#محاسبہ

ایک درجن سے زائد ٹیوب ویلوں سے موٹر چوری

دیوبند:دیوبند میں نامعلوم چوروں نے بے خوف ہوکر ایک درجن سے زائد کسانوں کے ٹیوب ویلوں سے موٹر اور دوسرا قیمتی سامان چوری کرلیا۔ متأثرہ کسانوں نے کوتوالی پہنچ کر چوری کی وارداتوں پر قدغن لگانے ، چوروں کو گرفتار کرنے اور چوری ہوئے سامان کو برآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔

 تفصیل کے مطابق نامعلوم چوروں نے گزشتہ دنوں 16سے زائد ٹیوب ویلوں کو اپنا نشانہ بنایا اور وہاں سے بجلی کے موٹر اور دوسرے قیمتی سامان چوری کرلئے۔ موٹر چوری ہونے سے جہاں کسانوں کا بڑا نقصان ہوا ہے وہیں کھیتوں میں پانی دینے کا مسئلہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ایک تو انہیں فصلوں کی منافع بخش قیمتیں نہیں مل رہی ہیں، دوسرے ٹیوب ویلوں کی موٹر چوری ہوجانے سے ان کے لئے نئے مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

 کسانوں کا کہنا ہے کہ ایک موٹر کی قیمت کم از کم بیس ہزار روپے کے آس پاس ہے اس لئے نئی موٹر خریدنا ان کے لئے مشکل ہورہا ہے ۔ رام پور منہیاران کے تحت آنے والے گائوں بھگوان پور کے باشندے رام کمار ، کلیان سنگھ، شام سنگھ، دھرم ویر، سنجے پال، وجے پال اور دیگر کسانوں نے دیوبند کوتوالی پہنچ کر کوتوالی انچارج سنیل ناگر سے ملاقات کی اور ان کے علاقوں میں ہونے والی چوری کی واردات اور موٹر چوری ہونے سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل بتائی اور مطالبہ کیا کہ پولیس جلد از جلد نامعلوم چوروں کو گرفتار کرے۔

 اور ان کے چوری ہونے والے موٹر اور سامان کو برآمد کرائے۔ پولیس نے تحریر کی بنیاد پر معاملہ درج کرکے نامعلوم چوروں کی تلاش شر وع کردی ہے۔ کوتوالی انچارج نے یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد چوروں کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کرالیا جائے گا۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے