اتر پردیش
جمعیۃ علما کانپور کا ایس آئی آر کولیکر بیداری مہم چلانے کااعلان
(پی این این)
کانپور:مدرسہ عربیہ فیض العلوم، وارڈ نمبر ۳ پکھرایاں، کانپور دیہات میں جمعیت علماء کانپور دیہات کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں متعدد اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر اتفاق رائے ہوا۔صدر جمعیت علماء کانپور دیہات، مولانا عبدالماجد قاسمی (ناظم مدرسہ عربیہ مدینۃ العلوم، پکھرایاں) نے میٹنگ میں اس بات پر زور دیا کہ ضلعی سطح پر زیادہ سے زیادہ افراد کو جمعیت علماء سے جوڑنے کی مہم چلائی جائے، تاکہ تنظیم کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین و کارکنان عوام سے براہ راست ملاقاتیں کریں، اور انہیں ممبر سازی کی اہمیت سے آگاہ کرکے جمعیت کے پلیٹ فارم سے منسلک ہونے کی ترغیب دیں۔
میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا کہ خدمت خلق کا جذبہ جمعیت کے ہر رکن کے دل میں ہونا چاہئے، اور بلا تفریق مذہب و ملت، ضرورت مندوں کی مدد اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی مختلف ریاستوں میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ووٹر لسٹ کی تجدید اور ایس آئی آر (Special intensive Revision) کا سلسلہ جاری ہے۔ اتر پردیش میں بھی یہ عمل جاری ہے، جس کے تحت جمعیت علماء کانپور دیہات بیداری مہم شروع کرے گی، عوام کو ووٹر لسٹ میں اندراج کے لیے ترغیب دے گی اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی طور پر میدانی سطح پر کام کرے گی۔
میٹنگ میں صدر جمعیت مولانا عبدالماجد قاسمی کے علاوہ مولانا مبین قاسمی (جنرل سکریٹری)، قاری نعیم پکھرایاں (سرپرست)، مولانا سلیم قاسمی، مولانا خالد قاسمی، حافظ مقتدیٰ ، حافظ اسعدڈیرہ پور، حافظ زاہد اور محمد ثانی شریک ہوئے۔
اتر پردیش
اے ایم یو میں 2روزہ قومی ایجوکیشن فیسٹیول کا اہتمام
(پی این این)
علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، ملاپورم سنٹر کے شعبہ تعلیم کی جانب سے دو روزہ قومی ایجوکیشن فیسٹیول ”ایجوکیئر 2026“ کے عنوان سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد علمی تبادلہ، تخلیقی صلاحیتوں اور تدریسی جدت کو فروغ دینا تھا۔
اس پروگرام میں مختلف مقابلے، علمی مباحث اور این ای پی-2020 کے مطابق از سر نو متعین تدریسی طریقہ کارکے موضوع پر ایک قومی ورکشاپ بھی شامل تھی۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے مسلسل سیکھنے کی اہمیت اور جدید تعلیم کی تشکیل میں این ای پی 2020 کی معنویت پر روشنی ڈالی۔
یہ پروگرام ڈاکٹر عبدالباسط پی پی کی رہنمائی میں منعقد ہوا، جبکہ ڈاکٹر فیروز احمد کنوینر اور ڈاکٹر بلیسیتھا قمرالدین کے اور ڈاکٹر صدف جعفری شریک کنوینر تھے۔کوئز، بیسٹ ٹیچر اور ڈیجیٹل پوسٹر سازی مقابلوں میں طلبہ اور ٹیچر ٹرینیز نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ میں استعداد پر مبنی تعلیم، سبق کی منصوبہ بندی اور کلاس روم میں ٹکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ریسورس پرسنز میں ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن، میسور کی ڈاکٹر سجاتھا بی ہنچینالکر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈاکٹر سمیر بابو اور ڈاکٹر موسیٰ علی شامل تھے، جنہوں نے جدید تدریسی طریقوں اور تعلیمی ڈیجیٹل ٹولز پر اظہار خیال کیا۔ آخر میں پروگرام کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔
اتر پردیش
اے ایم یو کے وقار الملک ہال میں نصب شدہ بینچوں کا افتتاح
