Connect with us

دلی این سی آر

پریم چنداور کبیرکاادبی سرمایہ ہندوستانی تہذیب کابیش قیمت ورثہ: پروفیسر مظہر آصف

Published

on

جامعہ پریم چند آرکائیوزاینڈلٹریری سنٹر،جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پروفیسر صغیر افراہیم کاپریم چندیادگاری خطبہ
(پی این این)
نئی دہلی :پریم چند اور کبیرکاادبی سرمایہ ہندوستانی ادب کابیش قیمت ورثہ ہے۔یہ دونوں مایہ نازادیب ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کے علمبردار ہیں۔ان کے ادب سے میری گہری دلچسپی اور خاص شغف ہے۔ان خیالات کااظہارجامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ پریم چند آرکائیوزاینڈ لٹریری سنٹر کے زیراہتمام منعقدہ نویں پریم چند یادگاری خطبے کے موقع پراپنے صدارتی خطبے میں کیا۔انھوں نے فرمایاکہ جامعہ کے اس ادبی مرکز جامعہ پریم چند آرکائیوزاینڈ لٹریری سنٹر کومزید فعال ہونے کی ضرورت ہے۔ یہاں تواتر کے ساتھ ادبی پروگرام کاانعقاد ہوناچاہیے۔پروفیسر مظہر آصف نے پریم چندکی ادبی خدمات پر بھرپور روشنی ڈالی اور موجود ہ عہد میں اس کی اہمیت پر اساتذہ طلبہ اور ریسرچ اسکالر ز کی توجہ مبذول کرائی۔
پریم چندیادگاری خطبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے استاد سابق صدر شعبۂ اردو،ماہر پریم چندپروفیسر صغیرافراہیم نے پیش کیا۔اپنے خطبے میں پروفیسر صغیر افراہیم نے پریم چند کے فن کی امتیازی خصوصیات کو بیان کیا۔انھوں نے پریم چند کے فکشن کے موضوعات،اسلوب اورتکنیک پر روشنی ڈالی۔پروفیسر صغیر افراہیم نے پریم چند کے بیشتر ناولوں اور متعدد افسانوں کاتجزیہ پیش کرتے ہوئے فرمایاکہ پریم چند نے ہمارے فکشن کو نئے موضوعات،نئے اسالیب اور نئی فکری سمت عطا کی ہے۔ان کے ناولوں اور افسانوں کے متون پر نئے فن پارے تخلیق کیے گئے ہیں۔پریم چند نے اپنے بیانیہ کو پر اثر بنایااور دلکش مکالموں کے ذریعہ کرداروں کی ذہنی کشمکش کو پیش کیا۔انھوں نے یہ بھی فرمایاکہ پریم چند کی تمام افسانوی اور غیر افسانوی تحریریں اس کی گواہ ہیں کہ وہ تہذیب وتمدن کے ساتھ ساتھ جدید علوم وفنون خصوصاًفکشن کی ہیئت، ساخت اور فنی نکات متعارف کرانے کے خواہاں تھے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر اقتدار محمدخاں ڈین فیکلٹی آف ہیومنیٹیزاینڈلنگویجزجامعہ ملیہ اسلامیہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پریم چند کے گہر ے رشتے کاذکر کیاکہ جامعہ کی خدمات کو پریم چند نے بے حد محبت سے سراہاتھااور اس ادار ے کو ہندوستان کاعظیم سیکولر ادارہ قرار دیاتھا۔انھوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پریم چند کا افسانہ ’’کفن‘‘ پہلی بار رسالہ جامعہ میں شائع ہوا تھا۔اس جلسے کے مہمانان اعزازی پروفیسر کوثر مظہر ی صدر شعبۂ اردواور پروفیسر نیرج کمار صدرشعبۂ ہندی جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی خطاب کیا۔ان دونوں مہمانان نے پریم چند کے فن کی خوبیوں اور ان کی ادبی خدمات کامفصل ذکر کیا۔پروفیسر کوثر مظہری نے اس خواہش کااظہار کیاکہ جامعہ کے اس مرکز میں پریم چند کے تعلق سے مختلف زبانوں کی تمام کتابوں کو جمع کیاجاناچاہیے تاکہ پریم چند کے محققین اور شیدائی یہاں رجوع کر سکیں۔
