(پی این این)
حاجی پور:ریاستی پرائمری اسکول چک مجاہد اردو بلاک مہوا میں ہیڈ ٹیچر پرتیما کماری کی صدارت میں ہر دل عزیز معاون استاد محمد دلشیر کے تبادلے کے موقع پر ایک اعزازی و الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور ٹیچر یونین کے اراکین نے ان کی 19 سالہ خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں جذباتی انداز میں الوداع کہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ ٹیچر پرتیما کماری نے کہا کہ استاد محمد دلشیر نے مسلسل 19 سال تک اس اسکول میں اپنی خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے تدریسی امور کے ساتھ ساتھ اسکول کی ترقی اور خوب صورتی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ بچوں کو ہمیشہ شفقت کے ساتھ پڑھاتے رہے اور پوری وفاداری، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ ان کے تبادلے سے اسکول کے تمام افراد کو ان کی کمی محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد دلشیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وہیں بہار راجیہ پرارمبھک شکچھک سنگھ مہوا اکائی کے بلاک صدر جناب اشرفی داس نے کہا کہ محمد دلشیر ہمیشہ تنظیم کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے ہیں۔ بچوں کے ساتھ ان کا حسنِ سلوک، تدریسی کام کے تئیں لگن اور تنظیم کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار قابلِ تعریف رہا ہے۔
انہوں نے محمد دلشیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کامیاب اور روشن مستقبل کی دعا کی۔ علاقہ کے مشہور استاد محمد امتیاز نے کہا کہ وہ محمد دلشیر کو گزشتہ 19 سال سے دیکھتے آ رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے اسکول کی ترقی، بچوں کی تعلیم اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔ ان کا رویہ ہمیشہ تعاون پر مبنی رہا ہے۔ ان کی محنت، تعاون پر مبنی رویہ اور بچوں کے تئیں شفقت دوسرے اساتذہ کے لیے بھی باعثِ ترغیب رہے گی۔
اس موقع پر ہیڈ ٹیچر پرتیما کماری، سابق ہیڈ ماسٹر محمد احسان الحق، معاون استاد محمد انوارالحق، محمد افروز عالم، محمد پرویز، تبسم پروین، راہل کمار، محمد عاشق حسن، بہار راجیہ پرارمبھک شکچھک سنگھ مہوا اکائی کے بلاک صدر اشرفی داس، آفتاب عالم، محمد اظہار، یونین کی سکریٹری امت خاتون، شمیمہ خاتون، افسانہ خاتون سمیت اسکول کے اساتذہ اور ٹیچر یونین سے وابستہ متعدد افراد موجود تھے۔ تمام حاضرین نے محمد دلشیر کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کے تئیں احترام اور اظہارِ تشکر پیش کیا۔
استاد محمد دلشیر کے تبادلے پر الوداعی تقریب،19 سالہ خدمات کو کیا گیا یاد