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وقارالملک ہال کے چار ہاسٹلز اور ہال کینٹین میں نصب نئی بینچوں کا افتتاح ایک تقریب میں عمل میں آیا۔ انھیں عوامی عطیہ کی مدد سے نصب کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 21 بینچوں کی تنصیب کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے کی گئی جس میں طلبہ، پرووسٹ، وارڈنز اور عملے کے اراکین کی معاونت شامل رہی ہے۔ یہ اقدام سماجی ذمہ داری کے جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر محمد اطہر انصاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے ہال کے ذمہ داران اور طلبہ کی موجودگی میں بینچوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس پہل کی ستائش کی اور مشترکہ مالی تعاون کو کمیونٹی کی ترقی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا، جو طلبہ میں اتحاد، ذمہ داری اور خدمت کے جذبہ کو مزید فروغ دے گا۔
پرووسٹ پروفیسر نوشاد علی پی ایم نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دیگر اقامتی ہالوں کے لیے ایک نمونہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ دیگر مقررین بشمول ہال عہدیداران اور طلبہ نمائندگان نے اس طرح کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے طلبہ کی شمولیت، اجتماعی فلاح اور کیمپس میں پائیدار ترقی کو فروغ ملتا ہے۔
اتر پردیش
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں3 روزہ ادبی میلےکا آغاز
(پی این این)
علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام ”لیٹریٹی 2026“ کے عنوان سے تین روزہ ادبی میلہ کا آغاز ہوا۔
افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر وبھا شرما، ممبر انچارج،دفتر رابطہ عامہ نے اپنے خطاب میں افکار، اظہار اور شناخت کی تشکیل میں ادب کی پائیدار اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طالبات کو ادبی سرگرمیوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے بامعنی مکالمے، تنقیدی سوچ اور تیزی سے ڈیجیٹل ہوتے ہوئے دور میں مادری زبان کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر وبھا شرما نے ویمنس کالج لٹریری سوسائٹی کی سابق صدر کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کئے اور طالبات کو ایسے پلیٹ فارمز کو اظہار خیال، اعتماد سازی اور فکری ترقی کے لیے استعمال کرنے کی تلقین کی۔
اس سے قبل ڈاکٹر شگفتہ نیاز (شعبہ ہندی) اور ڈاکٹر شگفتہ انجم (شعبہ انگریزی) نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ادبی سوسائٹیز کے کردار کو اجاگر کیا جو تخلیقی صلاحیتوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔پروگرام کا آغاز ویمنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ ویمنس کالج لٹریری سوسائٹی کی صدر بصرہ حسن رضوی اور نائب صدر مائشہ منال تاج نے معزز مہمانوں، اساتذہ اور طالبات کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر”لیٹریٹی 2026“ کے پوسٹر کی رونمائی کی گئی۔تقریب کے آخر میں نائب صدر مس مریم خان نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ادبی میلے کے پہلے دن ایک ڈبیٹ مقابلہ ”طلبہ کی سرگرمی اور احتجاج سیاسی امور میں ادارہ جاتی غیر جانبداری کو متاثر کرتے ہیں“ کے موضوع پر منعقد کیا گیا، جس کے جج ڈاکٹر زید مصطفیٰ علوی، ڈاکٹر یاسمین انصاری اور ڈاکٹر فوزیہ فریدی تھے۔ نظامت کے فرائض ضحیٰ اویس (پی آر ہیڈ) اور اثنا خان (گرافک ڈیزائن ہیڈ) نے انجام دئے، جبکہ ڈاکٹر صدف فرید نے مہمانوں کی گلپوشی کی۔فیسٹیول کے پہلے دز اوپن مائیک سیشن اور کھیلوں و ریفریشمنٹ پر مشتمل انٹرایکٹیو اسٹالز خاص توجہ کا مرکز رہے۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار6 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
بہار12 months agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ1 year agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر8 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