اس موقع پر جامعہ پریم چندآرکائیوز اینڈلٹریری سنٹر کے ڈائرکٹرپروفیسر شہزاد انجم نے فرمایاکہ پریم چند کاجامعہ سے گہرارشتہ رہاہے۔ جامعہ کے بزرگوں نے اس ادار ے کانام پریم چند کے نام پر رکھا۔پریم چند کی تخلیقات رسالہ’’ جامعہ‘‘ میں چھپیں اور ان کے کئی ناول مکتبہ جامعہ سے شائع ہوئے۔پریم چند نے 8مارچ 1936عیسوی کو جامعہ میں’’ہندوستانی سبھا‘‘کاقیام کیا۔اس موقعے پر انہوںنے ہندی او ر اردو کے ادیبوں کو جمع کیااور ان سے یہ فرمایاکہ ہندی اور اردو کے ادیبوں کو ایک ساتھ جمع ہوناچاہیے۔ایک دوسرے کی تخلیقات اور تحریروں کو پڑھنااو ر سنناچاہیے۔اس سے آپسی رنجشیں اور کدورتیں دور ہوں گی اور ملک میںخوشگوار محبت کی فضاقائم ہوگی۔پروفیسر شہزاد انجم نے مزید فرمایاکہ اس سینٹر کی خدمات بیش بہاہیں۔اسے مزید فعال کیاجائے گااور اسے ادیبوں کاایک بڑامرکز بنایاجائے گا،جہاں تمام زبانوں کے ادیبوں،اساتذہ،ریسرچ اسکالرز اور طلبہ اور طالبات کو اظہار خیال کاموقع ملے گااور پریم چند کے خوابوں کی تعبیر کی جائے گی۔جلسے کاآغاز جامعہ کی روایت کے مطابق تلاوت کلام پاک سے ہواجسے ڈاکٹرمحمد شاہ نواز فیاض نے پیش کیا۔منشی پریم چند اورخطیب پروفیسر صغیر افراہیم کاتعارف محترمہ شردھاشنکر صاحبہ نے پیش کیاجبکہ جلسے کے آخر میں محترمہ اسگندھارائے نے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف،جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم،ڈین پروفیسر اقتدار محمد خاں،مہمانان اعزازی پروفیسر کوثر مظہری،پروفیسر نیرج کمار،جامعہ کے تمام اراکین،لائبریرین، اساتذہ،ریسرچ اسکالرز،طلبہ و طالبات اور سینٹر کے تمام ملازمین کاشکریہ اداکیا،جن کے بھر پور تعاون سے یہ جلسہ کامیاب ہوا۔اس جلسے میں خصوصی طور پر پروفیسر مشتاق احمد گنائی،ڈاکٹرمحی الدین زور (کشمیر)،پروفیسر شہپر رسول،ڈاکٹر سہیل احمد فاروقی،پروفیسر سرور الہدی،پروفیسر ممتاز احمد،ڈاکٹرمشتاق احمد تجاوری،ڈپٹی لائبریرین سفیان احمد،ڈاکٹرخالد مبشر،ڈاکٹر محمد عامر،ڈاکٹر مشیر احمد،ڈاکٹر سید تنویر حسین،ڈاکٹرمحمدمقیم،ڈاکٹر جاوید حسن،ڈاکٹر راہین شمع،ڈاکٹرمحمدآدم،ڈاکٹر ثاقب عمران،ڈاکٹر شاداب تبسم،ڈاکٹر نوشاد منظر،ڈاکٹر مخمور صدری،ڈاکٹر ثاقب فریدی،ڈاکٹر راحت افزا،ڈاکٹر خان محمد رضوان اور بڑی تعداد میںہندی،اردواور دیگر زبانوں کے ریسرچ اسکالرزاور طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔

