اتر پردیش
اے ایم یو میں آرٹ کا رنگا رنگ میلہ منعقد
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فائن آرٹس کی جانب سے ایک روزہ اوپن ایئر آرٹ نمائش اورپینٹنگ ڈسپلے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماسٹر آف ویژول آرٹس (ایم وی اے) کے فرسٹ سیمسٹر کے طلبہ و طالبات کے فن پاروں کو پیش کیا گیا۔ فائن آرٹس شعبہ کے احاطے میں منعقدہ اس نمائش میں طلبہ، اساتذہ اور آرٹ کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔
اوپن کورٹ یارڈ میں سجائی گئی اس نمائش میں اسکیچز، مکسڈ میڈیا کمپوزیشنز، تجریدی آرٹ، لینڈ اسکیپ اسٹڈیز، پورٹریٹس اور مختلف عصری سماجی و ثقافتی موضوعات پر مبنی تخلیقی پینٹنگز شامل تھیں۔ یہ نمائش نوجوان فنکاروں کے ارتقائی اسلوب، تکنیکی مہارتوں اور بصری اظہار کے نئے و تخلیقی طریقوں کی جھلک پیش کر رہی تھی۔
تقریب کا افتتاح شعبہ فائن آرٹس کے چیئرمین ڈاکٹر عابد ہادی نے کیا۔ انہوں نے طلبہ کی محنت، لگن اور ان کے تخلیقی نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے تجرباتی فنون کے ذریعے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نو آموز فنکاروں کو آرٹ کی نئی جہتوں کو تلاش کرنے کی ترغیب دی۔
فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر ٹی این ستھیسن نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔ انہوں نے فن پاروں کے معیار کو سراہا اور تخلیقی ماحول کو فروغ دینے میں شعبے کی مستقل کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں معززین نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے اپنی قیمتی رائے بھی پیش کی۔
شعبہ فائن آرٹس کے اساتذہ نے نمائش میں بھرپور شرکت کی، طلبہ کی رہنمائی کی اور ان کے فن کو سراہا۔ طلبہ نے کہا کہ اس نمائش نے ان کا حوصلہ بلند کیا اور تنقیدی آراء حاصل کرنے اور عوامی نمائش کے عملی تجربے کا موقع بھی فراہم کیا،جو ان کے مستقبل کے تخلیقی کریئر کے لیے نہایت اہم ہے۔
اتر پردیش
خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی میں مشن شکتی کے تحت شعری نشست کا انعقاد
(پی این این)
لکھنؤ:خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی میں مشن شکتی کے تحت ایک بامقصد اور فکرانگیز شعری نشست و کاویہ پاٹھ کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر اجے تنیجا کی زیرِ نگرانی ہائبرڈ ہال ابوالکلام آزاد اکیڈمک بلاک میں کیا گیا۔ اس ادبی پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کے حقوق، ان کی آزادی، خودمختاری، مساوات اور بااختیار بنانے کے پیغام کو شاعری اور نظموں کے ذریعے طلبہ تک مؤثر انداز میں پہنچانا تھا۔ اس نشست نے ادب کو سماجی بیداری کے ایک طاقتور وسیلے کے طور پر پیش کیا، جہاں اشعار اور نظموں کے ذریعے عورت کے وجود، اس کی شناخت، اس کے خواب اور اس کے حقوق کو نہایت دلنشیں انداز میں اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر شعبۂ ہندی کی استاذ ڈاکٹر آرادھنا آستھانہ نے شعری نشست اور کاویہ پاٹھ کی معنویت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاویہ پاٹھ ہندوستانی ادبی روایت کا ایک نہایت اہم حصہ ہے، جو نئی نسل کو اپنی تہذیبی جڑوں، اخلاقی اقدار اور سماجی شعور سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری میں عورت صرف حسن و محبت کی علامت نہیں بلکہ طاقت، حوصلے، مزاحمت اور خود شناسی کی علامت بھی ہے۔ ان کے مطابق زبان و ادب کے ذریعے خواتین کے وقار، خودمختاری اور سماجی بیداری کے پیغام کو زیادہ گہرائی اور اثر پذیری کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شویتا اگروال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشن شکتی محض خواتین کے تحفظ کی مہم نہیں بلکہ ان کے ذہنی، تعلیمی، تخلیقی اور قائدانہ استحکام کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری اور ادبی اظہار طالبات کو اپنی آواز بلند کرنے، اپنے تجربات بیان کرنے اور اپنی شناخت کو مضبوط بنانے کا حوصلہ دیتا ہے۔ ان کے مطابق جب عورت اپنی بات شعر اور نظم کے پیرائے میں پیش کرتی ہے تو وہ صرف احساسات کا اظہار نہیں کرتی بلکہ اپنے حق، اپنی آزادی اور اپنی خودمختاری کا اعلان بھی کرتی ہے۔
