دیوبند: تنظیم ائمہ اوقاف ہریانہ کی عمومی میٹنگ مدرسہ عزیز العلوم رشیدیہ طاہر پور کلاں ضلع یمنا نگر ہریانہ میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز مولانا محمد حسین مظاہری کی تلاوت کلامِ پاک اور قاری محمد فریاد علی کی نعت پاک سے ہوا۔میٹنگ میں گزشتہ دو سالہ کارگزاری کا جائزہ لینے کے ساتھ ائمہ کرام کے مختلف زیرِ التواء مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ خصوصاً 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ فوری جاری کرنے، گزشتہ چھ ماہ کے بقایا ایریئر کی ادائیگی اور 2024ء میں اپ گریڈ کیے گئے بعض ائمہ کرام کے زیرِ التواء انکریمنٹ کی ادائیگی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
تمام شرکائے میٹنگ کی اتفاقِ رائے سے مولانا اسران ندوی کو تنظیم ائمہ اوقاف ہریانہ کا کارگزار صدر منتخب کیا گیا۔ ائمہ کرام نے ان کے انتخاب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کو اتحاد، اخلاص اور باہمی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔آئندہ تنظیمی باڈی کی تشکیل کے سلسلے میں زون نمبر 1 یمنا نگر اور زون نمبر 2 پانی پت سے بعض ناموں کا اتفاق رائے سے انتخاب کیا گیا، جبکہ زون نمبر 3 میوات سے بھی مشاورت کے بعد نام منتخب کیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی جنرل باڈی کا اعلان کیا جائے گا۔حافظ مطلوب نے تنظیم کو دستور و آئین کے مطابق چلانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ کارگزار صدر مولانا اسران ندوی نے ائمہ کرام کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے اور نظم و ضبط کی پابندی کی تلقین کی۔
میٹنگ کا اختتام مولانا محمد اسجد قاسمی کی دعا کے ساتھ ہوا۔ میٹنگ میں مولانا احمد قاسمی، حافظ عبد القدیر، مولانا سلیم، قاری سلیمان، مولانا فرقان، قاری راغب، مولانا عبد الحلیم،قاری فریاد،حافظ عالم، حافظ مہدی حسن، حافظ عبد الستار، مولانا تصور قاسمی، مولانا اختر کرنال، قاری شمس الدین سمیت دیگر ائمہ کرام شریک ہوئے۔
تنظیم ائمہ اوقاف ہریانہ کی عمومی میٹنگ منعقد، اہم امور پر اتفاق
