لیے فی طالب علم 600 روپے جبکہ فوقانیہ اور مولوی کے لیے 200 روپے رجسٹریشن فیس مقرر کی گئی ہے۔آن لائن درخواست کا پورا عمل بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ bsmeb.org پر مدرسہ ڈیش بورڈ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس میں لاگ اِن، نیا رجسٹریشن، امیدوار کی تفصیلات، تصویر اور دستخط اپ لوڈ کرنا، پری ویو، فائنل سبمٹ، فیس کی ادائیگی اور رسید ڈاؤن لوڈ کرنا شامل ہے۔
اس سلسلے میں مدرسہ رشیدیہ راےپور کے پرنسپل مولانا غزالی نے بتایا کہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی ہدایات کے مطابق ان کے مدرسہ میں یکم جولائی 2026 سے امتحان 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور درخواست فارم بھرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام اہل طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ مقررہ وقت کے اندر ضروری دستاویزات کے ساتھ درخواست کا عمل مکمل کرائیں تاکہ کوئی بھی طالب علم امتحان سے محروم نہ رہ جائے۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر2 years agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
بہار7 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار1 year agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ2 years agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر10 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
