Bihar
ضیاء اسلامک اکیڈمی، جوگبنی میںجوش و خروش سے منایا گیا یومِ تاسیس
(پی این این)
ارریہ:ہند نیپال سرحد پر واقع معروف تعلیمی ادارہ ضیاء اسلامک اکیڈمی، جوگبنی کے قیام کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک شاندار اور پُروقار یومِ تاسیس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالرحمن ضیاء رحمانی کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی علمی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مولانا جمیل احمد مظاہری، استاذِ حدیث و ناظمِ تعلیمات جامعہ رحمانی مونگیر نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر سیمانچل کے معروف سماجی رہنما اور سابق ایم ایل اے جناب ذاکر حسین خان شریک ہوئے۔
مہمانانِ اعزازی میں مولانا شاہنواز بدر قاسمی (بانی و چیئرمین وژن انٹرنیشنل اسکول، سہرسہ)، سابق چیئرمین انور راج، خورشید خان (ڈائریکٹر زینیتھ پبلک اسکول، جوگبنی)، منا خان (سابق مکھیا، امونا)، مفتی انصار قاسمی (نائب مہتمم جامعتہ القاسم)، مولانا اسامہ قاسمی (سمستی پور)، مولانا عبادہ شکیل قاسمی (پھلواری شریف، پٹنہ)، مولانا عبدالودود رحمانی، ریسرچ اسکالر رمیقہ ہاشمی اور پروفیسر صابر ادریس سمیت متعدد اہم شخصیات موجود رہیں۔
اس موقع پر طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے ضیاء اسلامک اکیڈمی کے تین سالہ تعلیمی سفر اور ادارے کی نمایاں کامیابیوں کو مؤثر انداز میں حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ تقریب میں شریک مہمانوں کا شال اور گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی ذاکر حسین خان نے کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی علاقے کی ایک اہم تعلیمی ضرورت کو پورا کر رہی ہے اور وہ اس ادارے کے تعلیمی مشن کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ مولانا شاہنواز بدر قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی ایک مثالی ادارہ ہے جہاں ایک ہی چھت کے نیچے دینی اور عصری تعلیم کا بہترین انتظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نئی نسل کی ہمہ جہت تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ منا خان نے کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی نے مختصر مدت میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ معیاری تعلیم صرف صاحبِ حیثیت طبقے تک محدود نہیں، بلکہ غریب اور متوسط گھرانوں کے بچوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضیاء اسلامک اکیڈمی جیسے معیاری تعلیمی اداروں کے ساتھ جڑیں اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے ان کا بھرپور تعاون کریں۔
پروگرام کے اختتام پر اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالرحمن ضیاء رحمانی اور منیجنگ ڈائریکٹر راشد انور نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مولانا جمیل احمد مظاہری نے درسِ مشکوٰۃ شریف کا باقاعدہ افتتاح فرمایا، حدیثِ نبوی ﷺ کی اہمیت، فضیلت اور افادیت پر نہایت مؤثر خطاب کیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
Bihar
ترقیاتی کاموں کو تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیح
(پی این این)
موتیہاری:بہار کے دیہی ترقی اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے وزیر اور مشرقی چمپارن کے انچارج وزیر شرون کمار نے پیر کے روز ایک اہم اجلاس کے دوران کہا ہے کہ ضلع میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بات ضلع کی سطح پر پروگرام امپلی منٹیشن کمیٹی (20 نکاتی کمیٹی) کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انچارج وزیر شرون کمار نے اجلاس میں موجود افسران کو گاندھی جی سے جڑی تاریخی و ثقافتی وراثت کو محفوظ کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں ہین جن میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں مہاتما گاندھی کی زندگی اور تحریک سے وابستہ تمام تاریخی مقامات کی نشان دہی کی جائے۔ ان مقامات کی مجموعی ترقی کے لیے ایک تفصیلی اور جامع تجویز تیار کی جائے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ چمپارن گاندھی جی کی’کرم بھومی‘ (کام کرنے کی جگہ) رہی ہے، اس لیے ان تاریخی مقامات کا تحفظ سیاحت اور ثقافتی نقطہ نظر سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
عوامی سہولیات کو نچلی سطح تک پہنچانے کے لیے وزیر موصوف نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ”ضلع میں تعمیر شدہ تمام’پنچایت سرکار بھونوں‘ کو فوری طور پر محکمے کے سپرد کیا جائے اور ایک ہفتے کے اندر ان عمارتوں میں عوام کی سہولت سے جڑے تمام سرکاری کام کاج باقاعدہ طور پر شروع کیے جائیں۔
Bihar
نتیش کمار کو بھی خالی کر دینا چاہیےسرکاری بنگلہ،رابڑی دیوی کے سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے معاملے پر تنازع کے درمیان تیج پرتاپ یادو کاسخت رد عمل
(پی این این)
پٹنہ:بہار میں ان دنوں سابق وزیر اعلیٰ اور بہار قانون ساز کونسل میں قائدِ حزبِ اختلاف رابڑی دیوی کے سرکاری بنگلے کو لے کر سیاسی ہنگامہ برپا ہے۔ سمراٹ چودھری کی قیادت والی حکومت نے رابڑی دیوی کو 15 دن کی مہلت دیتے ہوئے واضح ہدایت دی ہے کہ وہ 10 سرکولر روڈ واقع اپنی رہائش گاہ خالی کر دیں۔تاہم سابق وزیر اعلیٰ نے اپنا سرکاری مکان خالی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے اس معاملے پر مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے ردِ عمل سامنے آ رہے ہیں۔ اب رابڑی دیوی کے بڑے بیٹے اور جے جے پی کے سربراہ تیج پرتاپ یادو نے بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔
