(پی این این)
سیتامڑھی:ضلع کے سونبرسا بلاک کے تحت بھوتہی تھانہ علاقے کے تلنگہی گاؤں میں محض ایک ہزار روپے کے لین دین کے تنازعے میں 61 سالہ معذور رحمان شاہ کی پیٹ پیٹ کر ہلاکت کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہفتہ کی صبح پیش آئے اس واقعے کے بعد گاؤں میں کشیدگی اور غم و غصے کا ماحول پیدا ہوگیا۔
متوفی کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے ملزم کے گھر کے سامنے لاش رکھ کر سڑک جام کردی اور ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھوتہی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور لوگوں کو سمجھا بجھا کر پُرسکون کرایا۔ اس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال، سیتامڑھی بھیج دیا گیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچی ایف ایس ایل ٹیم نے بھی تحقیقات کرتے ہوئے شواہد جمع کیے۔ متوفی کی شناخت تلنگہی گاؤں کے وارڈ نمبر 3 کے رہنے والے شکور شاہ کے بیٹے رحمان شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔ متوفی کی اہلیہ حکیمہ خاتون نے گاؤں کے ہی رام نارائن مہتو پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کے مطابق، ایک ہزار روپے کے لین دین کے تنازعے میں ہفتہ کی صبح ان کے شوہر کے گلے میں گمچھا ڈال کر گھسیٹا گیا اور لاٹھی ڈنڈوں سے بے رحمی کے ساتھ پٹائی کی گئی۔ الزام ہے کہ اس حملے میں رحمان شاہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔اہل خانہ کے مطابق، بقایا رقم کی ادائیگی ہفتہ کی شام کی جانی تھی۔ یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ تین دن قبل اسی تنازعے کو لے کر دھمکی دی گئی تھی۔ تاہم، واقعے کی اصل وجہ اور لگائے گئے الزامات کی تصدیق پولیس تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔
اس واقعے نے ایک غریب خاندان کو شدید بحران میں مبتلا کردیا ہے۔ رحمان شاہ اور ان کی اہلیہ حکیمہ خاتون، دونوں معذور تھے اور کرائے کے مکان میں رہ کر کسی طرح زندگی گزار رہے تھے۔ متوفی کے دو بیٹے ہیں، جن میں بڑے بیٹے موکیل شاہ کی عمر 18 سال اور چھوٹے بیٹے وکیل شاہ کی عمر 14 سال ہے۔ دونوں باہر رہ کر مزدوری کرتے ہیں۔ شوہر کی موت کے بعد حکیمہ خاتون کے سامنے زندگی گزارنے کا سنگین مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ واقعے کے بعد اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے اور پورے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے
بھوتہی تھانہ انچارج چندرگپت کمار نے بتایا کہ مقامی لوگوں سے ملی معلومات کے مطابق، روپے کے لین دین کے تنازعے میں مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس معاملے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔
گاؤں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔واقعے کے سلسلے میں ملزم کے گھر سے ایک خاتون کو حراست میں لیے جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ پولیس کی تحقیقات، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ایف ایس ایل کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد واقعے سے متعلق حقائق واضح ہونے کی امید ہے۔
سیتامڑھی:معمولی رقم کے تنازعہ میں معذور شخص کا پیٹ پیٹ کرقتل، گاؤں میں ہرطرف سنسنی، ملزم کے گھر کے سامنے لاش رکھ کر مشتعل گاؤں والوں نے کیا سڑک جام، ایف ایس ایل ٹیم نے شواہد جمع کیے، ایک خاتون زیر حراست
