(پی این این)
دیوبند:جمعیۃ علماء ہند ضلع مظفر نگر کی تمام یونٹوں کے عہدیداران کی ایک خصوصی میٹنگ مسجد رحیمیہ مظفرنگر میں منعقد ہوئی۔ صدارت ضلع صدر مولانا مکرم علی قاسمی نے کی، جبکہ نظامت ضلع جنرل سکریٹری مولانا عبدالخالق قاسمی نے کی۔ میٹنگ میں اصلاح معاشرہ، آئندہ مردم شماری کے سلسلے میں عوامی بیداری اور ہندو مسلم اتحاد و سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
طے کیا گیا کہ ان مہم کو گاؤں، قصبوں اور محلوں کی سطح تک پہنچایا جائے گا اور مقامی یونٹیں اپنے اپنے علاقوں میں پروگرام منعقد کرکے لوگوں کو اس سے جوڑیں گی۔ضلع صدر مولانا مکرم علی قاسمی نے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کے لیے لوگوں کے درمیان جاکر بیداری پیدا کرنا ضروری ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کی مقامی یونٹیں علماء، سماجی کارکنان اور ذمہ دار افراد کے تعاون سے منشیات، جہیز، فضول خرچی اور ناخواندگی جیسی سماجی برائیوں کے خلاف مہم چلائیں گی۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے اور خاندانوں میں باہمی محبت و احترام کا ماحول مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی منصوبہ بندی کو مؤثر بنانے کے لیے ہر یونٹ کو اپنے علاقے کی ضروریات کے مطابق فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
ضلع نائب صدر اور ضلع میڈیا انچارج محمد آصف قریشی بڈھانوی نے مردم شماری کے موضوع پر کہا کہ اس کا عمل شروع ہونے پر عوام تک صحیح اور مستند معلومات پہنچانا ضروری ہے۔ مقامی یونٹیں مساجد میں اعلانات، میٹنگوں اور عوامی رابطے کے ذریعے لوگوں کو بیدار کریں گی اور افواہوں و گمراہ کن اطلاعات سے محتاط رہنے کی اپیل کریں گی۔ہندو مسلم اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے موضوع پر گفتگو کے دوران مولانا عبدالقئیوم قاسمی، مولانا زبیر رحمانی، مولانا سہیل اختر، حافظ شیردین، مولانا شاہنزر، مولانا اسرائیل اور حاجی عزیزالرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ضلع جنرل سکریٹری مولانا عبدالخالق قاسمی نے کہا کہ اصلاح معاشرہ، مردم شماری سے متعلق بیداری اور سماجی ہم آہنگی سے وابستہ پروگراموں کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔ ضلع تنظیم مقامی یونٹوں کے ساتھ تال میل قائم کرکے پروگراموں کی ترتیب اور ذمہ داریاں طے کرے گی۔
آخر میں مولانا زبیر رحمانی اور مولانا احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔میٹنگ میں مولانا زبیر رحمانی، مفتی نوشاد، حاجی عزیزالرحمن، محمد آصف قریشی بڈھانہ، مفتی نشاط، حاجی شرافت علی، مولانا خالد، مفتی آزاد، مولانا سنور قاسمی، مولانا مونس، مولانا عبدالقئیوم، مفتی نوید، قاری مظفراللہ، مولانا شاہنواز، مولانا شاہ عالم، حافظ شیرالدین، مولانا اسرائیل، مولانا صادق، مولانا سہیل اختر اور مولانا عبداللہ سمیت ضلع و مقامی یونٹوں کے عہدیداران موجود رہے۔
