(پی این این)
چھپرا:بہار کے چھپرا میں دو گروپوں کے درمیان ہوئے خونی تصادم میں 3 افراد کی جان چلی گئی۔ واقعہ سارن ضلع کے ایکما تھانہ علاقے کے تحت پرساگڑھ میں ہفتہ کی رات پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مٹی بھرائی کو لے کر 6 ماہ سے جاری تنازع کے دوران چاقو زنی ہوئی۔ چاقو کے وار سے تین افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو بہتر علاج کے لیے پٹنہ کے پی ایم سی ایچ اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔ پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
یہ واقعہ پرسا موڑ واقع اداسی بابا مٹھیا کے قریب پیش آنے کی اطلاع ہے۔ مرنے والوں میں پچوا پنچایت کے ٹولہ جراتی کے رہنے والے وجے یادو کے بیٹے رویش کمار یادو، گاؤں کے داماد اور مہاراج گنج کے کستورا گاؤں کے رہنے والے رام پرویش یادو کے بیٹے مکیش یادو اور چھپرا کے کاشی بازار کے رہنے والے انکور پٹیل شامل ہیں۔ مکیش یہاں رہ کر ٹائلز مستری کا کام کرتا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ انکور پٹیل کی موت موقعِ واردات پر ہی ہو گئی۔ رویش نے ایکما اسپتال میں دم توڑ دیا، جبکہ مکیش کی موت چھپرا میں علاج کے دوران ہوئی۔ زخمی وویک پٹیل کا علاج پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، چاقو زنی میں زخمی نوجوان کے علاج کے دوران دوبارہ بھی چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا۔ ایک ساتھ تین افراد کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 6 ماہ قبل ٹریکٹر سے مٹی بھرائی کو لے کر رویش کمار یادو کا تنازع ہوا تھا۔ دیہاتیوں کے مطابق بعد میں پنچایتی کے ذریعے اس تنازع کو حل کر لیا گیا تھا۔
ہفتہ کی دیر رات دوبارہ تنازع بڑھنے کے بعد چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا۔ صدر-2 کے ایس ڈی پی او پریم چندر سنگھ نے بتایا کہ معاملہ باہمی دشمنی سے جڑا معلوم ہوتا ہے۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ وہیں تھانہ انچارج رام بالک یادو نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں ابھی واضح معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں گاؤں پہنچ گئی ہیں۔ پولیس واقعے کی اصل وجوہات اور اس میں ملوث افراد کے کردار کی سنجیدگی سے جانچ کر رہی ہے۔