اسی سلسلے میں لیگل اسٹڈیز کے ڈاکٹر انشل پانڈے نے اپنے بیان میں کہا کہ مشن شکتی خواتین کے قانونی حقوق، سماجی تحفظ اور انصاف تک رسائی کے شعور کو فروغ دینے کی ایک مضبوط مہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری ہمیشہ سے ظلم، ناانصافی اور سماجی نابرابری کے خلاف ایک توانا آواز رہی ہے۔ ادب اور قانون کا باہمی رشتہ معاشرے میں برابری، انصاف، احترامِ نسواں اور انسانی وقار کے تصور کو مضبوط کرتا ہے۔ ان کے مطابق جب حقوق کی زبان شاعری کے آہنگ سے ملتی ہے تو اس کا اثر دل و دماغ دونوں پر دیرپا ہوتا ہے۔
شعبۂ اردو کے ڈاکٹر ظفر النقی نے کہا کہ اردو شاعری کی روایت میں عورت کے کردار کو ہمیشہ ایک خاص مقام حاصل رہا ہے۔ کلاسیکی اور جدید اردو شاعری میں عورت کبھی محبت کی علامت، کبھی صبر و استقامت کی مثال اور کبھی مزاحمت، خودداری اور بیداری کی آواز کے طور پر سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض، پروین شاکر، کشور ناہید اور فہمیدہ ریاض جیسے شعرا و شاعرات نے عورت کے احساسات، اس کے مسائل اور اس کے حقوق کو شاعری کا موضوع بنا کر سماج میں بیداری پیدا کی۔ ان کے مطابق اس طرح کی شعری نشستیں طلبہ میں زبان و ادب سے شغف پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے تئیں حساسیت، احترام اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
اتر پردیش
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بی ایس سی اور بی اے پروگراموں کے داخلہ امتحانات منعقد
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے بیچلر آف سائنس (بی ایس سی)، بی ایس سی ایگریکلچر، بیچلر آف آرٹس (بی اے) اور بی اے فارین لینگویجز کورس میں داخلے کے لیے ملک بھر کے مختلف مراکز پر داخلہ امتحانات خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کئے۔
بی ایس سی اور بی ایس سی ایگریکلچر کے لیے صبح کے سیشن میں ہونے والے امتحان میں کل 9,339 درخواست دہندگان میں سے 7,828 امیدوار شریک ہوئے۔ یہ امتحانات علی گڑھ، لکھنؤ، کولکاتا، سری نگر، پٹنہ، کوژی کوڈ، امپھال اور کھاناپارہ (گوہاٹی) سمیت مختلف مراکز پر منعقد ہوئے۔بی اے اور بی اے فارین لینگویجز پروگراموں کے لیے 6,264 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن کے داخلہ امتحانات دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد ہوئے۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے امتحانات کے پُرامن اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مراکز پر امتحانات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔ انھوں نے بتایا کہ سینئر اساتذہ کو مبصرین کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ علی گڑھ سے باہر کے مراکز پر نگراں مقرر کیے گئے تھے تاکہ بہتر تال میل کو یقینی بنایا جا سکے۔ امتحان میں شریک طلبہ اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لیے یونیورسٹی کیمپس میں اہم مقامات پر نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) کے خصوصی امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے تھے۔
اتر پردیش
اے ایم یو میں اقلیتی خواتین کیلئے انٹرپرینیورشپ ٹریننگ پروگرام کا آغاز
(پی این این)
علی گڑھ:وزارتِ اقلیتی امور کی ”پردھان منتری وراثت کا سمرودھن (پی ایم وِکاس) اسکیم“ کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں ’لیڈرشپ اینڈ بیسک انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ‘ کے عنوان سے ایک تربیتی پروگرام کا آغاز اے بی کے یونین گرلز اسکول میں کیا گیا۔ اسے خصوصی طور پر اقلیتی خواتین کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد خواتین میں کاروباری صلاحیت، قیادت اور خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے کے لئے 241 شرکاء نے اندراج کرایا ہے جن کی ٹریننگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان کی سرپرستی میں اس پروگرام کی نگرانی پروفیسر آسیہ چودھری (نوڈل آفیسر) کر رہی ہیں۔ پروفیسر آسیہ چودھری نے بتایا کہ ٹریننگ کے اگلے مرحلے کا آغاز مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور پروگرام کی رسائی بڑھانے کے لیے مزید بیچ شروع کیے جائیں گے۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار5 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
بہار11 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
محاسبہ1 year agoجالے نگر پریشد اجلاس میں ہنگامہ، 22 اراکین نے کیا بائیکاٹ
