(پی این این)
پٹنہ:وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بہار میں سیلاب متاثرین کے لیے بڑی راحت کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ بہار کے کئی اضلاع ایک بار پھر سیلاب سے متاثر ہیں اور وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بدھ کو خود ان علاقوں کا فضائی سروے بھی کیاتھا۔ اس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثر تمام خاندانوں کے بینک کھاتوں میں 9 اکتوبر کو سات، سات ہزار روپے منتقل کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری ڈی بی ٹی کے ذریعے یہ رقم بھیجیں گے۔
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا کہ ایسے خاندانوں کی شناخت کرکے انہیں بطور امداد مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ لوگوں تک مناسب مقدار میں خشک راشن اور دیگر امدادی سامان پہنچانے، مویشیوں کے لیے مناسب چارے اور پناہ گاہ کا انتظام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ادھر چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے ضلعی مجسٹریٹوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کو دی جانے والی امدادی رقم کی تقسیم کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس سے قبل 15 ستمبر کو آٹھ لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کے بینک کھاتوں میں امدادی رقم منتقل کی گئی تھی۔
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا کہ نیپال کے ترائی علاقے سے پانی آنے کے باعث بہار میں سیلاب کی سنگین صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ کوسی اور مہانندا دریاؤں کا سروے کرایا جا رہا ہے، تاکہ سیلاب کے مسئلے کا جامع مطالعہ کرکے مستقل حل کی سمت میں کام کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فضائی سروے کے بعد جائزہ اجلاس کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں صورتحال معمول پر لانے کے لیے ہر سطح پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ آئندہ دو، تین دن میں پانی کم ہونے کی امید ہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب تعداد میں کمیونٹی کچن اس وقت تک چلائے جائیں، جب تک لوگ اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ جاتے اور صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آ جاتی۔
انہوں نے مغربی چمپارن کے بیریا بلاک کے بتھنا میں واقع ضلعی سطح کے کنٹرول روم میں سیلاب راحت اور بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔وہیں آبی وسائل محکمہ کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے دریاؤں کی آبی سطح اور پشتوں کی صورتحال سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ افسران نے بتایا کہ اس مرتبہ نیپال کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ پانی آیا ہے۔ بگہا، ریوا گھاٹ، لال گنج اور گوپال گنج میں پانی کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری بھی موجود تھے۔
سیلاب متاثرین کیلئے بہار حکومت کا بڑا اعلان، وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری ہر متاثرہ خاندان کے کھاتے میں9اکتوبرکو بھیجیں گے 7-7 ہزار روپے
