بہار
زیرِ زمین پانی کے پائیدار اور بہتر انتظام پر ریاستی سطح کی ورکشاپ کا وزیر سنجے سنگھ کے ہاتھوں افتتاح
(پی این این )
حاجی پور: محکمۂ صحتِ عامہ انجینئرنگ حکومتِ بہار کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زیرِ زمین پانی کے انتظام کے موضوع پر منعقد ریاستی سطح کی ورکشاپ کا افتتاح وزیر سنجے کمار سنگھ نے کیا۔ یہ ورکشاپ ریاست میں محفوظ اور پائیدار پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
اپنے افتتاحی خطاب میں وزیر سنجے کمار سنگھ نے کہا کہ “ہر گھر نل کا جل” اسکیم کے تحت ریاست کے کروڑوں دیہی خاندانوں تک صاف پینے کا پانی پہنچایا گیا ہے۔ جو حکومتِ بہار کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے موسمی حالات اور غیر متوازن بارش کی وجہ سے زیرِ زمین پانی پر بڑھتا ہوا دباؤ مستقبل کے لیے ایک سنگین چیلنج بن سکتا ہے، اس لیے پانی کے تحفظ اور اس کے بہتر انتظام کو اولین ترجیح دینا ضروری ہے۔
وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین پانی کے تحفظ، سطحی پانی پر مبنی منصوبوں، بین محکمہ جاتی تال میل اور عوامی شراکت داری کو بھی فروغ دینا ہوگا، تاکہ آنے والی نسلوں کیلئے آبی وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ اس ورکشاپ میں مختلف محکموں کے سینئر افسران، انجینئرز، سائنسدانوں اور ترقیاتی شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس دوران زیرِ زمین پانی کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، آبی وسائل کے استحکام اور طویل مدتی آبی تحفظ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پروگرام کے دوران ماہرین نے تکنیکی سیشنز کے ذریعے زیرِ زمین پانی کے سائنسی اور عملی پہلوؤں پر غور و خوض کیا اور ریاست میں آبی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اس ورکشاپ کا مقصد ریاست میں موسمی حالات سے ہم آہنگ، مضبوط اور پائیدار پینے کے پانی کے انتظام کا نظام تیار کرنا ہے، تاکہ عوام کو مسلسل اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
Bihar
کانگریس نے وزیر اعظم اور وزیر تعلیم کا پتلہ کیا نذرآتش
چھپرہ :سارن ضلع کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام شہر کے میونسپل چوک پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا پتلا نذرآتش کیا گیا۔مظاہرین نے NEET پیپر لیک،مقابلہ جاتی امتحانات میں دھاندلی،بڑھتی مہنگائی،بے روزگاری اور آئینی اداروں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔اس سے قبل سارن ضلع صدر ڈاکٹر شنکر چودھری اور سونپور ضلع صدر سدھیر کمار رائے کی قیادت میں کانگریس بھون سے ایک مارچ نکالا گیا۔
مارچ کے شرکاء نعرے لگاتے ہوئے تھانہ چوک اور کلکٹریت روڈ سے ہوتے ہوئے میونسپل چوک پہنچے۔جہاں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ آج ملک کے نوجوان،طلباء، کسان،مزدور اور عام شہری کئی سنگین مسائل سے دوچار ہیں ۔NEET پیپر لیک،مختلف مسابقتی امتحانات میں جاری پیپر لیک،بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری نے لاکھوں خاندانوں کی امیدوں کو چکنا چور کر دیا ہے۔ملک کے نوجوان مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔
والدین اپنی محنت کی کمائی اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کرتے ہیں۔لیکن جب امتحانی پرچے لیک ہوتے ہیں تو لاکھوں نوجوانوں کے خواب چکنا چور ہو جاتے ہیں۔یہ صرف ایک امتحان نہیں بلکہ مستقبل اور نوجوانوں کے اعتماد کے بارے میں ہے۔سونپور ضلع صدر مسٹر رائے نے کہا کہ کھانا پکانے کی گیس،پٹرول،ڈیزل،کھانے پینے کی اشیاء اور روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔
