(پی این این)
نئی دہلی: بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے منگل کو یہاں دریائے یمنا پر نمو یمنا ریور سفاری سروس کا افتتاح کیا۔ اس کے تحت سیاح سونیا وہار سے جگت پور تک چھ کلومیٹر کے راؤنڈ ٹرپ میں کروز کی سیر اور تفریح کی مختلف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اس موقع پر دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، کابینی وزیر کپل مشرا، وزیر پرویش ورما اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد مسٹر سونووال، محترمہ گپتا اور دیگر رہنماؤں نے یمنا میں کروز کی سواری بھی کی۔
مسٹر سونووال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں یمنا کے آشیرواد سے دہلی میں پہلی بار اس طرح کا اقدام ممکن ہو سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی پوری ٹیم نے اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی اتھارٹی کے ساتھ مل کر اس پہل کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا ہے۔ سونیا وہار سے جگت پور تک کے سفر کے دوران دہلی آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاح تین سے چار گھنٹے تک تفریح کی مختلف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں وزارت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی، ترغیب اور قیادت ہی سے یہ کام مکمل ہو سکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک کی اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کے مطالعے اور تحقیق کا اقدام کیا تھا۔ پہلے دریائی کروز کے لیے یورپ اور سمندری کروز کے لیے میامی کی مثال دی جاتی تھی اور یہ تصور تھا کہ ہندوستان میں اس طرح کے منصوبے ممکن نہیں ہیں، حالانکہ ملک میں گنگا اور برہم پتر جیسی وسیع ندیاں موجود ہیں۔ ہندوستان نے دنیا کا سب سے طویل دریائی کروز مکمل کرکے عالمی معیار قائم کیا ہے، جس نے 3,200 کلومیٹر کے سفر میں 27 دریائی نظاموں کو عبور کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ یمنا میں شروع کی گئی مو یمنا سفاری محض کروز، سفاری یا کشتی کا سفر نہیں بلکہ ماں یمنا کے تئیں لوگوں کے گہرے عقیدے، محبت اور عقیدت کی علامت ہے۔ یہ دہلی کے باشندوں کے لیے ایک نیا تجربہ ہے، جس کے لیے انہیں پہلے دوسرے شہروں اور دریاؤں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سونیا وہار سے جگت پور تک یمنا سفاری سے لطف اندوز ہوں اور اپنے بچوں کو مقدس یمنا اور قدرتی ماحول سے روشناس کرائیں۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کے تعاون سے دہلی میں ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار کروڑ روپے کے منصوبے نافذ کیے گئے ہیں۔ ان کے تحت بڑے فلائی اوور تعمیر کیے گئے ہیں اور نئے ایکسپریس وے تیار کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 21 ماہ کے دوران ماحولیات کے شعبے میں بھی کام کیا ہے اور لوگوں کو ماحول کے تحفظ کے ساتھ تہوار منانے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت اور وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں دہلی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اس دوران ریاستی حکومت کے وزیر پرویش ورما نے کہا کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح یمنا ریور فرنٹ کی ترقی ہے، جو پوری ندی کی صفائی کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی حکومت نے 18 سے 19 ماہ کے دوران دہلی سے گزرنے والی یمنا کی 52 کلومیٹر تک نصف حصے کی صفائی کی ہے۔