تیج پرتاپ یادو نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی اپنی سرکاری رہائش گاہ خالی کر دینی چاہیے، کیونکہ اب وہ بھی سابق وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے نتیش کمار اپنا سرکاری مکان خالی کریں، جب وہ رہائش گاہ خالی کر دیں گے تو رابڑی دیوی بھی اپنا مکان خالی کر دیں گی۔جب تیج پرتاپ یادو سے پوچھا گیا کہ حکومت نے رابڑی دیوی کو رہائش گاہ خالی کرنے کیلئے 15 دن کا نوٹس دیا ہے، تو اس پر سابق رکنِ اسمبلی نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو حکومت نتیش کمار کو بھی 15 دن کا نوٹس جاری کرے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل اس معاملے پر رابڑی دیوی کی بیٹی روہنی آچاریہ کا بھی ردِ عمل سامنے آ چکا ہے۔ روہنی آچاریہ نے اتوار کے روز بہار کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت پر’’انتقامی سیاست‘‘کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔سنگاپور میں اپنے شوہر کے ساتھ مقیم روہنی آچاریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’’ایکس‘‘ پر لکھا:’’اگر ہمت ہے تو حکومت زبردستی بنگلہ خالی کروا کر دکھائے۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی جی کو سرکاری رہائش گاہ سے بے دخل کرنے کا یہ تغلقی فرمان اور مکان پر پولیس بھیجنا جمہوریت نہیں بلکہ اقتدار کے غرور اور بے جا دبنگئی کی علامت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا:’’افسوس کی بات ہے کہ بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی اور بڑھتے ہوئے جرائم جیسے اہم مسائل پر مکمل طور پر ناکام ثابت ہونے والی سمراٹ چودھری حکومت اب اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ آخر یہ طرزِ حکمرانی کا کون سا ماڈل ہے؟ درحقیقت یہ حکومت کے’انتقامی ماڈل‘ کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘
Bihar
بہار میں عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا،سرکاری بسوں کے بعد پرائیویٹ بسوں کے کرایوں میں بھی 10 سے 15 فیصد اضافہ کا امکان، مال برداری بھی ہوگی مزید مہنگی
(پی این این)
پٹنہ:بہار میں سفر کرنے والے عام مسافروں پر مہنگائی کا ایک اور بڑا بوجھ پڑنے والا ہے۔ ریاست میں سرکاری بسوں کے کرایوں میں اضافے کے بعد اب نجی بسوں کے کرایوں میں بھی 10 سے 15 فیصد تک اضافہ کرنے کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے پیر کے روز اس سلسلے میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔
فیڈریشن کے اس اقدام کے بعد طویل اور مختصر فاصلے کا سفر کرنے والے مسافروں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا، جس سے ان کے سفری اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اس کے ساتھ ہی مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان کی نقل و حمل مہنگی ہونے کا امکان ہے اور اس کا اثر عام لوگوں پر مزید مہنگائی کی صورت میں پڑ سکتا ہے۔
بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے صدر اُدے شنکر پرساد سنگھ کی صدارت میں کل بیریا بس اسٹینڈ پر ایک اہم ریاستی سطح کی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں کئی سخت اور اہم فیصلے کیے گئے۔ میٹنگ کے بعد فیڈریشن نے اعلان کیا کہ آئندہ 10 جون تک تمام ضلعی کمیٹیاں اپنی اپنی عاملہ کی میٹنگیں مکمل کر لیں گی۔ ان اجلاسوں میں حکومت کے سابقہ فیصلے کو بنیاد بنا کر فاصلے کے لحاظ سے نجی بسوں کے کرایوں میں اضافے کی حتمی شرح طے کی جائے گی۔
قابلِ ذکرہے کہ بہار اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایس آر ٹی سی) کی سرکاری بسوں کے بڑھائے گئے کرایے یکم جون سے ہی پوری ریاست میں نافذ ہو چکے ہیں۔ بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کے کرایوں میں 15 فیصد تک اضافے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حکومت کے اسی فیصلے کے مطابق مال بردار گاڑیوں، آٹو رکشہ، ای- رکشہ اور موٹر کیب یونینوں کی ضلعی کمیٹیوں کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ان تمام کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اجلاس منعقد کر کے کرایوں میں مجوزہ اضافے کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کریں اور اسے مرکزی فیڈریشن کے حوالے کریں، تاکہ آئندہ کرایوں میں اضافے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
کیرایہ بڑھانے کے ساتھ ہی فیڈریشن نے بہار حکومت کے سامنے ایک اہم مطالبہ بھی رکھا ہے۔ فیڈریشن کے صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ جن تجارتی گاڑیوں کا روڈ ٹیکس، فٹنس یا پرمٹ کسی بھی نجی یا دیگر وجوہات کی بنا پر فیل ہو گیا ہے، ان پر عائد تاخیر جرمانہ (لیٹ فائن) مکمل طور پر معاف کر دیا جائے۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے غریب گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو دوبارہ مین اسٹریم میں آنے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کا ایک اور سنہری موقع مل سکے گا۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار6 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار1 year agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
دلی این سی آر9 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