کارکنوں نے پیپر لیکس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات،وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ، قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کی اولین ترجیح کا مطالبہ کیا۔نیشنل یوتھ کانگریس کے الیکشن انچارج نریندر شرما اور پریم چند سنگھ نے مشترکہ طور پر کہا کہ وہ نوجوانوں،طلباء،کسانوں اور مزدوروں کی آواز بن کر لڑتے رہیں گے۔موقع پر کنہیا گری،للن سنگھ،ہریش یادو،ملک یادو، عبدالقادر خان،ڈاکٹر آزاد،برجیندر سنگھ ،راہول کمار یادو،لال بابو گری،کامیشور بیتھا،فیروز اقبال،کمار وشال سنگھ،اتل کمار، سنیل کمار،جتیندر سنگھ،ارون کمار سنگھ، پروفیسر راجیندر پرساد سنگھ،وجے سنگھ،امام الحق، یوگیندر سنگھ،پرمود کمار ٹھاکر،پنکج کمار ،اماواس مانجھی،سنتوش کمار چودھری ،یاسین آزاد وغیرہ موجود تھے۔
Bihar
12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ضلعی سطح کا شاندار پروگرام، نشہ مکت کا کیا گیاعہد
بہار شریف: 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر نالندہ ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع سوگرا +2 اسکول، بہار شریف میں ضلعی سطح کے یوگا پروگرام کا شاندار انعقاد کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی ضلع کے تمام سب ڈویژنوں، بلاکوں، پنچایتوں اور گاؤں کی سطح تک وسیع پیمانے پر یوگا پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں مختلف عمر کے لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔
اس سال بین الاقوامی یوگا ڈے 2026 کا تھیم Yoga for Healthy Ageing یعنی صحت مند اور فعال بڑھاپے کے لیے یوگا مقرر کیا گیا ہے۔
اس تھیم کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات، خاص طور پر بزرگ شہریوں کو یوگا کے بارے میں بیدار کرنا اور یوگا کے ذریعے انہیں جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر صحت مند اور فعال زندگی گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔پروگرام کے دوران تربیت یافتہ یوگا اساتذہ نے مختلف یوگاسن، پرانایام اور مراقبہ کی مشقیں کرائیں۔
حاضرین کو یوگا کے سائنسی اور عملی فوائد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے بتایا کہ یوگا بھارتی ثقافت کا انمول ورثہ ہے، جو فرد کی جسمانی، ذہنی اور روحانی ترقی کا طاقتور ذریعہ ہے۔
یوگا انسانی زندگی کو صحت مند، متوازن اور مثبت بنانے کا ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ باقاعدہ یوگا کی مشق سے تناؤ، اضطراب، افسردگی اور طرزِ زندگی سے متعلق مختلف بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ یوگا جسم کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ذہن، عقل اور روح کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے فرد کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وزارت سماجی انصاف و بااختیاری، حکومتِ ہند کے زیر اہتمام نشہ مکت بھارت مہم کے تحت سماجی تحفظ کوشنگ، نالندہ نے یوگا ڈے پروگرام کے ساتھ نشہ مکت آگاہی مہم بھی چلائی۔
اس موقع پر موجود افسران، عوامی نمائندوں، معززین اور عام شہریوں کے درمیان نشے کے مضر اثرات کے متعلق وسیع آگاہی مہم چلائی گئی اور پروموشنل مواد تقسیم کیا گیا۔
پروگرام کے دوران حاضر تمام افسران اور معززین نے نشہ مکت معاشرے کی تشکیل کے لیے حلف اٹھایا۔ سب نے عہد کیا کہ وہ خود نشے سے دور رہیں گے اور اپنے خاندان و معاشرے کو بھی نشہ مکت بنانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر موجود ڈاکٹروں نے نشہ آور اشیاء کے استعمال سے ہونے والے جسمانی، ذہنی، سماجی اور معاشی مضر اثرات کی حقائق پر مبنی معلومات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ نشہ آور اشیاء کا استعمال فرد، خاندان اور معاشرے کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور اس سے کئی سنگین بیماریوں اور سماجی مسائل کو فروغ ملتا ہے۔ اس لیے ہر شہری کو نشے سے دور رہ کر صحت مند طرزِ زندگی اپنانا چاہیے۔
ضلعی انتظامیہ نے نالندہ ضلع کے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور صحت مند و تندرست زندگی کے لیے باقاعدہ یوگا کی مشق کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ تمام شہری نشہ مکت معاشرے کی تعمیر میں اپنی فعال شرکت یقینی بنائیں اور کسی بھی حالت میں نشہ آور اشیاء استعمال نہ کرنے کا عہد کریں۔
