تازہ ترین
تصوف ابنِ آدم کے ساتھ خیرسگالی کا نام ہے: پروفیسر سراج اجملیوزیر اعلیٰ نے 11 کلو میٹر طویل چھت گھاٹ کا کیاافتتاحنوئیڈا، غازی آباد میں پانچویں جماعت تک اسکول ہائبرڈ موڈ پر چلانے کے احکامات، بڑھتی آلودگی کے پیش نظر بڑا فیصلہدہلی میں 45 ویں بین الاقوامی تجارتی میلےکل سےقومی یوم تعلیم پر بیدا میں شاندار تقریب کا انعقاد، 17 نومبر سے ریاست کے تمام 38 اضلاع میں’سنکلپ سندھیا‘ کا آغاز، مفت اضافی تعلیم کی ملے گی سہولت : متھلیش تیواریملک کے عظیم قوم پرست رہنماہیں مولاناآزاد : جسٹس کاٹجو، یومِ پیدائش پر بھاگلپور میں خصوصی پروگرام کا انعقاد، ویڈیو کال کے ذریعے سابق جج مارکنڈے کاٹجو اور مولانا آزاد کی نسل سے تعلق رکھنے والی حسن آرا سلیم نے قوم کو دیا پیغام’ہزاروں سال میں ایک پیدا ہوتا ہے ڈاکٹر علامہ اقبال جیسا شاعر ‘، ’’ادارۂ ادب اسلامی‘‘ارریہ کے زیر اہتمام نثری اور شعری نشستوں کا انعقادتالاب میں ڈوب کر 2لڑکیاں ہلاک
دلی این سی آر

تصوف ابنِ آدم کے ساتھ خیرسگالی کا نام ہے: پروفیسر سراج اجملی

(پی این این)
نئی دہلی: آج شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے زیرِ اہتمام شعبے کے شمیم حنفی ہال میں دوسرے کلیم الدین احمد یادگاری خطبے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ خطبہ معروف شاعرونقاد اور صدر شعبۂ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر سراج اجملی نے ’’اردو غزل اور تصوف‘‘ کے موضوع پر ارشاد فرمایا۔
انھوں نے کہا کہ مشہور مقولہ ’’تصوف برائے شعر گفتن خوب است‘‘ دراصل تصوف کی تضحیک ہے۔ درست مقولہ یہ ہونا چاہیے کہ ’’تصوف برائے زیستن خوب است‘‘، ’’تصوف برائے خیرسگالیِ ابنِ آدم خوب است‘‘ اور ’’تصوف برائے پیغامِ انسانیت خوب است‘‘۔ مہمان خطیب نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تصوف کی بنیادی تفہیم کے لیے فصوص الحکم (ابن العربی)، کشف المحجوب (داتا گنج بخش سید علی ہجویری)، عوارف المعارف (شیخ شہاب الدین عمر سہروردی) اور فوائد الفواد (ملفوظاتِ نظام الدین اولیاء، مرتبہ امیر حسن سجزی دہلوی) سے استفادہ ناگزیر ہے۔ شعری سطح پر تصوف کے حوالے سے مثنویِ مولویِ معنوی اور مثنوی گلشنِ راز (محمود شبستری) کا مطالعہ نہایت روح افزا ہے۔
ان کے علاوہ خواجہ ناصر عندلیب کی کتاب نالۂ عندلیب، رسالۂ اربعہ اور اشرف علی تھانوی کی تصنیف کلیدِ مثنوی بھی مطالعۂ تصوف کے اہم مآخذ ہیں۔ انھوں نے اردو اور فارسی غزل کے اشعار کی روشنی میں متصوفانہ مضامین پر شرح و بسط کے ساتھ گفتگو کی۔ صدر شعبۂ پروفیسر کوثر مظہری نے مہمان خطیب کا استقبال نہال پیشی اور مومنٹو سے کیا۔ انھوں نے صدارتی کلمات میں کہا کہ تصوف کا موضوع نہایت متنازع فیہ رہاہے۔
اس راہ کی نزاکتیں نہایت پُرخطر ہیں۔ اس وادی سے سرخرو نکل آنا ہرکس و ناکس کے بس کا روگ نہیں۔ صوفی شعرا متصوفانہ کیفیات اور احوال کو شعری استعارے اور تمثیل میں جس طرح پروتے ہیں، وہاں تعبیروتشریح کی سطح پیچیدہ بھی ہوجاتی ہے اور نازک بھی۔ بعض شعرا عملی طور پر صوفیانہ طرزِ حیات اختیار کرتے ہیں، لیکن بعض شعرا ایسے بھی ہیں جو عملی کے بجائے فکری سطح پر صوفی ہیں۔
اس یادگاری خطبے کے کنوینر پروفیسر احمد محفوظ نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمان خطیب کا تعارف بھی پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر شاہنواز فیاض کی تلاوت اور اختتام ڈاکٹر محمد مقیم کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔
اس موقع پر خلیل الرحمن ایڈووکیٹ، پروفیسر مظہر احمد، پروفیسر دانش صدیقی، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر شاہ عالم، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر مخمور صدری، ڈاکٹر خان رضوان، ڈاکٹر ثاقب فریدی اور ڈاکٹر راحت افزا کے علاوہ بڑی تعداد میں ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔

متعلقہ خبریں