(پی این این)
دیوبند:ہاپوڑ میں صحافی نسیم احمد کے قتل کے خلاف نانوتہ میں گرامین پترکار ایسوسی ایشن کی مقامی اکائی کے زیر اہتمام صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ضلع صدر آلوک تینجا کی ہدایت پر ضلع نائب صدر سردار اروندر سنگھ کاکا کی قیادت میں صحافی نعرے بازی کرتے ہوئے نانوتہ تھانے پہنچے اور وزیر اعلیٰ کے نام میمورنڈم تھانہ صدر وکاس چرن کو سونپا۔
میمورنڈم کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صحافی نسیم احمد کے قاتلوں پر قومی سلامتی قانون (این ایس اے) لگایا جائے، متوفی کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کا سرکاری معاوضہ دیا جائے اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر ضلع نائب صدر سردار اروندر سنگھ کاکا نے کہا کہ صحافی کے قتل کے واقعے نے پوری ریاست کے صحافیوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس معاملے میں قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
تحصیل جنرل سکریٹری فیاض علی عابدی نے متوفی کے اہل خانہ کے لیے معاوضے اور سرکاری ملازمت کے مطالبے کو جائز قرار دیا۔ وہیں بلاک صدر دلشاد رانا نے ملک اور ریاست میں صحافیوں پر بڑھتے حملوں اور قتل کے واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جلد صحافی تحفظ قانون نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ستیش روہیلا، انل رانا، شاہ عباس زیدی، بھرت اگروال، سمت ٹپرانیان، ڈاکٹر منوج تومر، محفوظ علی، مختار حسن اور سشیل کمار سمیت دیگر صحافی موجود رہے۔
صحافی نسیم احمد کے قتل کیخلاف نانوتہ میں صحافیوں کا احتجاج