مذکورہ پروگرام میں انچارج ضلع افسر، انچارج نائب ترقیاتی کمشنر، خصوصی کام افسر ضلع خفیہ شاخ، سینئر ڈپٹی کلیکٹر، ضلع سماجی تحفظ کوشنگ افسر، ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ افسر، پروگرام افسر محکمہ تعلیم سمیت مختلف محکموں کے ضلعی سطح کے افسران، عملہ، ڈاکٹرز، یوگا ٹرینرز، طلبہ و طالبات اور بڑی تعداد میں عام شہری موجود تھے۔اِدھر صغری کالج میں بھی یوگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کہ سیکریٹری سید ذاکر حسین،پرنسپل سید غلام محی الدین،ڈاکٹر نائب علی،ڈاکٹر شما یل،انیس الزماں،کے علاوہ دیگر لوگ مو جود تھے
Bihar
70ویں BPSC میں ثاقب صدیقی کی شاندار کامیابی
گیا: بہار پبلک سروس کمیشن(بی پی ایس سی) کے 70ویں مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان کے حتمی نتائج میں گیا ضلع کے مسلم امیدواروں نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے ضلع کا وقار بلند کیا ہے۔ ریاست بھر میں مسلم برادری کے 52 امیدواروں کے انتخاب کے درمیان گیا کے متعدد نوجوانوں نے بہترین رینک حاصل کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ محنت، لگن اور درست سمت میں کی گئی کوشش کامیابی کی نئی داستان رقم کر سکتی ہے۔
ان کامیاب امیدواروں میں نیو کریم گنج کے رہائشی ثاقب صدیقی کا نام خاص طور پر زیرِ بحث ہے، جنہوں نے 332واں رینک حاصل کرکے میونسپل ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کے لیے اپنی جگہ یقینی بنائی ہے۔
ثاقب صدیقی معروف تاجر محمد زاہد صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی ابتدائی تعلیم گیا کے کرین میموریل ہائی اسکول سے ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے رحمانی-30 سے انٹرمیڈیٹ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی سے مکینیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ انجینئرنگ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے سول سروسز کی تیاری کا راستہ اختیار کیا اور دہلی کے ہمدرد اسٹڈی سرکل سے رہنمائی حاصل کی۔ مسلسل جدوجہد کے بعد تیسرے ہی امتحانی مرحلے میں انہیں بی پی ایس سی میں کامیابی نصیب ہوئی۔
ثاقب کی کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ اس وقت یو پی ایس سی کے ذریعے منتخب ہوکر حیدرآباد میں انفورسمنٹ آفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ دو مرتبہ یو پی ایس سی کا ابتدائی امتحان بھی کامیابی سے پاس کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 71ویں بی پی ایس سی کا ابتدائی امتحان بھی کامیاب کیا ہے اور جولائی میں ہونے والے مین امتحان کی تیاری میں مصروف ہیں۔ٹکاری کے باصلاحیت نوجوان راغب نوشاد نے 39واں رینک حاصل کرکے ضلع میں سب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بہترین رینک کی بنیاد پر ان کا انتخاب سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کے عہدے کے لیے ہوا ہے۔ ان کی کامیابی سے پورے ٹکاری علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کریم گنج کے رہائشی ریان حسین نے 132واں رینک حاصل کرکے انتظامی خدمات میں اپنی مضبوط موجودگی درج کرائی ہے۔ اسی طرح خضر سرائے کی ناز پروین نے 293واں رینک حاصل کرکے ضلع اور سماج کا نام روشن کیا ہے۔
ان کی کامیابی کو خواتین کی تعلیم اور بااختیار بنانے کی سمت ایک اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
-
دلی این سی آر1 year agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر1 year agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر1 year agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
بہار7 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر1 year agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار1 year agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ2 years agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
دلی این سی آر10 months agoاردو اکادمی دہلی کے تعلیمی و ثقافتی مقابلے میں کثیر تعداد میں اسکولی بچوں نےلیا حصہ
