دیوبند:دیوبندکے ممتاز اور نمایاں تعلیمی ادارہ’ ’اولیوودیا دی گرلز اکیڈمی‘‘قاسم پورہ روڑدیوبند میں گزشتہ روز ایک باوقار اور بااثر تعلیمی و ثقافتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس کے تحت اسکول کے تازہ ترین ’نیوز لیٹر‘ کی رسمِ رونمائی انجام دی گئی اور ساتھ ہی ایک کثیر الجہتی پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ (PTM) بھی منعقد کی گئی۔ صبح 10؍ بجے اسکول کے آڈیٹوریم میں منعقدہ اس پروقار پروگرام میں طالبات، اساتذہ اور والدین کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، جس سے پورے کیمپس میں ایک تعلیمی اور سائنسی شادابی کا ماحول قائم رہا۔تقریب میں ڈاکٹر لینا گوئل اور ڈاکٹر رفعت علی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دونوں معزز مہمانوں نے اسکول کے نئے نیوز لیٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس میں شائع شدہ طالبات کے تحقیقی و تخلیقی مضامین، سائنسی پروجیکٹس اور فنی تخلیقات کو بغور دیکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے کہا کہ ایک اچھے تعلیمی ادارہ کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ نصابی کتابوں سے آگے بڑھ کر بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارے۔ انہوں نے طالبات کی بہترین تعلیمی پیش رفت اور ان کی تخلیقی فعالیت کی شدید الفاظ میں تعریف کی اور اس کا سہرا ادارہ کی محنتی اور جفاکش معلمات کے سر باندھا۔پروگرام کے ساتھ منعقدہ پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ کے دوران سرپرستوں کو طالبات کی پچھلی کی گئی تمام تر تعلیمی سرگرمیوں اور امتحان کے نتائج کی تفصیلی بریفنگ دی ۔ والدین نے جب اپنی بچیوں کی شاندار کارکردگی، ان کی تحریری و تقریری صلاحیتوں اور ہم نصابی مقابلوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کا جائزہ لیا تو ان کے چہروں پر مسرت اور اطمینان نمایاں نظر آیا۔اس موقع پر اسکول کے تربیتی نظام اور معائر اخلاق پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ادارہ کے پرنسپل اور معلمین نے زور دیا کہ ہمارا بنیادی مقصد محض ڈگریاں تقسیم کرنا نہیں بلکہ طالبات کو جدید سائنس و تکنیک سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر اعلیٰ اخلاقی اقدار، اسلامی تہذیب، ادب و احترام اور خود اعتمادی کو فروغ دینا ہے۔میٹنگ کے دوران سرپرستوں نے ادارہ کے نظم و ضبط، بچیوں کی بہترین اخلاقی تربیت، حفاظت اور تعلیمی ماحول پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ والدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اولیوودیا اکیڈمی نے بہت ہی کم عرصے میں بچیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی اور ان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں ایک سنہری کردار ادا کیا ہے۔پروگرام کے اختتام پر اسکول انتظامیہ نے تمام معزز مہمانوں، سرپرستوں اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ باہمی تعاون، تعمیری تجاویز اور ایک خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہونے والی اس تقریب کو علاقہ کی علمی و سماجی شخصیات نے بے حد سراہا اور اسے اسکول اور والدین کے درمیان ایک مضبوط اور دیرپا رابطہ کا استعارہ قرار دیا۔
اولیوودیا گرلز اکیڈمی نیوز لیٹر کا رسم اجرا ء اور پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ کا شاندار انعقاد