دلی این سی آر

وزیر اعلیٰ نے شالیمار باغ میں ترقیاتی کاموں کا کیا افتتاح

Published

on

ئی دہلی:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کو شالیمار باغ اسمبلی حلقہ کے اے ڈی بلاک اور پتم پورہ کے اے پی بلاک میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میونسپل کونسلر انیتا جین سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شالیمار باغ میں شہری سہولیات کا ایک نیا انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔ مقامی آبادی کی ضروریات اور آنے والے سالوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید سڑکیں، نکاسی آب کا بہتر نظام، صاف نالوں، منظم پارکنگ، واک ویز، پبلک ٹوائلٹس اور خوبصورت پارکس بنائے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں، رہائشی خاندانوں، اداروں اور صنعتوں کو بڑی راحت دی ہے جس سے ایف زمرے کی کالونیوں میں انفراسٹرکچر چارجز (آئی ایف سی) پر 50 فیصد نیز جی اور ایچ زمرے کی کالونیوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ملے گی۔گپتا نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایف سی صرف نئے تعمیری منصوبوں یا کسی جائیداد میں اضافی تعمیر پر ہی لاگو ہوگا۔ جن ری ڈیولپمنٹ منصوبوں میں پانی کی مانگ نہیں بڑھتی ہے، ان پر آئی ایف سی نہیں لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، غیر-ایف اے آر اور کھلے و بنا ڈھکے ہوئے علاقوں کو پانی کی مانگ اور آئی ایف سی کے حساب کتاب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کا مقصد شہریوں کو راحت فراہم کرنا، بنیادی سہولیات کو مضبوط کرنا اور پانی کے انتظام، سیویج ٹریٹمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دہلی کو ایک مثالی ماڈل کے طور پر قائم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے الگ الگ زمرے کی کالونیوں اور ضرورت مند طبقات کو خصوصی راحت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای اور ایف زمرے کی کالونیوں میں آئی ایف سی پر 50 فیصد اور جی اور ایچ زمرے کی کالونیوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ملے گی۔ اس کے علاوہ، 200 مربع میٹر سے بڑے پلاٹ پر بنی 50 مربع میٹر یا اس سے چھوٹی رہائشی اکائیوں کو اضافی 50 فیصد رعایت دی جائے گی، جس سے چھوٹے خاندانوں اور متوسط طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ مذہبی مقامات اور دفعہ 12 اے بی کے تحت رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو بھی پانی اور سیور آئی ایف سی پر اضافی 50 فیصد چھوٹ دی جائے گی۔ وہیں، ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے زیرو لیکویڈ ڈسچارج نظام اپنانے والے اداروں اور کاروباری اداروں کو سیور آئی ایف سی میں 50 فیصد تک کی رعایت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ یہ رعایت صرف انہی اداروں اور کاروباری اداروں کو ملے گی، جہاں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) اور دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) کے مقررہ معیارات کے مطابق زیرو لیکویڈ ڈسچارج (زیڈ ایل ڈی) پر مبنی سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم اور پوری طرح فعال ہو۔ اگر جانچ کے دوران ایس ٹی پی بند یا کام نہ کرتا پایا گیا تو دی گئی چھوٹ واپس لے لی جائے گی اور چھوٹ کی رقم پر روزانہ 0.05 فیصد کی شرح سے جرمانہ بھی لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے انفراسٹرکچر چارج کی وجہ سے لوگوں پر اضافی معاشی بوجھ پڑ رہا تھا۔
گھر بنانے یا اپنے مکان میں نئی تعمیر کرانے پر خاندانوں کو لاکھوں روپے تک فیس دینی پڑتی تھی، جس سے انہیں کافی پریشانی ہوتی تھی۔ اسے دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے پورے نظام کا جائزہ لیا اور اسے مزید سادہ، شفاف اور عام لوگوں کے مفاد میں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی نافذ ہونے کے بعد دہلی میں گھر بنانا اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانا آسان ہوگا اور شہریوں کو لاکھوں روپے کی براہ راست راحت حاصل ہوگی۔ حکومت ترقی کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے، نہ کہ شہریوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا۔
اس موقع پر دہلی کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے بتایا کہ برسوں تک پچھلی عام آدمی پارٹی کی حکومت نے آئی ایف سی نظام کو دہلی والوں کے لیے راحت کا ذریعہ بنانے کے بجائے ہراساں کرنے کا ایک اوزار بنا دیا تھا۔ جو فیس پہلے مناسب اور عملی تھی، اسے استعمال پر مبنی حساب کتاب سے ہٹا کر پیچیدہ رقبہ پر مبنی حساب کتاب کا نظام نافذ کر کے چھ سے سات گنا تک بڑھا دیا گیا۔ گھر بنانے کی کوشش کر رہے عام خاندانوں کو 15-20 لاکھ روپے یا اس سے بھی زیادہ کا مطالبہ تھما دیا جاتا تھا۔ لوگ بلٹ-اپ ایریا، ایف اے آر، بالکونی، سیڑھیوں اور مختلف پیرامیٹرز سے جڑے الجھاؤ والے قوانین میں پھنس جاتے تھے۔ اس سے بدعنوانی، ہراسانی اور سرکاری دفاتر کے ان گنت چکر لگانے کی مجبوری پیدا ہوئی۔ شہریوں کی مدد کرنے کے بجائے پورا نظام ایسا بنا دیا گیا تھا، جو انہیں مشکلات میں دھکیلتا تھا۔ وزیرموصوف نے کہا کہ ہماری حکومت نے اب اس نظام کو پوری طرح بدل دیا ہے۔ آئی ایف سی کے عمل کو سادہ، شفاف اور منصفانہ بنایا ہے۔ 200 مربع میٹر تک کے پلاٹ پہلے کی طرح فیس سے مستثنیٰ رہیں گے اور حکام کے ذریعے غیر ضروری ناپ تول یا ہراسانی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

