گیا : جنوبی بہار مرکزی یونیورسٹی (سی یو ایس بی) کے طلبہ نے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ تحقیق کے میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
بھارتی سماجی سائنس تحقیقی کونسل (آئی سی ایس ایس آر)، نئی دہلی نے ’یوا شَوَدھ پرتیبھا یوجنا: یوا اور نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی‘ کے تحت سی یو ایس بی کے چار سالہ بی اے-بی ایڈ کورس کی تین طالبات کے لیے تین لاکھ روپے کا تحقیقی گرانٹ منظور کیا ہے۔
بی اے-بی ایڈ کے ساتویں سمسٹر کی طالبات سانیہ انصاری، شبھانگی سنگھ اور بنیتا سنگھ ’تدریس سے قبل اساتذہ میں نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی: ثقافتی شناخت اور اجتماعی خود اعتمادی سے تعلق‘ کے موضوع پر تحقیق کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی اور اس کے ثقافتی شناخت و اجتماعی خود اعتمادی کے ساتھ تعلق کا مطالعہ کیا جائے گا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کامیشور ناتھ سنگھ نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع طلبہ میں تجسس، تنقیدی فکر اور تحقیق کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پوری تحقیقی ٹیم اور نگران پروفیسر روی کانت کو مبارکباد دی۔
یونیورسٹی کے پی آر او محمد مدثر عالم نے بتایا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت ملنے والی یہ معاونت طلبہ کو محض کلاس روم کی تعلیم تک محدود رہنے کے بجائے تحقیق، علم کی تخلیق اور اختراع کی سمت میں کام کرنے کے لیے حوصلہ دے گی۔
تحقیقی ٹیم کے نگران پروفیسر روی کانت نے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم کے نقطۂ نظر سے یہ منصوبہ اہم ہے۔ اس میں نوآبادیاتی ذہنیت سے آزادی کے ابھرتے ہوئے مباحث کو ثقافتی شناخت اور اجتماعی خود اعتمادی سے جوڑ کر مطالعہ کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تحقیق سے دیگر انڈرگریجویٹ طلبہ میں بھی تحقیقی رجحان کو فروغ ملے گا۔
سی یو ایس بی کی 3 طالبات کو آئی سی ایس ایس آر سے تین لاکھ روپے کا تحقیقی گرانٹ
