(پی این این)
مونگیر:5 اکتوبر 2026: جامعہ رحمانی خانقاہِ مونگیر کے استاذِ حدیث و فقہ اور نائب ناظمِ تعلیمات برائے امور طلبہ جناب مولانا مفتی سیف الرحمن ندوی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے گزشتہ روز مونگیر سے روانہ ہوگئے۔ مولانا سیف الرحمن ندوی دہلی سے طیارے کے ذریعے پہلے مکہ مکرمہ پہنچیں گے، جہاں عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہوں گے اور مسجد نبوی ﷺ میں حاضری و زیارت کی سعادت حاصل کریں گے۔
مولانا کی روانگی سے قبل انہوں نے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سے ملاقات کی۔ حضرت امیر شریعت نے عمرہ کی قبولیت، سفر کی آسانی اور حرمین شریفین میں حاضری کی برکتوں کے لیے دعا فرمائی۔ حضرت نے انہیں تلقین کی کہ اس مبارک سفر میں اپنے لیے، اپنے متعلقین، جامعہ رحمانی کے اساتذہ و طلبہ اور پوری امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور اللہ تعالیٰ سے خیر و عافیت، امن و سلامتی اور امت کی سربلندی کی دعا کریں۔اس موقع پر مولانا سیف الرحمن ندوی صاحب بے حد جذباتی نظر آئے۔ اپنے ایک پریس بیانیہ میں انہوں نے کہا کہ عمرہ کے اس مبارک سفر پر روانگی محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضرت امیر شریعت کی خصوصی توجہ و دعا سے ممکن ہو پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حاضری ہر مسلمان کی دلی آرزو ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے انہیں اس سعادت کے لیے منتخب فرمایا، جس پر وہ اپنے رب کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس مبارک سفر کے دوران امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم، جامعہ رحمانی کے تمام اساتذہ و کارکنان، طلبہ، وابستگان اور یہاں کے اکابرین و بزرگانِ دین کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پوری امت مسلمہ کی خیر و عافیت، ترقی و سربلندی، ملک میں امن و امان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کریں گے۔
مولانا کو رخصت کرنے کے لیے جامعہ رحمانی کے اساتذہ اور طلبہ کا ایک وفد جمال پور ریلوے اسٹیشن پہنچا، جہاں انہیں دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
روانگی سے قبل مولانا نے بھی پوری امت مسلمہ کی ترقی و سربلندی، ملک کے امن و امان، عالم اسلام کی سلامتی اور امت کو ہر طرح کے شرور و فتن سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی دعا کی۔جامعہ رحمانی کے اساتذہ، طلبہ اور وابستگان نے مولانا سیف الرحمن ندوی کے اس مبارک سفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے حرمین شریفین میں خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
جامعہ رحمانی کے استاذ مولانا سیف الرحمن ندوی عمرہ کے لیے روانہ،امیر شریعت نے روانگی سے قبل دعاؤں سے نوازا، مولانا کو رخصت کرنے کے لیے جامعہ رحمانی کے اساتذہ و طلبہ کا ایک وفد جمال پور ریلوے اسٹیشن پہنچا