Continue Reading

دلی این سی آر

پرائیویٹ اسکول نئے تعلیمی سیشن میں بڑھا سکتے ہیں فیس: دہلی ہائی کورٹ

Published

on

نئی دہلی :دہلی ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں اور والدین کے معاملے میں ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے پر نجی اسکول اور غیر سرکاری امداد یافتہ تسلیم شدہ اسکول حکومتی منظوری کے بغیر فیسوں میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ جاری کیا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (DoE) کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ دہلی میں نجی اسکولوں اور غیر سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے لیے نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے پر فیسوں میں اضافے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سے پیشگی اجازت یا منظوری حاصل کرنے کی کوئی قانونی ضرورت نہیں ہے۔ایچ ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، جسٹس انوپ جیرام بھمبھانی کی بنچ نے واضح کیا کہ پیشگی اجازت صرف اس صورت میں ضروری ہے جب کوئی اسکول موجودہ تعلیمی سیشن کے وسط میں اچانک فیسوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسکول کے کھاتوں میں محض سرپلس فنڈز” رکھنے کا مطلب یہ نہیں لیا جاسکتا کہ یہ اسکول کی تعلیم کو تجارتی بنا رہا ہے۔تاہم، بنچ نے اپنی سمت میں یہ بھی واضح کیا کہ متعلقہ اسکولوں کی طرف سے DoE کو جمع کرائے گئے گوشوارے میں تجویز کردہ فیسوں میں اضافہ صرف 2027 کے تعلیمی سیشن سے ہی لاگو ہوگا۔ بنچ نے کہا کہ کسی بھی اسکول کو سابقہ تعلیمی سیشنوں سے کوئی بقایا فیس یا دیگر چارجز مانگنے یا وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بنچ نے واضح کیا کہ تعلیمی سیشن کے آغاز میں فیسوں میں اضافہ کرنے والے اسکولوں کو سیشن شروع ہونے سے پہلے مجوزہ فیسوں کا بیان ڈی او ای کو جمع کرانا ہوگا۔ تاہم، جسٹس بھمبھانی نے کہا کہ نجی، غیر امدادی، اور تسلیم شدہ اسکول مالی آزادی کا حق برقرار رکھتے ہیں۔ یہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کا کام نہیں ہے کہ وہ اسکولوں کے روزمرہ کے مالیاتی کاموں کا حکم دے یا اس کا مائیکرو مینیج کرے۔ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نجی، غیر امدادی اور تسلیم شدہ اسکولوں میں فیس کی ترتیب کے حوالے سے DoE کے ریگولیٹری اختیارات بہت محدود ہیں اور عام طور پر مداخلت کی اجازت نہیں دیتے۔ عدالت نے کہا کہ DoE یہ نتیجہ اخذ نہیں کر سکتا کہ کوئی اسکول صرف اپنے کھاتوں میں بڑی رقم کی موجودگی کی بنیاد پر تجارتی کاری (منافع خوری) میں ملوث ہے۔ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ کوئی بھی اسکول جاری تعلیمی سیشن کے دوران فیسوں میں اضافے کی تجویز پیش کرنے والے کو چاہیے کہ وہ اپنی تجویز کو اس تاریخ سے کم از کم دو ماہ قبل جمع کرائے جس پر نظرثانی شدہ فیسوں کو لاگو کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ DoE کو اس طرح کی تجاویز پر اسی دو ماہ کی مدت کے اندر فیصلہ کرنا چاہیے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں تجویز کو منظور تصور کیا جائے گا۔یہ پورا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب دہلی کے 137 پرائیویٹ اسکولوں نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی۔ ان اسکولوں نے 2016-17 اور 2022-23 کے درمیان وقتاً فوقتاً فیسوں میں اضافے کی تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (DoE) نے مسترد کر دیا۔ عدالت نے حکومتی احکامات کو “غلط فہمی پر مبنی” قرار دیتے ہوئے انہیں مکمل طور پر کالعدم قرار دے دیا۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ یہی اصول ان اسکولوں پر لاگو ہوگا جنہوں نے سیشن کے آغاز میں فیس میں اضافے کے لیے زمین کی شق (زمین کی الاٹمنٹ کی شرط) کے تحت سرکاری زمین حاصل کی ہے۔

