(پی این این)
گریٹر نوئیڈا،: اتر پردیش میں گریٹر نوئیڈا کے ربو پورہ تھانہ علاقہ کے گرام نگلہ پدم میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت کے معاملے میں پولیس نے متوفی مہیش کے بہنوئی، بڑی بہن اور چھوٹی بہن کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے تینوں کے خلاف متوفیہ للیتا کے بھائی کی تحریری شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا۔ معاملے میں موت کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ پانچوں لاشوں کا ڈاکٹروں کے پینل نے پوسٹ مارٹم کیا ہے اور سبھی کے وسرا محفوظ رکھے گئے ہیں۔
پولیس نے اتوار کو معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جانچ پڑتال کی۔ جائے وقوعہ پر فارنسک سائنس لیب (ایف ایس ایل) اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو بلایا گیا اور ضروری جانچ کرائی گئی۔ پنچ نامہ کی کارروائی پوری کرنے کے بعد پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھیج دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے پینل نے پوسٹ مارٹم کیا اور پوری کارروائی کی ویڈیو گرافی کرائی گئی۔ موت کی وجوہات کی تصدیق کے لیے تمام لاشوں کے وسرا محفوظ کر لیے گئے ہیں، جنہیں فارنسک سائنس لیبارٹری بھیجا جا رہا ہے۔
ہفتہ کو اطلاع ملی تھی کہ موضع نگلہ پدم میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ مہلوکین کی شناخت مہیش ولد کرشن (37)، اس کی بیوی للیتا (35)، بیٹے لڈو عرف ساکشات (11)، بیٹی مسٹی (7) اور چھوٹے بیٹے ریانش (3) کے طور پر ہوئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاندان کے تمام افراد 16 اکتوبر کی رات باہر سے گھر لوٹے تھے۔
کھانا کھانے کے بعد وہ سو گئے اور اگلے دن صبح مردہ پائے گئے۔
پولیس کو پڑوسیوں اور رشتہ داروں سے جانکاری ملی کہ مہیش اپنی ماں چندروتی کے ساتھ جس مکان میں رہتا تھا، اسے اس کی بڑی بہن سنیتا نے مبینہ طور پر ماں کو متاثر کر کے اپنے نام کرا لیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس بات کا علم ہونے کے بعد مہیش کافی پریشان رہنے لگا تھا۔ تاہم مکان سے جڑے تنازع اور پانچوں اموات کے درمیان تعلق کی تصدیق جانچ کے بعد ہی ہو سکے گی۔
پولیس کو مہیش کے موبائل فون کی جانچ کے دوران اس کی ریکارڈ کی ہوئی ایک آڈیو ریکارڈنگ ملی ہے۔ اس ریکارڈنگ میں مہیش نے اپنی بڑی بہن سنیتا، بہنوئی شیکھر اور چھوٹی بہن سپنا کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی گئی۔ فوٹیج میں کسی بیرونی شخص کے گھر میں داخل ہونے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔
متوفیہ للیتا کے بھائی کی تحریری شکایت کی بنیاد پر تھانہ ربو پورہ میں مقدمہ نمبر 223/2026، بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 108 کے تحت شیکھر عرف چندر شیکھر (50)، اس کی بیوی سنیتا (45) اور سپنا (32) کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے نامزد تینوں ملزمین کو اتوار کو گرفتار کر لیا۔ شیکھر اور سنیتا دہلی کے شالیمار گاؤں، تھانہ شالیمار باغ کے رہائشی ہیں، جبکہ سپنا دہلی کے کھیڑا کلاں علاقے کی رہنے والی ہے۔
گرفتار ملزمین سے پوچھ گچھ جاری ہے اور معاملے میں آگے کی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ فی الحال پانچوں کی موت کی اصل وجہ وسرا جانچ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر واضح ہونے کی امید ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ اور آس پاس کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال نارمل ہے۔
5 افراد کی موت کے معاملے میں بہن، بہنوئی سمیت تین گرفتار