 

Continue Reading

دلی این سی آر

دہلی میں سی این جی 1 روپیہ ہوا مہنگا، 9 دنوں میں تیسری بار قیمت میں ہوا اضافہ

Published

on

نئی دہلی :دہلی-این سی آر کے باشندوں کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ (IGL) نے سی این جی کی قیمتوں میں 1 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کیا ہے۔ اس تازہ ترین اضافے کے ساتھ، دہلی میں سی این جی کی قیمتیں 81 روپے کو عبور کرتے ہوئے تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ 10 دنوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔ دہلی میں ایک کلوگرام سی این جی کی قیمت آج سے 81.09 روپے ہے۔ پہلے، یہ 80.09 تھا۔آئی جی ایل نے پہلے 17 مئی کو سی این جی کی قیمتوں میں 1 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا تھا۔ صرف دو دن پہلے، 15 مئی کو، کمپنی نے CNG کی قیمتوں میں 2 فی کلوگرام اضافہ کیا تھا۔ مغربی ایشیا کے بحران نے قدرتی گیس کی پیداوار اور سپلائی چین دونوں میں خلل ڈالا ہے، جس کی وجہ سے گیس کی تقسیم کار کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ہفتہ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 87 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ 10 دنوں سے کم عرصے میں ایندھن کی قیمتوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔صنعت کے ذرائع کے مطابق دہلی میں پٹرول کی قیمت 87 پیسے بڑھ کر 98.64 روپے سے 99.51 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت 91 پیسے بڑھ کر 91.58 روپے سے 92.49 روپے ہوگئی ہے۔ یہ 15 مئی کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیسرا اضافہ ہے۔15 مئی کو قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد 19 مئی کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر، ایندھن کی قیمتوں میں تقریباً 5 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔دہلی-این سی آر میں پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کی روشنی میں ٹیکسی اور آٹو ڈرائیوروں نے مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کرایوں میں اضافے کی اپنی مانگ کو تیز کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی تنظیموں نے 21 سے 23 مئی تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

Continue Reading

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network